Monday, 23 December 2024
  1.  Home
  2. Irfan Siddiqui
  3. Qazi Faez Isa Se Sirf Aik Iltimas

Qazi Faez Isa Se Sirf Aik Iltimas

قاضی فائز عیسیٰ سے صرف ایک التماس

بلاشبہ ہر غلطی، معافی اور ہر معافی تلافی مانگتی ہے۔ سیّد مودودی کا معروف قول ہے، "کوئی غلطی بانجھ نہیں رہتی۔ انڈے بچے دئیے چلی جاتی ہے"۔ میں اتنے اضافے کی جسارت کر رہا ہوں کہ غلطی جتنی بڑی ہوگی، اتنی ہی زیادہ کثیرالاولاد اور کریہہ النسل بھی ہوگی۔ زمانوں تک دودھوں نہاتی پُوتوں پھَلتی رہے گی۔ غلطی جج سے بھی ہو جاتی ہے لیکن شعوری طور پر، کسی ایجنڈے کے تحت، منظم سازش کے انداز میں انصاف کُشی، غلطی کے زمرے میں نہیں آتی۔ مسیحی مذہبی تعلیمات کی اصطلاح میں اسے بنیادی نوعیت کا قبیح جُرم (CARDINAL SIN) کہا جا سکتا ہے۔ ناقابلِ معافی گناہِ کبیرہ۔ اس سے بڑا جُرم کیا ہوگا کہ مُنصِف کا لبادہ اوڑھے، مسندِ عدل پر براجمان شخص، اپنے مقدس مَنصبِ قضا کو آلہئِ قتل کے طورپر استعمال کرنے لگے۔

میں نے گذشتہ کالم میں قدرتی آفات کی طرح، یکے بعد دیگرے نازل ہوتے چار چیف جسٹس صاحبان کا ذکر کیا تھا جن میں سے ہر ایک نے ذاتی کدورت کی بنیاد پر سیاست زدہ فیصلے کیے۔ اِن فیصلوں کا رُخ نوازشریف کی طرف تھا جو مسلسل چھ برس ساون بھادوں کی طرح برستے اور عدل کے چہرے پر کالک لیپتے رہے۔ جب نوازشریف کہتا ہے کہ بندوق اور ترازو کے زور پر پاکستان کے عوام کو غربت، مہنگائی، بے روزگاری میں دھکیلنے اور پاکستان کو بے چارگی کی موجودہ کیفیت میں مبتلا کرنے والوں کا محاسبہ کرو، ورنہ ملک آگے نہیں بڑھے گا، تو لاتعداد کان کھڑے ہو جاتے ہیں اور اَن گنت زبانیں صور اسرافیل پھونکنے لگتی ہیں۔

آئیے ایک بار پھر صاحبانِ عدل کے ہاتھوں، عدل کی بے چہرگی کا نوحہ پڑھ لیتے ہیں۔ ابھی تک یہ بھید نہیں کھلا کہ پاناما کی بنیاد پر نوازشریف کے خلاف جن درخواستوں کو فضول، لَغو، ناکارہ اور لا یعنی قرار دے کر سپریم کورٹ نے واپس کر دیا تھا وہ یکایک معتبر اور قابلِ سماعت کیسے ہوگئیں؟ کیا کسی اور کے لیے بھی ایسی فتنہ ساماں جے آئی ٹی بنی جس میں دو اعلیٰ فوجی افسران شامل ہوں؟ کیا کسی اور جے آئی ٹی کے لیے بھی وٹس ایپ کالز کے ذریعے ایسی دیدہ ریزی، بلکہ دیدہ دلیری کے ساتھ ہیرے تلاش کیے گئے؟ کیا کسی اور جے آئی ٹی کی مسلسل نگرانی کے لیے بھی کوئی عدالتی بینچ تشکیل پایا؟

کیا کسی اور جے آئی ٹی کو بھی دنیا بھر کے بنکوں کے کھاتے کھنگالنے کے لیے لاکھوں یا شاید کروڑوں ڈالر فراہم کیے گئے؟ کیا کسی اور جے آئی ٹی کے سربراہ کو بھی یہ اختیار دیا گیا کہ وہ بیرونِ ملک سراغ رسانی کے لیے بھاری بھرکم ٹھیکہ اپنے کسی بھانجے بھتیجے کو بخش دے؟ کیا کبھی ایسے ہوا کہ پانچ رُکنی بینچ میں سے دو فیصلہ دے کر الگ ہو جائیں، باقی تین کارروائی چلاتے رہیں اور فیصلہ سنانے کے لیے پھر پانچوں جمع ہو جائیں؟ کیا کوئی ایسی نظیر ہے کہ قابلِ وصول (Receivable) کی تشریح کے لیے مروجہ ملکی قواعد و ضوابط سے ہٹ کر "بلیک لاء ڈکشنری" استعمال ہوئی ہو؟ کیا پاناما لیکس میں آئے پانچ سو کے لگ بھگ پاکستانیوں میں سے کسی ایک کے خلاف بھی کوئی کارروائی ہوئی؟

کیا نوازشریف کا نام پاناما لیکس کا حصہ تھا؟ کیا سپریم کورٹ نے کسی اور پاکستانی کے خلاف بھی ریفرنسز دائر کرنے کے لیے براہ راست نیب کو حکم جاری کیا؟ کیا کسی اور مقدمے میں بھی احتساب عدالت کی مسلسل نگرانی کرنے کے لیے کبھی سپریم کورٹ کا ایسا مانیٹرنگ جج تعینات کیا گیا جو پہلے ہی ملزم کے خلاف فیصلہ دے چکا ہو؟ کیا سپریم کورٹ نے کسی اور احتساب عدالت کو حکم دیا کہ یہ مقدمہ تین ماہ کے اندر اندر ختم ہونا چاہیے؟ کیا کسی اور مقدمے کے بارے میں بھی چیف جسٹس نے عدالت لگا کر یہ نادر شاہی فرمان جاری کیا کہ سماعت صبح سے شام اور ہفتہ وار تعطیل والے دن بھی جاری رکھی جائے؟

عدالتی بغض و عناد کا مکروہ سلسلہ یہیں پر ختم نہیں ہو جاتا۔ عدالت نے اپنی زنبیل سے طلسمی کبوتر نکالا کہ اگرچہ آئین میں کسی بھی نااہلی کی زیادہ سے زیادہ معیاد پانچ سال ہے لیکن نوازشریف پر لاگو آرٹیکل F (1) 62 کے بارے میں چونکہ آئین خاموش ہے اس لیے اس کے تحت نااہلی تاحیات ہوگی۔ پارلیمنٹ نے طے کیا کہ نااہل قرار دیا گیا شخص بھی پارٹی سربراہ رہ سکتا ہے۔ عدالت لگی اور اس نے پارلیمنٹ کا یہ قانون کالعدم قرار دے دیا۔ ثاقب نثار کو خبر ہوئی کہ سینٹ کے انتخابات کے لیے جاری ٹکٹوں پر نواز شریف کے دستخط ہیں۔ عدالت بیٹھی۔ فیصلہ آیا کہ یہ دستخط مسترد کیے جاتے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو آزاد، حیثیت سے الیکشن لڑنا پڑا۔ منصوبہ یہ تھا کہ آزاد، سینیٹرز کو آسانی سے پی ٹی آئی کے ریوڑ میں دھکیل دیاجائے گا۔ یہ الگ بات کہ کسی ایک بھی "آزاد سینیٹر" نے پی ٹی آئی والی "پریس کانفرنس" کی نہ نوازشریف کا ساتھ چھوڑا۔ نوازشریف کے حوالے سے یہ اُس اِنصاف کے چند نمونے ہیں جو مسلسل چھ برس شیش ناگ کی طرح پھنکارتا رہا اور عزت مآب منصفینِ کرام سرمستی و سرشاری کے عالم میں بین بجاتے اور "ناگ رقص" سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ سنپولیوں کی تعداد گنتی شمار سے باہر ہے۔

بُغض و عناد میں لتھڑے اِن فیصلوں کے متوازی، سُورماؤں کا ایک اور لشکر بھی خنجر آزما تھا۔ اپنے عہد کے مردِ صف شکن، جنرل فیض حمید دو بار جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے گھر گئے اور کہا، "نواز اور مریم کی ضمانت نہیں ہونی چاہیے ورنہ ہماری دو سال کی محنت ضائع ہو جائے گی"۔ دوسری بار فرمایا، "آرمی چیف جنرل باجوہ کہتے ہیں کہ تم کیسے ڈی جی سی ہو کہ ہائی کورٹ کا ایک جج بھی تمہارے قابو میں نہیں آ رہا"۔ شوکت عزیز تو سرسری سماعت کے بعد "کیفر کردار" کو پہنچا دئیے گئے لیکن جری جج صاحبان میں سے کسی کو حوصلہ نہ ہوا کہ فیض حمید کو بھی بلا کر "گڈ ٹو سی یو" کہتے ہوئے پوچھ لیتا، "شوکت عزیز سچ کہہ رہا ہے یا جھوٹ؟"

خوشدامنوں، سہیلیوں اور خود ججوں کی آڈیو وڈیو لیکس، جج ارشد ملک کی گواہی، رائیونڈ جا کر نوازشریف سے معافی، سرینا شاپرز میں آئے فیصلوں کو اگر آسانی سے بھلا بھی دیا جائے تو اِن کرداروں کو کیسے فراموش کیا جا سکتا ہے جنہوں نے حیا باختہ فیصلے دے کر عدلیہ کے چہرے پر کالک تھوپی اور فوج کی وردی پہنے ہوئے اپنے مقدس حلف کی دھجیّاں اڑائیں؟ صرف یہی نہیں، توانائی اور دہشت گردی کے بحرانوں پر قابو پا کر معاشی طور پر سنبھل جانے، فاٹف کی وائٹ لسٹ میں آ جانے، آئی ایم ایف سے نجات حاصل کرنے، روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے اور مہنگائی کی شرح کو تین فی صد تک محدود کر دینے والے پاکستان کو لاتعداد مسائل کی چِتا میں جھونک دیا۔

عزت مآب قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس کا منصب سنبھالا تو عوام کو نمودِ صُبحِ نو کا تاثر ملا۔ میں توقعات کی بھرمار، تبصروں کی یلغار، مشوروں کے طومار اور نصیحتوں کے انبار سے قطع نظر ایک سادہ و معصوم سا استفسار کرنا چاہتا ہوں۔ "عالی مرتبت قاضی صاحب! کیا اپنی آزادی کے بارے میں بے حد حساس عدلیہ میں اتنا دم خم ہے کہ وہ شخصی بغض و عناد یا ایجنڈے کی بنیاد پر اپنے حلف کو رُسوا، عدل کو بے توقیر اور عدلیہ کی توہین کرنے والے جج صاحبان کا محاسبہ کر سکے؟

اگر نہیں تو آپ، فل کورٹ بٹھا کر پارلیمنٹ کو کہہ دیں کہ وہ آرٹیکل 6 سمیت آئین کی زینت بنی اُن تمام دَرشنی شقوں کو نکال پھینکے جو عالی شان گھروں کے پچھواڑے میں پڑی انبوہئِ خس و خاشاک سے زیادہ اہمیت نہیں رکھتیں۔ ایک اور تاریخی فیصلہ بھی بہت سی الجھنیں دور کر دے گا کہ آئین، قانون اور انصاف کچھ بھی کہتے رہیں، ججوں، جرنیلوں اور سیاستدانوں کو ایک ترازو میں نہیں تولا جا سکتا"۔

Check Also

Biometric Aik Azab

By Umar Khan Jozvi