Etemad Ka Karobar
اعتماد کا کاروبار
ہمارے ہاں سرمایہ کاری کا پہلا مشورہ اکثر کسی مالیاتی ادارے (بینک یا بروکریج کمپنی) سے نہیں، کسی قابلِ اعتماد شخص سے ملتا ہے۔ کبھی دفتر کی چائے پر، کبھی کسی شادی کی تقریب میں، کبھی مسجد سے واپسی پر اور اب زیادہ تر فیس بک اور واٹس ایپ کے کسی گروپ میں۔
بات تقریباً ہمیشہ ایک ہی جیسی ہوتی ہے۔
"میں نے اسمیں خود پیسے لگائے ہیں"۔
"ابھی تک تو بہت اچھا چل رہا ہے"۔
"میں نے سوچا، آپ کو بھی بتا دوں"۔
چند برس پہلے، میں بھی ایسی ہی ایک گفتگو کا حصہ تھا۔ بات کرنے والا میرا قریبی تھا۔ پڑھا لکھا، سنجیدہ اور تجربہ کار۔ اس نے کوئی اصرار نہیں کیا، صرف اپنی رائے دی۔ میں نے بھی زیادہ سوال نہیں کیے۔ بعد میں احساس ہوا کہ میری غلطی سرمایہ کاری میں نہیں تھی۔
غلطی سرمایہ کاری سے پہلے ہو چکی تھی۔ میں نے منصوبے کا جائزہ لینے کے بجائے، مشورہ دینے والے کا جائزہ لیا تھا۔ اس ایک واقعے نے مجھے ایک ایسی بات سکھائی جو شاید ہر سرمایہ کار کو ابتدا ہی میں سیکھ لینی چاہیے۔ ہر مخلص آدمی، ہر معاملے کا ماہر نہیں ہوتا۔
ایک شخص ایماندار ہو سکتا ہے، مگر مالی منڈیوں کی نبض درست نہ پڑھ سکے۔ وہ آپ کا خیرخواہ ہو سکتا ہے، مگر اس کی تشخیص غلط ہو سکتی ہے۔ نیت اور مہارت ایک ہی چیز نہیں ہوتیں، لیکن ہم اکثر ان دونوں کو ایک ہی سمجھ بیٹھتے ہیں۔
شاید یہی وجہ ہے کہ ہمارے معاشرے میں بہت سے مالی نقصانات کسی دھوکے باز سے نہیں، بلکہ کسی مخلص شخص کی غلط تشخیص سے شروع ہوتے ہیں۔ وہ خود بھی کسی اور کے اعتماد، کسی دوست کے مشورے، کسی سوشل میڈیا ویڈیو یا کسی پرکشش کہانی سے متاثر ہو چکا ہوتا ہے۔ یوں ایک غلط تشخیص، دوسرے آدمی کی غلط تشخیص بن جاتی ہے اور پھر تیسرے کی۔
اعتماد ایک زنجیر کی طرح آگے بڑھتا رہتا ہے۔ اسی اعتماد پر کبھی کوئی ہاؤسنگ اسکیم فروخت ہوتی ہے، کبھی کسی کمپنی کے حصص، کبھی کسی نئی ٹیکنالوجی کے نام پر سرمایہ کاری اور کبھی کسی ایسے منصوبے کی تشہیر کی جاتی ہے جس کا حقیقت سے تعلق بہت کم اور امید سے بہت زیادہ ہوتا ہے۔
فراڈ کی شکلیں بدلتی رہتی ہیں، مگر اس کی نفسیات نہیں بدلتی۔ پہلے امید بیچی جاتی ہے، پھر جلدی کا احساس پیدا کیا جاتا ہے اور آخر میں کہا جاتا ہے کہ "یہ موقع دوبارہ نہیں ملے گا"۔
یہ سب سن کر مجھے اب ہمیشہ ایک ہی سوال یاد آتا ہے۔ اگر کوئی منصوبہ واقعی اتنا ہی غیر معمولی ہے، تو کیا وہ صرف میرے شامل ہونے کا منتظر تھا؟
سرمایہ کاری کے بارے میں میرا نقطۂ نظر اب پہلے جیسا نہیں رہا۔ اب اگر کوئی مجھے کسی منصوبے کے بارے میں بتاتا ہے تو میں اس کی نیت پر نہیں، اس کی دلیل پر غور کرتا ہوں۔
میں یہ نہیں دیکھتا کہ بات کون کر رہا ہے۔ میں یہ دیکھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ بات کس بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ کیا کاروبار سمجھ میں آ رہا ہے؟ منافع کہاں سے پیدا ہوگا؟ خطرہ کیا ہے؟ اور اگر حالات توقع کے مطابق نہ رہے تو نقصان کون برداشت کرے گا؟
ان سوالوں کے جواب ہمیشہ آسان نہیں ہوتے، لیکن سوال پوچھنا ضروری ہوتا ہے۔ کیونکہ سرمایہ کاری کا پہلا اصول زیادہ منافع کمانا نہیں، بلکہ غلط فیصلوں سے بچنا ہے اور غلط فیصلوں سے بچنے کا پہلا قدم یہ ہے کہ ہم اعتماد اور تشخیص کے درمیان فرق کو پہچانیں۔
اعتماد زندگی کے ہر رشتے کی بنیاد ہو سکتا ہے۔ مگر سرمایہ کاری کی بنیاد صرف اعتماد نہیں ہو سکتی۔ وہ تحقیق، دلیل اور تشخیص بھی مانگتی ہے۔ شاید اسی لیے میں نے اب سرمایہ کاری کا ایک ذاتی اصول بنا لیا ہے:
اعتماد ضرور کیجیے، مگر تحقیق کے بعد۔

