Thursday, 28 November 2024
  1.  Home
  2. Orya Maqbool Jan
  3. Mojooda Siyasi Bhonchal (3)

Mojooda Siyasi Bhonchal (3)

موجودہ سیاسی بھونچال (3)

اسلامیان ہند کے عظیم الشان اجتماع لاہور میں 23مارچ 1940ء کی قرار داد پیش کرنے کا شرف جس مولوی ابوالقاسم فضل حق کو ملاوہ پکارتا چلا گیا کہ اس ملک کی بنیادوں میں اس کی آرزوئیں، امنگیں موجود ہیں، اس کی عمر بھر کی توانائیاں اس کے قیام کی جدوجہد کے لئے صرف ہوئی ہیں، وہ اس ملک سے علیحدگی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ لیکن اس کی آواز نقار خانے میں طوطی کی صدا ثابت ہوئی، کیونکہ اس سے منسوب کردہ جھوٹا بیان نیو یارک ٹائمز میں شائع ہوا تھا۔

پاکستان امریکہ کے عشق میں تو گرفتار تھا، اس لئے محبوب کو تو جھوٹا قرار ہی نہیں دیا جا سکتا تھا۔ آزادی کے اس سپوت اور تحریک پاکستان کے اس سپاہی کو غداری کا سرٹیفکیٹ کسی جرنیل یا فوجی آمر نے جاری نہیں کیا تھا بلکہ پاکستان میں غداری کا یہ اولین سرٹیفکیٹ امریکی سند کی بنیاد پر ایک سویلین حکومت نے جاری کیا۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں پہلی دفعہ حکومت گرانے کے پیچھے امریکی سازش کے الفاظ گونجے اور یہ الزام لگانے والا بانیان پاکستان میں سے تھا۔

امریکی سازش کی اس گونج کو فضا میں بلند ہوئے ابھی ایک ماہ بھی نہیں گزرا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایک بدنام کردار داخل ہوا۔ 29جون 1954ء کو حکومت پاکستان نے جسٹس منیر کو سپریم کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کر دیا۔ یہ شخص اپنی بددیانتی کی وجہ سے پہلے حکمرانوں کے دل میں گھر کر چکا تھا۔ جب 1953ء میں لاہور میں قادیانیوں کے خلاف تحریک شروع ہوئی تو اس کی تیزی کو دیکھتے ہوئے 6مارچ 1953ء کو لاہور میں مارشل لاء لگا دیا گیا، جو اس ملک کا پہلا مارشل لاء تھا۔ ان فسادات کی تحقیق کے لئے ایک عدالتی کمیشن بنایا گیا، جس کا سربراہ یہی جسٹس منیر تھا۔

اس کمیشن نے ایک رپورٹ مرتب کی جو 21اپریل 1954ء کو شائع ہوئی۔ اس رپورٹ کے 68سال گزرنے کے باوجود بھی سیکولر اور لبرل حضرات اسے ایک اہم دستاویز تصور کرتے ہیں۔ کیونکہ اس میں جسٹس منیر نے یہ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی، کہ قائد اعظم ایک سیکولر لبرل پاکستان بنانا چاہتے تھے۔ یہ تو کئی سالوں کے بعد سلینہ کریم نے جو برطانیہ میں پڑھتی تھی، اس نے تحقیق کر کے ثابت کیا کہ جسٹس منیر نے قائد اعظم کے رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو کے الفاظ تبدیل کر کے انہیں سیکولر نظریات کے مطابق ڈھالا تھا۔ ایسا بددیانت شخص جب پاکستان کے چیف جسٹس کی کرسی پر بیٹھا، تو پھر وہی کچھ ہوا جس نے پاکستان کی تاریخ میں ایک سیاہ باب کا اضافہ کر دیا۔

گورنر جنرل غلام محمد نے جس کابینہ کو انگریز کے بنائے گئے انڈیا ایکٹ کے تحت حاصل شدہ اختیارات کے تحت برطرف کر دیا تھا، تو اس شخص نے 10مئی 1955ء کو اس اقدام کو جائز قرار دیا اور غلام محمد نے جو دستور سازی اسمبلی توڑی تھی، اس کو بھی کالعدم ہی رہنے دیا گیا۔ اس فیصلے کے 18دن بعد قائد اعظم کی مسلم لیگ کی دستور ساز اسمبلی کی جگہ غلام محمد نے ایک نئی اسمبلی بنانے کا اعلان کیا، جس کے اراکین کو صوبائی اسمبلی کے ممبران نے منتخب کیا۔

یہ دستور ساز اسمبلی 80اراکین پر مشتمل تھی جسے عوام نے براہ راست ووٹ سے منتخب نہیں کیا تھا۔ ہر صوبے نے اپنے کوٹے کے مطابق اراکین کو اسمبلی میں بھیجا۔ یہاں پہلی دفعہ مشرقی اور مغربی پاکستان کے درمیان برابری (Parity)کا اصول اپنایا گیا۔ چالیس اراکین مغربی پاکستان اور چالیس ہی مشرقی پاکستان سے لئے گئے۔ حالانکہ مشرقی پاکستان کی آبادی مغربی پاکستان سے زیادہ تھی۔

7جولائی 1955ء کو اس دستور ساز اسمبلی کا اجلاس پرفضا مقام مری میں منعقد ہوا۔ چند سال پہلے والی اسمبلی جس میں مسلم لیگ کو اکثریت حاصل تھی اب اس پارٹی کا وجود گھٹا کر ایسا کر دیا گیا کہ وہ کسی دوسری پارٹی کی شراکت کے بغیر حکومت نہیں بنا سکتی تھی۔ قائد اعظم کی مسلم لیگ سے علیحدہ ہو کر عوامی لیگ بنانے والے حسین شہید سہروردی کے اراکین چونکہ مشرقی پاکستان سے آنے والے اراکین کی اکثریت رکھتے تھے۔

اس لئے ان سے اتحاد کیا گیا اور معاہدے کے تحت انہیں وزیر اعظم بنانے کا بھی اعلان ہو گیا۔ لیکن جب حکومت سازی کا وقت آیا تو مشہور بیورو کریٹ اور پاکستان کے پہلے کیبنٹ سیکرٹری چودھری محمد علی کو وزیر اعظم بنا دیا گیا۔ جن طاقتوں نے غلام محمد سے جو کام لینا تھا، وہ اب پورا ہو چکا تھا اور ان کے نزدیک اب اس کی کوئی اہمیت نہیں رہ گئی تھی۔ حیرت کی بات یہ ہے اس نے یہ تمام کام ایک فالج زدہ شخص کی حیثیت سے کیا تھا۔ اگست 1955ء میں ملک غلام محمد کی طبی رپورٹ کابینہ میں پیش ہوئی اور بتایا گیا کہ وہ اب ذمہ داریاں نبھانے کے قابل نہیں ہے۔

یوں 7اگست 1955ء کو ایک اور بیورو کریٹ سکندر مرزا کو جو فوج سے سول سروس میں آیا تھا، اسے ملک کا گورنر جنرل بنا دیا گیا۔ ملک غلام محمد اس بیماری میں بھی استعفے دینے پر راضی نہ تھا۔ اس لئے اسکندر مرزا کے منصب کے ساتھ قائمقام لکھا جانے لگا۔ 19ستمبر 1955ء کو کیبنٹ سیکرٹری نے اس کے کانپتے ہاتھوں سے کیے گئے دستخطوں والا ایک استعفیٰ پیش کیا۔

ریڈیو پاکستان سے حکومت کی جانب سے اسے خراج تحسین پیش کیا گیا، اس کی خدمات کو سراہا گیا اور اب ملک کی سربراہی سکندر مرزا کے ہاتھ میں آ گئی۔ ملک پر اب دو ایسے لوگوں کا راج مسلط ہوا جو امریکی آشیر باد سے یہاں تک پہنچے تھے، سول بیورو کریسی کی سربراہی سکندر مرزا کے پاس تھی اور ملٹری بیورو کریسی جنرل ایوب خان کی آنکھوں کے اشاروں پر چلتی تھی طویل عرصے سے ان لوگوں کے دلوں میں ایک خواہش مچلتی تھی کہ مغربی حصے کے تمام صوبوں کو یکجا کر کے ون یونٹ بنا دیا جائے۔

امریکہ سے بھیجے گئے وزیر اعظم محمد علی بوگرہ نے دسمبر 1954ء کو اس کی ایک انتظامی کونسل بھی بنا دی تھی، جس کا سربراہ مشتاق گورمانی کو لگایا گیا۔ لیکن معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔ نئی دستور ساز اسمبلی وجود میں آئی تو اس میں ایک ایسا شخص سامنے آیا جو خان عبدالغفار خان جسے سرحدی گاندھی کہتے تھے، اس کا بھائی عبدالجبار خان جو ڈاکٹر خان صاحب کے نام سے پکارا جاتا تھا۔ اسکندر مرزا، جنرل ایوب اور ڈاکٹر خان صاحب نے ون یونٹ بنانے کا بیڑا اٹھایا اور سب سے پہلے سرحد اسمبلی، پھر پنجاب اسمبلی اور بلوچستان شاہی جرگے سے اس کی حمایت میں قرار داد منظور کروائی گئی۔

سندھ کے وزیر اعلیٰ عبدالستار پیرزادہ نے انکار کیا تو اس کی جگہ ایوب کھوڑو کو لگایا گیا، قرار داد منظور ہوئی تو 19اکبوتر کو مغربی پاکستان کے صوبے کا اعلان ہوا۔ جس کے پہلے گورنر مشتاق گورمانی اور پہلے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر خان صاحب تھے۔ اس پر سردار عبدالرب نشتر نے یہ شعر پڑھا تھا:

نیرنگی، سیاست دوراں تو دیکھیے

منزل انہیں ملی جو شریکِ سفر نہ تھے

(جاری)

About Orya Maqbool Jan

Orya Maqbool Jan is a columnist, writer, poet and civil servant from Pakistan. He has written many urdu columns for various urdu-language newspapers in Pakistan. He has also served as director general to Sustainable Development of the Walled City Project in Lahore and as executive director ECO, Cultural Institute, Tehran and information secretary to the government of the Punjab.

Check Also

Elon Musk Ka Vision

By Muhammad Saqib