Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Ali Akbar Natiq
  4. Saud Usmani Ki Do Kitaben

Saud Usmani Ki Do Kitaben

سعود عثمانی کی دو کتابیں

پچھلے دِنوں لاہور گیا۔ بہت دوستوں سے ملاقات ہوئی۔ وہاں ایک تاریخ کی کتاب " الفتوح از اعثم کوفی المعروف تاریخ اعثم کوفی " ڈھونڈتا پھرا، کہیں سے نہ ملی، سوچا حضرت سعود عثمانی صاحب مشہور شاعر کے مکتبہ واقع انارکلی سے رجوع کیا جائے، مگر نہ ملی، آخر اُن کے ذاتی مطبع پر گیا، وہاں وہ مل گئے۔ علم دوست آدمی ہیں، ہمیں دیکھ کر خوش ہوئے، اِس سبب سے ہم بھی خوش ہوئے۔ ارسلان راتھور اور حامد عزیز ساتھ تھے۔ سعود عثمانی صاحب نے تاریخ اعثم کوفی سے تو معذرت کی البتہ اُن کی دو بہترین کتابیں ہاتھ آ گئیں۔

ہم گھر آئے اور اُنھیں پڑھنا شروع کیا۔ پہلی تو شاعری کی تھی " جل پری " وہ تو کچھ راستے میں ،اور کچھ اسلام آباد اپنے گھر پہنچ کر سب تمام کی۔ بھئی بات مصرعہ بنانے کی خو تو اِس شاعر میں بلا کی ہے۔ ایسی ایسی ترکیب کا پہناوہ بناتا ہے کہ بے اختیار واہ نکل جاتا ہے۔ اُن کی دو پہلی کتابیں بھی ہم پڑھ چکے ہیں۔ بھئی شاعری مولائی ورثہ ہے، اگر سعود عثمانی اور اظہار الحق صاحب کے حصے میں آئی ہے تو ہم سمجھیں گے کہ، یہ دونوں ولی کھلے ہیں اور کافر پوشیدہ ،یعنی اندر سے علی والے ہیں۔ ورنہ اتنی اچھی شاعری کسے نصیب؟ خدا شاہد ہے، سعود عثمانی کی یہ کتاب مجھے بہت بھائی۔

سعود عثمانی چونکہ ایک علمی خانوادے سے بھی تعلق رکھتے ہیں،سو مذہبی علائم جمالیات کے پہلو بہ پہلو چلتی ہین۔ اُن کے ہاں شاعری حسن ِ مجاز کا قصہ نہیں، فطرتِ کائنات کا فسانہ ہے۔ یعنی اپنے قلم کو آلودہ نہیں ہونے دیتے ،نورانی رکھتے ہیں۔ بھئی واہ!سعود بھائی، رند کے رند رہے ہاتھ سے تسبیح نہ گئی۔دوسری اُن کی کتاب سفر نامہ ہے، ملکوں ملکوں اور شہروں ،قصبوں کا۔ اُس کے لیے ایک ہی بات کہوں گا کہ اُنھیں ا، س میں روانی کا ایسا کمال حاصل ہے کہ قاری کی بریک آخری صفحے پر جا کر لگتی ہے۔

اکثر ہمارے سفرنامہ نگار صرف بیرونِ ملک کے سفر نامے لکھتے ہیں اور اپنے ملک کے شہروں اور دیہاتوں کو لفٹ نہیں کراتے۔ اور اکثر تو ایسے ہیں کہ گھر بیٹھے ہی " اندلس میں اجنبی " لکھ دیتے ہیں، مگر سعود بھائی نے یہاں بھی اپنی محبت اپنے وطن سے ایسی دکھائی کہ، ہم نے دیکھی۔ ایسا نہیں کہ اِس سفر نامے میں وہ ہندوستان یا امریکہ نہیں گئے۔ وہاں بھی گئے لیکن وہاں کے صرف کھانا کھلانے والوں پر کالم نہیں لکھے، بہت کام کی باتیں بھی لکھیں۔ علاوہ ازیں ایران بھی گئے۔ یعنی مغربی ہمسائے سے بھی تعلقات اچھے رکھے۔

الغرض یہ دونوں کتابیں مجھے بہت پسند آئیں۔ آپ بھی پڑھیے۔

Check Also

Pablo Picasso, Rangon Ka Jadugar

By Asif Masood