Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Orya Maqbool Jan
  3. Badshah Se Badshahon Wala Salook

Badshah Se Badshahon Wala Salook

بادشاہ سے بادشاہوں والا سلوک

مسلم لیگ (نواز) کے دائمی سربراہ میاں محمد نواز شریف کے والدین اگر واہگہ سے پار واقع گائوں جاتی امرا، سے تلاشِ رزق کے لئے لاہور آنے کی بجائے، فرغانہ کی بستی، غور کی سلطنت یا غزنی کی گلیوں سے گھوڑوں کی پیٹھوں پر سوار ہو کر برصغیر پاک و ہند پر دندناتے ہوئے آئے ہوتے، تو یہ فقرہ ان کے "مذاقِ عالی" اور "مقامِ ہیبت" پر زیب دیتا کہ "ہم نے اس شخص کو معاف کر دیا جس نے ہمیں تخت و تاج سے محروم کیا تھا"۔

یہ ملک ایک تماشہ گاہ ہے، جس میں کوئی بھی کردار، کسی بھی وقت سٹیج پر چڑھ آتا ہے اور اپنی مرضی کے مکالمے بولنے لگتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اس سٹیج کے سامنے بیٹھے ہوئے عوام میں ایسے لاتعداد گروہ ہر وقت موجود رہتے ہیں جو ہر قسم کے بے سروپا ڈائیلاگ پر بھی تالیاں بجاتے ہیں اور جوش میں اُچھلتے ہیں۔ اس ملک میں گذشتہ پچھتر سال سے یہی چلتا چلا آ رہا ہے۔

یہ ملک ایک مفتوحہ علاقہ ہے جس پر "کمپنی بہادر" کے پروردہ ان چند سو خاندانوں کی حکومت ہے جسے کمپنی بہادر، ایک بڑے خاندان کی صورت چھوڑ گیا، جس میں سیاسی اشرافیہ اور سول و ملٹری بیوروکریسی شامل ہے، بالکل ویسے ہی جیسے شہاب الدین غوری واپس لوٹتے ہوئے، ہندوستان کا تخت اپنے زرخرید غلام قطب الدین ایبک کے حوالے کر گیا تھا۔

ہر آنیوالے حکمرانوں کو خوش آمدید کہنے والا یہ خطہ آزادی کے بعد بھی ہر نئی تبدیلی پر اپنے آبائو اجداد کی روایت پر قائم رہا۔ اقتدار سے محروم ہونیوالے ہر حکمران سے تعلق توڑا گیا ہے اور نئے آنیوالے کو آگے بڑھ کر خوش آمدید کہا گیا۔ دس اپریل 2022ء کو اس نے اپنی روایت بدلی ہے۔

جلا وطنی میں سر میں تاجِ کجکلاہی کا سودا سمائے اور تصوراتی "لباسِ فاخرہ" زیب تن کئے نواز شریف نے بالآخر پرویز مشرف کو معاف کر دیا اور تاریخ میں اس فقرے کی گونج زندہ کر دی جو پورس اور سکندر کی گفتگو کے دوران بولا گیا تھا "کہ میں تم سے اسی سلوک کی توقع کرتا ہوں جو بادشاہ بادشاہوں سے کرتے ہیں"۔ اور یوں فاتح سکندر نے مفتوح پورس کو نہ صرف معاف کر دیا بلکہ اس کا علاقہ بھی اسے واپس کر دیا۔ شکست سے پورس کا سافٹ ویئر ایسا تبدیل ہوا کہ "رجیم چینج" کی ضرورت ہی نہ پڑی۔

سکندر جانتا تھا کہ پورس کی کوئی حیثیت نہیں ہے اگر اس کی پشت پر پچاس ہزار پیادے، چار ہزار گھڑ سوار اور ایک ہزار ہاتھی نہ ہوتے۔ سپاہ نے پورس کے نعرۂ مستانہ پر لڑنے کا ارادہ تو کر لیا لیکن سکندر اس سے پہلے ایک تجربے سے گزر چکا تھا کہ سپاہ تو سربراہ کے اشاروں پر رقص کرتی ہے، سربراہ کا حوصلہ پست کرو، ملک تمہارا۔ سربراہ بدلنے کی بھی ضرورت نہیں۔

سکندر اس لڑائی سے پہلے ٹیکسلا کے حکمران راجہ "امبھی" کا "حسنِ سلوک" دیکھ آیا تھا، جس نے سکندر کی افواج کو اٹک کے پار پڑائو کرتے دیکھا تو بذاتِ خود 26 کلو گرام وزن والے چاندی کے 200 سکّے جنہیں ٹیلنٹ (Talents) کہا جاتا تھا، تین ہزار موٹے تازے بیل، 30 ہاتھی اور سات سو گھڑ سوار لے کر وہاں پہنچا۔ سکندر نے قافلے کو دیکھا تو اپنی افواج کو مقابلے کے لئے کہا، لیکن اس کی توقعات کے برعکس راجہ امبھی نے کمال "خود سپردگی" سے ہوا کا رُخ بدل دیا۔

راجہ امبھی نے سب کچھ سکندر کو پیش کیا اور اس کی فتوحات کے راستے سے بالکل بے تعلق (Neutral) ہونے کا اعلان کر دیا۔ سکندر نے شاہانہ مسکراہٹ کے ساتھ امبھی کو اس کی فوج اور سکّے واپس کر دیئے۔ لیکن عسکری ضرورت کے لئے اسے پورس کے پڑوسی راجہ امبھی کی ضرورت تھی تاکہ پورس کو تخت سے اتارنے (Regime Change) کی کارروائی باآسانی مکمل کر سکے۔ اسی لئے اس نے راجہ امبھی کو عسکری طور پر مزید طاقتور بنانے کے لئے اسے 30 ایرانی گھوڑے اور ایک ہزار 26 کلو گرام والے چاندی کے "ٹیلنٹ" عطا کئے اور اسے سونے کی تاروں والا ایرانی چغہ پہنانے کے ساتھ سونے اور چاندی کے زیورات سے بھی لاد دیا۔

سکندر نے اپنی فوج میں انجینئرنگ کے ماہرین ہیپائزیشن (Hephaestion) اور پیراڈکس (Peridiccas) کو دریائے سندھ پر پل بنانے کا کام سونپا۔ راجہ امبھی نے تمام مادی وسائل (Logistic Support) اور مزدور فراہم کئے۔ برصغیر پر بیرونی حملہ آوروں کا راستہ ہموار کرنے والا یہ پہلا پل تھا جو یہاں کے رہنے والوں نے خود تعمیر کیا۔ سکندر جب اپنی افواج کے ہمراہ دریائے سندھ عبور کر کے آگے بڑھا، تو راجہ امبھی نے اپنی افواج کے ہمراہ اس کا ٹیکسلا شہر کے دروازے پر استقبال کیا۔

یونانی تاریخ دان سیلوکس (Siculus) اور پلوٹارک (Plutarch) نے اسے بیباک مہمان نوازی "Libral Hospitality" سے تعبیر کیا ہے۔ تاریخی تفصیلات پڑھتے ہوئے سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ کچھ دن اس عیش و عشرت میں گزارنے کے بعد سکندر اپنی فوج کے ساتھ راجہ پورس کی حکمرانی کو تبدیل کرنے کے لئے روانہ ہو گیا۔ لیکن پورس کی شکست کے بعد "رجیم چینج" کی قطعاً ضرورت ہی محسوس نہ ہوئی۔

بادشاہ نے بادشاہ کو معاف کر دیا اور تخت پر بھی بٹھا دیا۔ پورس حکمران تو بن گیا لیکن اس کا نام عوامی لغت سے خارج ہو گیا۔ آج اس برصغیر میں آپ کو فاتح سکندر کے نام پر لاکھوں بچے نوجوان اور بوڑھے مل جائیں گے، لیکن خلیج بنگال سے لے کر خنجراب تک پورے خطے میں کوئی پورس نام کا ایک شخص بھی نہیں مل سکے گا۔

326 قبل مسیح میں یہاں آباد نسلوں کے وارث آج بھی نہیں بدلے۔ کوئی راجہ امبھی کی طرح فاتحین کو تمام خدمات پیش کر دیتا ہے تو کوئی پورس کی طرح ایک رات لڑنے کے بعد دھرتی کے محافظ کی طرح سینہ تان کر موت نہیں مانگتا، بلکہ بادشاہوں والا سلوک مانگ کر کھوئی ہوئی سلطنت واپس لے لیتا ہے۔ بادشاہ تخت کی لڑائی میں نوازتے بھی ہیں، قتل بھی کرتے ہیں اور معاف بھی کرتے ہیں۔ کیا پرویز مشرف صرف نواز شریف کا مجرم تھا۔ کیا وہ صرف اس جمہوریت کا مجرم تھا۔

مشرف کو آئین توڑنے کے جرم میں موت کی سزا سنائی گئی۔ جمہوریت پرستوں کا کلیجہ ٹھنڈا ہو گیا۔ مشرف جن کے بل بوتے پر برسراقتدار آیا تھا انہوں نے خود اسے جلاوطنی کا راستہ بھی دکھایا اور اب واپسی کی تمنا بھی رکھتے ہیں۔ جو ایوانِ اقتدار سے دو دفعہ رُسوائی سے نکالے گئے تھے، انہیں ٹھیک دو دفعہ عزت و احترام سے خلعت شاہی عطا کی گئی۔ بادشاہ، بادشاہوں سے بادشاہوں والا سلوک ہی کیا کرتے ہیں۔ مرنے کیلئے عوام ہیں جنہیں "پورس" کے ہاتھ کچل دیتے ہیں۔

کاش یہ اُمت زندہ ہوتی تو کہتی مشرف کسی شخص، ملک یا جمہوریت کا نہیں اُمتِ مسلمہ کا ملزم ہے۔ اس پر یہ فردِ جرم عائد ہوتی کہ تم نے ایک کلمہ گو مسلمان ہوتے ہوئے، کیسے اپنے زیرِانتظام تین ہوائی اڈوں سے امریکی جہازوں کو اُڑنے کی اجازت دی کہ وہ پڑوس میں مسلمانوں کی ہنستی بستی آبادیوں پر بم برسائیں اور مسلمانوں کا قتلِ عام کریں۔

اس پر یہ فردِ جرم عاید ہوتی کہ تمہیں سیدالانبیاء ﷺ کا وہ فرمان یاد نہیں تھا کہ قیامت کے دن اللہ کا غضب اس شخص کے لئے بے پناہ ہو گا جو کسی آزاد مسلمان کو قید کرے اور آگے بیچ دے۔ تم نے چار سو سے زیادہ مسلمانوں کو پیسے لے کر آگے بیچا اور پھر اس پر اتراتے بھی رہے۔ اس کی فردِ جرم میں اسلام کے اس بنیادی اُصول اور رسول اللہ ﷺ کی ہدایات کی خلاف ورزی بھی شامل ہوتی کہ سفارت کار تمہاری پناہ میں ہوتے ہیں، لیکن تم نے ایک مسلمان سفارت کار ملا عبدالسلام ضعیف کو کس تحقیر اور ذلت کے ساتھ غیر مسلموں کے حوالے کر دیا۔

مشرف اور ہم سب نے جلد ایک ایسے دربار میں پیش ہونا ہے جہاں فردِ جرم لکھی جا چکی ہے اور وہاں گواہوں کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔ زبان خاموش ہو گی اور جسم کے اعضاء خود گواہی دیں گے۔

About Orya Maqbool Jan

Orya Maqbool Jan is a columnist, writer, poet and civil servant from Pakistan. He has written many urdu columns for various urdu-language newspapers in Pakistan. He has also served as director general to Sustainable Development of the Walled City Project in Lahore and as executive director ECO, Cultural Institute, Tehran and information secretary to the government of the Punjab.

Check Also

Sultan Tipu Shaheed Se Allama Iqbal Ki Aqeedat (1)

By Rao Manzar Hayat