Mutala: Hikmat Aur Rooh Ka Safar
مطالعہ: حکمت اور روح کا سفر
پڑھنے کا کوئی ایک ہی مخصوص طریقہ یا فارمولا نہیں، کیونکہ مطالعہ محض ایک ہنر نہیں بلکہ ذہن اور روح کے درمیان عمر بھر جاری رہنے والا مکالمہ ہے۔ پھر بھی ایک بنیادی وجہ ہے جس کی بنا پر انسان پڑھتا رہتا ہے، معلومات سے بھرے ہوئے اس جہان بے کراں میں ہم آج بھی حکمت کے متلاشی ہیں۔ حقائق تو بے شمار ہیں، مگر دانائی نایاب ہے۔ جیسا کہ سقراط (Socrates) نے اشارہ کیا تھا، حقیقی فہم اس وقت شروع ہوتی ہے جب انسان یہ جان لیتا ہے کہ وہ حقیقت میں کتنا کم جانتا ہے۔ مطالعہ اسی فہم تک پہنچنے کے معتبر ترین راستوں میں سے ایک بن جاتا ہے۔
زندگی میں بعض اوقات ہمیں ایسا استاد، رہنما یا مرشد مل جاتا ہے جو ہمارے لیے علم کے دروازے کھول دیتا ہے۔ ایک عظیم استاد عقل کو بیدار کر سکتا ہے اور تخیل کو حرکت دے سکتا ہے۔ مگر آخرکار ہر انسان کو اپنا سفر تنہا طے کرنا پڑتا ہے۔ ایسی تنہائی میں کتابیں بہترین ساتھی بن جاتی ہیں۔ مطالعے کے ذریعے ہم ان اذہان کے ساتھ خاموش گفتگو کرتے ہیں جو صدیوں، زبانوں اور تہذیبوں کے فاصلے پر موجود ہوتے ہیں۔ ایک قاری خاموش کمرے میں تنہا بیٹھا ہو سکتا ہے، لیکن اس کے گرد فلسفیوں، شعرا، انبیا اور خواب دیکھنے والوں کی آوازیں گونج رہی ہوتی ہیں۔
اسی لیے مطالعے میں ایک گہری شفابخش تاثیر موجود ہے۔ یہ ہمیں ہماری محدود ذات سے نکال کر "دوسروں" کی دنیا میں لے جاتا ہے۔ تخیلاتی ادب ہمیں مختلف روحوں میں جینے، اجنبی خوشیوں اور غموں کو محسوس کرنے اور اجنبی انسانوں کی انسانیت کو پہچاننے کا موقع دیتا ہے۔ یوں تنہائی کی شدت کم ہو جاتی ہے۔
میشیل دے مونتین (Michel de Montaigne) نے جوفرانس کے مشہور فلسفی، مضمون نگار اور مفکر تھے ایک بار لکھا تھا: "میرا وقت کبھی ہاتھ میں کتاب کے بغیر نہیں گزرا"۔ کتابیں پائیدار دوست بن جاتی ہیں کیونکہ انسانی رشتے خود نہایت نازک ہوتے ہیں۔ وقت، فاصلے، غلط فہمیاں اور دکھ اکثر تعلقات کو کمزور کر دیتے ہیں، مگر عظیم کتابوں کی رفاقت ہمیشہ ہمارے لیے موجود رہتی ہے۔
تاریخ کے بہت سے عظیم مفکرین مطالعے کو انسان کی قلبی اور روحانی زندگی کی غذا سمجھتے تھے۔ فرانسس بیکن Francis Bacon سے منسوب اک مشہور جملہ ہے کہ "مطالعہ انسان کو مکمل بناتا ہے"۔ یہ جملہ مختصر ضرور ہے مگر نہایت گہرا ہے، کیونکہ مطالعہ انسان کی ذات کو وسعت دیتا ہے۔ یہ فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو تیز کرتا ہے، جذبہ ہمدردی کو گہرا کرتا ہے اور فکر کو نکھارتا ہے۔ اسی طرح سیسرو Marcus Tullius Cicero جو قدیم روم کا ایک مشہور فلسفی، سیاست دان، وکیل اور بہترین خطیب تھا۔ اس سے منصوب ہے کہ اسنےکہا کہ "کتابوں کے بغیر کمرہ ایسا ہے جیسے روح کے بغیر جسم"۔ کتابیں ذہانت کی محض زینت نہیں بلکہ بیداری کے آلات ہیں۔
دنیا کی روحانی روایات بھی علم اور غور و فکر کی جستجو کو بے حد اہمیت دیتی ہیں۔ Bible ھدائیت کرتی ہے "حکمت سب سے اہم چیز ہے، اس لیے حکمت حاصل کرو اور Qur'an کی ابتدا ہی اس حکم سے ہوتی ہے: "پڑھو اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا"۔ یہ پہلی وحی اس حقیقت پر زور دیتی ہے کہ علم کی تلاش ایک مقدس عمل ہے۔ اسی طرح Bhagavad Gita حکمت کو ذہن کی پاکیزگی قرار دیتی ہے اور سکھاتی ہے کہ علم روح کو اسی طرح روشن کرتا ہے جیسے روشنی تاریکی کو ختم کر دیتی ہے۔ مختلف تہذیبوں اور مذاہب میں مطالعہ اور تفکر کو آسائش نہیں بلکہ انسانی ارتقا کی بنیادی ضرورت سمجھا گیا ہے۔
مطالعہ ہمیں اپنی محدود سوچ کا قیدی بننے سے بھی بچاتا ہے۔ اگر کتابیں نہ ہوں تو انسان صرف اپنے ذاتی تجربات کی تنگ حدود میں قید ہو کر رہ جاتا ہے۔ مگر ادب، فلسفے اور مقدس کتابوں کے ذریعے ہم پوری انسانیت کے جمع شدہ افکار کے وارث بن جاتے ہیں۔۔ ارجنٹینا کے مشہور ادیب، شاعر اور افسانہ نگارجارج لوئیس بورخیس Jorge Luis Borges جنہیں دنیا کے عظیم ترین ادیبوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ایک بار جنت کا تصور "ایک عظیم کتب خانے" کے طور پر کیا تھا۔ ان کا یہ تصور ظاہر کرتا ہے کہ کتابیں محض صفحات کا مجموعہ نہیں بلکہ فکر کی لا محدود دنیاؤں کے دروازے ہیں۔
لہٰذا گہرائی کے ساتھ پڑھنا صرف معلومات اکٹھی کرنا نہیں ہے۔ یہ حکمت، انکساری، تخیل اور ہمدردی کو پروان چڑھانے کا عمل ہے۔ یہ اس حقیقت کا ادراک ہے کہ تنہائی ہمیشہ خالی پن نہیں ہوتی، کیونکہ ایک اچھی کتاب صدیوں پر محیط گفتگو بن سکتی ہے۔ جب زندگی غیر یقینی محسوس ہو یا تعلقات کمزور پڑ جائیں، تو مطالعہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم سے پہلے بھی لوگ انہی ڈروخوف، اندیشوں، وسوسوں، امیدوں اور سوالوں سے گزر چکے ہیں۔ ان کے الفاظ کے ذریعے ہم خود کو کم تنہا محسوس کرتے ہیں۔
آخرکار کتابیں صرف عقل ہی کو نہیں بلکہ روح کو بھی مال مال بناتی ہیں۔ وہ ہمیں سوچنا، محسوس کرنا اور بعض اوقات برداشت کرنا سکھاتی ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ بامعنی مطالعہ انسانی زندگی کی عظیم ترین خوشیوں میں شمار ہوتا ہے: کیونکہ دوسروں کو گہرائی سے سمجھتے سمجھتے انسان آہستہ آہستہ خود کو بھی سمجھنے لگتا ہے۔

