Friday, 10 January 2025
  1.  Home
  2. Irshad Ahmad Arif
  3. Bhutto, Siyasat Aur Drama

Bhutto, Siyasat Aur Drama

بھٹو…سیاست اور ڈرامہ

براڈ کاسٹر طارق عزیز کی کتاب "داستان" میں بھٹو صاحب کی شعبدہ بازی کے دو واقعات درج ہیں، سیاستدان کیا ہیں اور عوام انہیں کیا سمجھتے ہیں؟ یہ واقعات سیاستدانوں کی چالاکی اور عوام کی سادہ لوحی کے مظہر ہیں، باقی سیاستدان بھی ڈرامہ بازی کرتے ہیں مگر بھٹو صاحب کا ثانی اب تک سامنے نہیں آیا، پڑھئے اور سر دھنیے، لکھتے ہیں "ایک فرانسیسی ہفتہ روزہ "پوائنٹ ڈی ویو" کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے اپنے اور اپنے خاندان کے بارے میں انکشافات کئے ہیں۔ لطف کی بات یہ ہے کہ فرانسیسی ہفت روزہ نے بڑی بڑی سرخیوں اور تصویروں کے ساتھ جن باتوں کو انکشافات سمجھ کر چھاپا ہو گا۔ پاکستان کا بچہ بچہ ان کہانیوں اور ان میں سچائی کے تناسب کو بہت پہلے جانتا ہے۔

محترمہ نے اور بہت سی باتوں کے علاوہ یہ بھی انکشاف کیا کہ ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے لئے جب ان کی عمر صرف تیرہ برس کی تھی تو بھٹو صاحب نے ان سے ڈرامہ کیا۔ جس سے وہ دہشت زدہ ہو گئیں۔ پھر اچانک بھٹو صاحب مسکراتے ہوئے سامنے سے آ گئے تو ان کے اوسان بحال ہوئے اور محترمہ نے اسی وقت یہ فیصلہ کر لیا کہ آئندہ وہ دہشت کی زندگی نہیں گزاریں گی۔

جو لوگ بھٹو صاحب کو جانتے ہیں وہ میری اس بات پر بے روک گواہی دیں گے کہ بھٹو صاحب کی ساری زندگی میں ڈرامے اور اداکاری کو خاص اہمیت حاصل رہی۔ میں نے پیپلز پارٹی کی جدوجہد کے دنوں میں بھٹو صاحب کے ساتھ کم و بیش پانچ چھ برس کام کیا۔ میں چونکہ روایتی سیاست دان تھا نہ کوئی روایتی وڈیرا۔ اس لئے میرے اور بھٹو صاحب کے درمیان تعلقات کی نوعیت ذرا مختلف تھی اور ہم کبھی کبھی ایک دوسرے سے شستہ مذاق بھی کر لیتے تھے۔

آج محترمہ بے نظیر بھٹو کا بیان پڑھ کرجدوجہد کے دنوں کا ایک واقعہ یاد آ گیا کہ بھٹو صاحب اپنے ساتھیوں کے ساتھ تو ڈرامہ کرتے ہی تھے لیکن سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے وہ اپنی اولاد سے بھی ڈرامہ بازی کر جاتے تھے۔ اس وقت یادوں کی گٹھڑی سامنے کھلی پڑی ہے آئیے اس واقعہ کے لطف میں آپ بھی شامل ہو جائیں۔ یہ جدوجہد کے دن تھے خیبر سے کیماڑی تک پاکستان پیپلز پارٹی کا ترنگا بڑی آب و تاب کے ساتھ لہرا رہا تھا۔ روٹی، کپڑا اور مکان کے نعروں سے پورا ملک گونج رہا تھا، لرز رہا تھا اور مخلوق خدا کے حلقوم سے ایک ہی صدا نکل رہی تھی۔"جئے بھٹو۔ صدا جئے"

انہی دنوں کراچی میں ایک بہت بڑا جلسہ ہو رہا تھا۔ بہت بڑا اسٹیج بنایا گیا تھا، جس پر پارٹی کے تمام عہدیدار اور سینئر لوگ بیٹھے تھے۔ میں اور معراج محمد خان بھی اس جلسے میں موجود تھے۔ میری اور معراج محمد خان کی تقریر کے بعد آخری مقرر بھٹو صاحب تھے۔ جن لوگوں نے ان دنوں بھٹو صاحب کے جلسے دیکھے اور سنے ہوں، ان کو بھٹو صاحب کا سارا بانکپن اور اسٹائل یاد ہو گا وہ لوگوں کی نفسیات کے بہت ماہر تھے اور لوگوں کو خوش کرنے کی دھن میں کبھی کبھی حد سے بھی گزر جاتے تھے۔ اس دن ہماری تقریروں کے بعد جب حسب معمول بھٹو صاحب تقریر کے لئے کھڑے ہوئے تو لوگوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ بھٹو صاحب نے عوامی سوٹ شلوار قمیص پہنا ہوا تھا اور اٹھنے سے پہلے انہوں نے اپنے ایک کف کا بٹن بھی کھول لیا تھا۔ بھٹو صاحب نے ہاتھ ہلا ہلا کر لوگوں کی محبتوں کا جواب دیا۔ پھر انہوں نے اپنے روایتی انداز میں تقریر شروع کی۔ کچھ دیر کے بعد انہوں نے ایک دو مقرروں کے نام لے کر ان کے خیالات سے اختلاف بھی کیا اور کہا کہ یہ لوگ صحیح صورت حال سے واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے میرا نام لے کر بھی میری تقریر کے کچھ ایسے حصوں کے بخیے ادھیڑے جو کچھ میں نے ہارون فیملی کے بارے میں کہا تھا حالانکہ تقریر سے پہلے بھٹو صاحب نے خود مجھے وہ پوائنٹ بتائے تھے اور تاکید کی تھی کہ میں اپنی تقریر میں اس کا ذکر ضرور کروں۔ پھر جب بھٹو صاحب نے میرا نام لے کر میرے انہی پوائنٹس کی نفی کی تو میں حیران رہ گیا کہ"یا الٰہی یہ ماجرا کیا ہے"

ابھی میں سوچ ہی رہا تھا کہ یہ سب کیا ہے کہ اچانک بھٹو نے اسٹیج پر بیٹھے ہوئے اپنے بیٹے شاہ نواز سے مخاطب ہو کر کہا۔ شاہ نواز، تم یہاں کیوں بیٹھے ہو۔ ، تمہیں یہاں بیٹھنے کی اجازت کس نے دی ہے۔ یہاں صرف پارٹی کے رہنما بیٹھیں گے، جنہوں نے عوام کی خدمت کی ہے تم یہاں سے اٹھو اور نیچے عوام کے ساتھ جا کر زمین پر بیٹھو، تم میرے بیٹے ہو تو گھر میں ہو۔ یہ سب میرے بیٹے ہیں، تمہیں ان کے ساتھ بیٹھنا ہے، چلو اترو اسٹیج سے اور میرے ان لاکھوں بیٹوں کے ساتھ بیٹھو تاکہ تمہیں ان کے دکھ درد کا احساس ہو۔ شاہ نواز بے چارہ حیران پریشان بلندی پر بنے ہوئے اسٹیج سے اٹھا اور سیڑھیاں اتر کر سامنے دری پر لوگوں کے ساتھ بیٹھ گیا۔ بھٹو صاحب کی اس ادا پر پوچھئے نہیں کہ لوگوں کے جوش و خروش کا کیا حال ہوا۔ کم و بیش پانچ سات منٹ تک فضا جئے بھٹو کے نعروں سے گونجتی رہی۔ پھر بھٹو صاحب نے غیر ملکی نامہ نگاروں اور ٹیلی ویژن کے لئے کوریج کرنے والی ٹیموں کی طرف منہ کر کے دو چار منٹ انگریزی میں تقریر کی جس کا لب لباب یہ تھا کہ"میری پارٹی میں وہی عزت پائے گا جو عوام کی خدمت کرے گا۔ میری پارٹی میں خون کے رشتوں کی کوئی اہمیت نہیں " جلسہ بہت دیر تک جاری رہا اور بڑی کامیابی کے ساتھ ختم ہوا۔

دوسرے دن میں اور معراج محمد خان بھٹو سے کسی کام کے سلسلے میں ملنے کے لئے کلفٹن گئے تو بھٹو صاحب سے پہلے شاہ نواز سے ملاقات ہو گئی۔ شاہ نواز بچہ ہی تو تھا۔ ہمیں دیکھ کر کچھ جھینپ سا گیا۔ ہم نے پوچھا شاہ نواز تم تو کبھی اس طرح جلسوں میں نہیں جاتے تھے۔ کل کیسے آ گئے؟ ۔ شاہ نواز نے روہانسا سا ہو کر جواب دیا کہ ڈیڈی نے خود مجھے جلسے میں آنے کے لئے کہا تھا۔ میں نور محمد کے ساتھ گیا۔ مجھے اسٹیج پر بیٹھنے کے لئے کہا گیا اور پھری ڈیڈی نے سب کے سامنے مجھے اسٹیج سے اتار دیا۔ ہماری سمجھ میں ساری بات آ گئی۔ ہم نے شاہ نوازکو دلاسا دیا کہ بھٹو صاحب آپ کے ڈیڈی ہیں۔ انہوں نے جو کچھ کیا ٹھیک ہی کیا ہو گا۔ اس میں کوئی مصلحت ہو گی۔ پھر دو چار ادھر ادھر کی باتیں کرنے کے بعد ہم ڈرائنگ روم میں بھٹو صاحب کے پاس چلے گئے۔ (11جون1996ء)

Check Also

TS Eliot

By Sami Ullah Rafiq