1.  Home
  2. Blog
  3. Ali Akbar Natiq
  4. Daire Se Bahir

Daire Se Bahir

دائرے سے باہر

یہ افسانوی مجموعہ ڈاکٹر سعید نقوی کا ہے۔ آپ کیا جانیں سعید نقوی کیا ہے، سید سعید نقوی ایک جِن کا نام ہے۔ جو ڈاکٹری کرتا ہے، ناول لکھتا ہے، فکشن اور نان فکشن کے تراجم کرتا ہے، شاعری کرتا ہے، اور سب اچھے برے ادب کو پڑھتا ہے۔ ابھی اس کی کتاب ہم ختم نہیں کرتے کہ دوسری لے آتا ہے۔

مَیں نے سعید نقوی کے کم و بیش تمام کام کو پڑھ رکھا ہے جو بلاشبہ بہت اعلیٰ پائے کا ہے۔ اور اُن کی خاص اپنی تخلیق کو زیادہ توجہ سے پڑھتا ہوں۔ ھذالکتاب یعنی "دائرے سے باہر" ایک ہفتہ پہلے میرے ہاتھ لگی، روزانہ کے دو افسانے پڑھے اور کبھی تین۔ یوں آج صبح ختم ہوئی۔ اِس میں سے کچھ افسانے تو مسودے کی حالت میں پڑھے تھے۔ وہ بھی دوبارہ پڑھ لیے۔

سعید نقوی کے بارے میں سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ اُن کی تحریر متجسس اور اتنی ریڈ ایبل ہوتی ہے کہ پوری پڑھ کے دم لیا جا سکتا ہے۔ آپ کہیں بھی بیچ میں سے چھوڑ کر آگے سے شروع نہیں کر سکتے ورنہ افسانہ سمجھ نہیں آئے گا۔ یہ افسانے بہت مناسب طوالت اور موضوعات کی گونا گونی سے بھرے ہوئے ہیں۔ کراچی اور امریکہ کی زمینیں اور سماج اِن افسانوں کی ڈور سے بندھے ہیں۔

مَیں ہر ایک افسانے کا خلاصہ تو نہیں کر سکتا کہ پھر قاری کے لیے کچھ رہ نہیں جاتا مگر یہ ضرور بتا سکتا ہوں کہ انسانوں کے ڈوئیل کردار اور دوہری نفسیات اِن کے اکثر موضوعات ہیں، کہیں ماضی کی تاریخ کے جھروکوں سے زمانہ حال کی رنگارنگیوں میں عورتوں کی ثانوی حیثیت، کہیں اولاد اور والدین کے درمیان نفسیاتی کشمکش، کہیں امریکہ یا کسی مغربی ملک میں ایشین یا مسلمانوں کی ثانوی حیثیت، کہیں کراچی کی زندگی میں بیچنے والے اور خریدار کے درمیان تہہ در تہہ رابطوں کی نفسیات، گویا ایک جہان ہے کہ اس کتاب میں آباد ہے۔

اگرچہ مَیں اپنے آپ کو بہت سیانا سمجھتا ہوں اور ٹی وی اینکروں کی طرح ہر بات کو جانتا ہوں لیکن مجھ میں اور اُن میں فرق یہ ہے کہ مجھ وافر سمجھے ہوئے انسان کو بھی ہر کتاب کچھ نہ کچھ نیا ضرور سمجھا جاتی ہے۔ چنانچہ مَیں کتابیں پڑھنے سے باز نہیں آتا۔ اِس کتاب نے پھر مجھے بہت کچھ نیا بتایا اور سکھایا ہے۔ دوستو آپ کو بھی یہ ضرور پڑھ لینی چاہیے۔ بے شک آپ بہت پڑھے لکھے ہیں مگر کسی بھی کتاب سے زیادہ پڑھے نہیں ہیں۔ اے میاں سعید نقوی اب کچھ دن اپنی نئی کتاب نہ لایو، کہ ہم اپنا ناول مکمل کر لیں، ورنہ آپ کی ہی کتابیں پڑھ پڑھ کے مزے میں پڑے رہیں گے اور اپنی نہ لکھ پائیں گے۔

اِسے سٹی بک پواینٹ نے کراچی سے چھاپا ہے اور قیمت رکھی ہے پانچ سو۔ افسانے اس میں 18 ہیں۔

Check Also

Kashmiriyon Se Bjp Kyun Darti Hai?

By Wusat Ullah Khan