Friday, 18 April 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Aamir Mehmood
  4. Agar Sona Pehnne Ka Shoq Hai To Kaan To Chiden Ge

Agar Sona Pehnne Ka Shoq Hai To Kaan To Chiden Ge

اگر سونا پہننے کا شوق ہے تو کان تو چھدیں گے

لاکھوں کروڑوں درود و سلام سرکار ﷺ کی ذاتِ اقدس پر۔

اگر اللہ اور اُس کے محبوب سے محبت ہوگئی ہے تو کچھ نہیں بچے گا سوائے محبت کے۔ بھلا ربِ کریم کچھ اپنے سوا رہنے دیتا ہے اُس عاشق کے پاس جس کو کہ عشق ہوگیا ہو۔

اگر محبت کا شوق ہے تو تیار ہو جاؤ امتحانوں کے لیے مصیبتوں کے لیے، یہ آسان راستہ نہیں ہے۔ اللہ تبارک و تعالی اپنے محبوب بندوں کو مصیبتیں عطا کرتے ہیں اور جو سب سے محبوب ہوں اُن کو کربلا عطا کر دی جاتی ہے۔

اللہ تبارک و تعالی کی محبت اور اُس کے حبیب حضرت محمد ﷺ کی محبت ایک ہی بات ہے۔ زمین سے صدا جاتی ہے لا الہ الا اللہ اور آسمانوں سے صدا آتی ہے محمد رسول اللہ، سبحان اللہ۔

سرکار ﷺ کے پاس ایک صحابی آئے اور فرمایا کہ سرکار میں آپ سے محبت کرتا ہوں سرکار نے فرمایا کہ سوچ لو، صحابی نے دوبارہ عرض کی کہ سرکار میں آپ سے بہت محبت کرتا ہوں، سرکار نے پھر فرمایا کہ سوچ لو صحابی نے تیسری دفعہ ارشاد فرمایا کہ سرکار مجھے آپ سے بہت ہی محبت ہے، تو سرکار ﷺ نے فرمایا پھر تیار ہو جاؤ امتحانوں کے لیے مصیبتوں کے لیے (مفہوم)۔

جہاں آپ سرکار ﷺ کی محبت ہوگی وہاں آپ کو غربت، تنگدستی، ابتلا اور مصیبتیں ضرور ملیں گی۔ محبت عشرت کدوں میں پروان نہیں چڑھتی غربت کدوں میں پروان چڑھتی ہے۔ تو آپ سرکار کی محبت میں یہ تھوڑی سی مشکل اور ابتلا بھی قبول کر لیا کریں۔ اگر آپ تاریخ پہ نظر دوڑائیں تو پتہ چلے گا کہ نبیوں، پیغمبروں، بزرگوں اور درویشوں کی زندگی غم و مصیبت میں گزری۔ اُنہوں نے اللہ تعالی کا پیغام لوگوں تک اِسی حال میں پہنچایا اور تسلیم و رضا کے پیکر رہے۔

محبت میں دنیا چھوڑ دینے کا حکم ہے، بلکہ جس کو محبت ہو جائے دنیا خود ہی چھوٹ جاتی ہے۔

حضرت واصف علی واصفؒ فرماتے ہیں کہ سوئی کے ناکے سے اونٹ تو گزر سکتا ہے لیکن دنیا کی محبت والا اللہ تعالی کی رحمت کے دائرے میں نہیں آئے گا۔

حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا فرمان ہے کہ نفس پرست عبادت کی لذت کو محسوس نہیں کر سکتا۔ نفس ہمارا دشمن ہے ہر طرح کا نفس، وجود کی لذت، روپے پیسے کی لالچ و ہوس، عالی شان گھر بنانے کی تمنّا یہ تمام نفسانی خواہشات ہیں۔ آپ تیار ہو جاؤ غربت، مصیبتوں کو گلے لگانے کے لیے، اگر اللہ اور اس کے حبیب سے محبت کا شوق ہے۔ اگر آپ دیکھیں کہ آپ غریبی میں ہیں اور دنیا کی آسائشیں آپ کے پاس نہیں ہیں تو مبارک ہو آپ تیار ہیں کہ آپ کو محبتیں عطا کی جائیں۔

دعا کیجئے اللہ کے فضل کے متلاشی ہو جائیں۔ محبت کا سفر غریبی کا سفر ہے، مشکلات کا سفر ہے، غموں کا سفر ہے، محبوب کا سب سے خوبصورت تحفہ ہی فراق ہے، وہ محب کو فرقت میں داخل کرکے ادب کے وصال میں لے جاتا ہے۔

اگر سونا پہننے کا شوق ہے تو کان تو چھیدیں گے۔

اللہ آپ کو آسانیاں عطا فرمائے اور آسانیاں تقسیم کرنے کا شرف عطا فرمائے۔

Check Also

Gofer State

By Saleem Zaman