Friday, 29 November 2024
  1.  Home
  2. Haroon Ur Rasheed
  3. Sitaron Ki Chaoon Mein

Sitaron Ki Chaoon Mein

ستاروں کی چھاؤں میں

آدمی کیسا کٹھور ہے۔ کس چیز کے لیے کیسی نادر زندگی وہ قربان کر دیتا ہے۔ تہذیب کی چوکھٹ پر کتنے سچے لوگ، کتنا اجالا اور کتنی روشنی بھینٹ چڑھا دی جاتی ہے۔ بھولے بسرے زمانے جب جاگ اٹھتے اور ٹلنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ ماضی نہ مستقبل، وہ ایک ساعت ہر چیز کو ڈھانپ لیتی ہے۔ دل اس کی گرفت میں کیسا تڑپ اٹھتا ہے۔

احمد جاوید سے میں نے کہا تھا: اب کی بار صحرا کا قصد ہو تو مجھے ساتھ لے جائیے گا۔ میری کتنی ہی یادیں روہی کے ریگزار سے وابستہ ہیں۔۔ وہی احمد جاوید جنہوں نے کہا تھا:

کاروبار زندگی سے جی چراتے ہیں سبھی
جیسے درویشی سے تم، جیسے جہانبانی سے ہم

شاعر، ایک روایتی صوفی، میر تقی میر ؔکا معلم اور اقبالیات کا استاد۔ اچھا ہی ہوا کہ وہ مجھے ساتھ نہ لے گئے۔ دل و دماغ پر جانے کیا گزرتی۔ لوٹ کر آتے تو شہر کی مصنوعی زندگی اور بھی دشوار ہو جاتی۔ رات کا آخری پہر ہے اور اس کا سناٹا۔ چولستان کی گداز خاموشی، سجے سنورے وسیع و عریض کمرے میں در آئی ہے۔ نیند کہاں، پو پھٹے تک جاگنا ہے۔ اس سچّی فطری اور بے ساختہ حیات کا ماتم ہے، ایک بڑے شہر میں، نمود ذات کی بے رحم تمنا کی آرزو پر جو قربان ہوگئی۔ آج میں اندازہ کر سکتا ہوں کہ خواجہ غلام فرید، اس نادرِ روزگار شاعر اور راہ سلوک کے اس مسافر نے ہمیشہ باقی رہنے والے نغمے کیسے لکھ دیے۔ اس نے صحراکے سکوت اور چاندنی سے محبت کی، جسے چھوڑ ہم بھاگ نکلے تھے۔

اقبالؔ یاد آئے۔ اسی شہر لاہور میں خواجہ کو انہوں نے یاد کیا اور یہ کہا تھا: غلام فرید ایسا شاعر جس قوم میں موجود ہو، وہ مجھے کیوں پڑھے گی؟ ہاں، وہ درد اور سوز و گداز سے بْنے گئے مصرعے، فطرت کی گود میں ہمکتی، جیتی، سپنے دیکھتی، صحرائی زندگی کی متحرک تصویریں۔ تاروں کی چھاؤں تلے، سچی محبت کا کبھی نہ ختم ہونے والا فسانہ۔ روشنی کی وہ چھب جب شاہد اور مشہود کے درمیان بس بالشت بھر کا فاصلہ رہ جاتا ہے۔ آسمانِ دنیا کو روشنیوں سے منور کرنے والا خالق، جب ایک ہْوک کی دوری پر ہوتا ہے۔ اقبالؔ کو صحرا کی مادری محبت ایسی مہربان ہَوا کا عملی تجربہ کم تھا لیکن وہ خیرہ کن پروازِ خیال۔

اے باد بیابانی مجھ کو بھی عنایت ہو
خاموشی و دل سوزی، سرمستی و رعنائی

ہم صحرا کے پڑوسی جانتے ہیں کہ شب کی ہوا میں کیسی تازگی، کیسی پْراسراریت ہوتی ہے۔ چاندنی رات میں اونٹوں کے خاموش قافلے، کبھی کبھار کسی ہرن کا خرام، ایسے میں بانسری کی ایک تان قلب و جگر کو چیرتی ہوئی گزر جاتی ہے۔ وقت جیسے ٹھہر ہی جاتا ہے۔ احمد ندیم قاسمی جوان تھے تو کچھ دن اس دیار میں رہے۔ صحرا کے باطن میں انہوں نے جھانک کر نہ دیکھا مگر ستلج اور صحرا کے کنارے پر آباد ایک شہر میں۔ عمر بھر ان دنوں کی یادیں شاعر کے دل میں دمکتی رہیں۔ اس کی میٹھی بولی کی بازگشت "سائیں! کِن ویندو"۔۔ "سائیں! اِن ویندوں"۔

دستکاریوں کے مراکز میں رنگین پارچوں پر لکھے خواب سجے ہیں، دنیا میں کہیں جن کی کوئی مثال نہیں۔ رنگوں کا ایسا تال میل کہ مصوّر بھی رشک کرے۔ بدروحوں کو بھگانے کے لیے دلہن کے ہاتھ میں ایک چھری ہوتی ہے، رنگین پیرہن جسے ڈھانپ رکھتا ہے۔ اس کا ایک ایک تار ہاتھوں سے بنا گیا ہے۔ تقریب کے ہنگام دولہا کے ہاتھ میں ایک چھڑی، وہ بھی گل رنگ دھاگوں سے ڈھانپی گئی۔ برسات کے بعد یکایک دور دور تک کھل اٹھنے والے پھول۔ درختوں اور پھولوں ایسے سادہ دل مکین، جن میں سے ایک نے ابھی ابھی یہ کہا "سائیں، یہ جنگل کہیں جانے بھی نہیں دیتا"۔ پہناوے اور چادریں اور بستر پر بچھانے والی رلّی۔ چہار طرف پھیلی ویرانی میں شوخ رنگوں کی آرزو برسات بن کے برستی ہے۔ شاموں، صبحوں اور راتوں کی خاموشی میں ذات باری تعالیٰ کا جلوہ، جس نے اپنا سچا پیغمبرﷺ صحرا میں اتارا تھا:

کیا اس نے صحرا نشینوں کو یکتا
خبر میں، نظر میں، اذانِ سحر میں

اس صحرا کے کچھ مکین بھی وہیں سے آئے تھے۔ چار سو برس پہلے جب قحط یا دشمن کی یلغار نے انہیں بے گھر کیا۔ کیا عجب ہے پندرہ سو برس پہلے، یہ کھجور کے درخت بھی، جن کی شاخوں پر بیتے گزرے ہوئے زمانے لکھّے ہیں۔ لودھراں سے ذرا آگے، وہ چھوٹا سا باغ جس کا جمال مبہوت کر ڈالتاہے۔ ہم ایک موڑ مڑتے ہیں اور آگے بڑھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ خواجہ فرید کی کوک سنائی دیتی ہے اور لاہور کا شاعر منیر نیازی یاد آتا ہے ع

اکّو کوک فرید دی، سنجے کر گئی بن

اگرچہ وہ دوسرے فرید تھے، خواجہ فریدالدین مسعود گنج شکر، بادشاہ جن کے سامنے جھکا اور اتنا جھکا کہ تاریخ میں امر ہوگیا۔ ایک لشکر جس کے دربار میں اترا اور اس طرح اترا کہ سپاہی صوفی ہو گئے، پورے کا پورا لشکر۔ اس آدمی کا نام غیاث الدین بلبن تھا اور اس نے وہ اعزاز پایا جو کبھی کسی سلطان کو نصیب نہ ہوا تھا۔ بادشاہ کی نور نظر فقیر سے بیاہی گئی۔ ایک اور شاعر تھے، ظہیر کاشمیری۔ کبھی ایک شب روہی میں انہوں نے بسر کی تھی اور دائمی ہوگئی۔ میں سر جھکا لیتا ہوں، 50 برس پہلے کی وہ صبحیں اور شامیں۔ اپنے منفرد لباسوں میں، جب صحرا کی بیٹیاں سرخ مرچ اور ہلدی کی پوٹلیاں بی بی جی کے سامنے ڈھیر کیا کرتیں۔ "بی بی جی! پسائی میں ایک چھٹانک کم ہوگئی اور ایک چھٹانک سرسوں کا تیل اس میں ڈالا گیا"۔

بچّے حیران ہوا کرتے کہ بازار میں پسے ہوئے مصالحے ارزاں ہیں۔ اتنے سے کام کیلئے دور دراز سے سفر کرکے وہ کیوں آتی ہیں؟ بی بی جی نے سر اٹھا کر دیکھا: کبھی تم جان لو گے کہ محبت بھرے ہاتھوں کے ذائقے کیا ہوتے ہیں۔ کم سن بچیوں کو قرآن پڑھاتے ممانی جی متوجہ ہوئیں اور ہمیشہ کی شیریں آواز میں کہا: کیسری! تم مسلمان کیوں نہیں ہو جاتیں؟ کیسری نے مرچوں کی پوٹلیاں اٹھائیں اور دروازے کی اور جاتے یہ کہا: ہم صحرا والے جانتے ہیں کہ سب انسانوں کا ایک ہی رب ہے۔ کچھ اسے رحیم کہتے ہیں، کچھ رام۔ بارش وہی برساتا ہے۔ سانپ کے کاٹے اسی کے نام سے شفا پاتے ہیں۔

پھر ساربانوں کی صدائیں اور اونٹوں کے گلوں میں بجتی گھنٹی کی آوازیں۔ بہت دور، دریا کنارے سے وہ ایندھن لے کر آتے ہیں۔ سرکنڈوں ایسی جھاڑیاں جو چولہوں میں خوب دھڑا دھڑ جلتی ہیں، جیسے کسی نے ماپ تول کر بنائی ہوں، سوا روپے میں ایک اونٹ کا بوجھ، ٹھنڈے پانی کا ایک گلاس، کبھی کبھار شربت بھی۔ وہ زندگی کہاں چلی گئی، وہ چاندنی راتیں کیا ہوئیں؟

شاعر نے کہا تھا: شہر ہیں یا کہ تمدّن کے عقوبت خانے۔ عمر بھر لوگ چنے رہتے ہیں دیواروں میں۔ دو ہزار برس پہلے یہ ویرانہ آباد تھا۔ ایک اعتبار سے نصف صدی پہلے بھی جب دنیا بھر سے سینکڑوں اہل ذوق صحرا کی چاندنی راتوں کا قصد کیا کرتے! پھر کیا ہوا؟ پھر شہروں کو برباد کرنے والے تمدن اور سیاست نے ریگ زار کو بھی رفتہ رفتہ برباد کر ڈالا۔

آدمی کیسا کٹھور ہے۔ کس چیز کے لیے کیسی نادر زندگی وہ قربان کر دیتا ہے۔ تہذیب کی چوکھٹ پر کتنے سچے لوگ، کتنا اجالا اور کتنی روشنی بھینٹ چڑھا دی جاتی ہے۔

About Haroon Ur Rasheed

Haroon Ur Rasheed is a well known analyst and columnist. Currently, he is working with 92 News. He has worked for Dunya News, 92 News and Geo.

Check Also

Extramarital Affairs

By Amer Abbas