Wednesday, 15 January 2025
  1.  Home
  2. Haider Javed Syed
  3. Bhaag Nikalne Ki Khwahish Bhi Poori Nahi Hoti

Bhaag Nikalne Ki Khwahish Bhi Poori Nahi Hoti

بھاگ نکلنے کی خواہش بھی پوری نہیں ہوتی

میں جب کبھی بھی قائداعظم محمد علی جناح صاحب کی 11 اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں کی گئی تقریر کو یاد کرتا ہوں تو پریشانیوں میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ جناح صاحب کی وفات کے بعد جناب لیاقت علی خان مولوی حضرات کے دباو میں آگئے اور اس سے اگلے سال قرارداد مقاصد کا طوق اس ملک کی گردن میں ڈال دیا گیا۔

جناح صاحب نے اپنی تقریر میں کہا تھا "آج سے آپ آزاد ہیں، ایک آزاد ملک کے شہری ہیں، اپنی مسجدوں، مندروں، گرجا گھروں اور دوسری عبادت گاہوں میں جانے کے لئے، ریاست کو آپ کی ذات، رنگ و نسل، مذہب و عقیدے سے کوئی غرض نہیں، بلکہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ آپ کے شخصی حقوق کے تحفظ کرے"۔

انہوں نے اور بھی بہت کچھ کہا اس تاریخ ساز تقریر میں۔ مگر اس تقریر کے ایک ایک لفظ کی ہماری اسٹیبلشمنٹ اور اس کے ساجھے داروں نے پچھلی ساڑھے سات دہائیوں میں جو درگت بنائی وہ خون رونے کے لئے کافی ہے۔

ہم جب جناح صاحب کی اس تقریر کے تناظر میں بحث مباحثہ کرتے ہیں تو کسی کونے کھدرے سے پھدک کر کوئی نہ کوئی آن دھمکتا ہے اور ہمیں سمجھاتا ہے کہ برصغیر کی تقسیم مذاہب کی بنیاد پر ہوئی تھی۔

اس کے پاس جناح صاحب کی درجن بھر تقریروں کے حوالے بھی ہوتے ہیں۔ میں ہمیشہ ایسے مواقع پر یہی عرض کرتا ہوں کہ مسلم لیگ کی سیاست بلکہ قیام کا اساسی نظریہ مسلمانوں کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق کا تحفظ تھا۔ اسلامی ٹچ تو باندر کلہ پروگرام تھا جو خوب کھیلا گیا۔

خود جناح صاحب متعدد مواقع پر اس حوالے سے کہتے رہے کہ ہندو اکثریت مسلم اقلیت کے سیاسی، سماجی اور معاشی حقوق غصب کرلے گی۔ ثانیاً یہ کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا کا "من چلے کا سودا" قرارداد مقاصد کے بعد جوش و جذبے سے فروخت ہونا شروع ہوا۔

نظریہ پاکستان دوسرے فوجی حکمران جنرل یحییٰ خان کے وزیر اطلاعات جنرل شیر علی خان پٹودی کی تخلیق ہے تو جواباً کھٹ سے فتویٰ صادر ہوتا ہے۔ اسلامی پاکستان کا حامی ہمیشہ یہی کہتا ہے کہ یہ ملک اسلام کے نام پر اسلام کے لئے بنا ہے۔

مجھ طالب علم کی رائے یہ ہے کہ ملک مسلمانوں کے نام پر مسلمانوں کے لئے بنا بجا لیکن جناح صاحب کی 11 اگست 1947ء والی تقریر کا کیا کیجئے گا؟

معاف کیجئے گا کیسا خشک موضوع ہے لیکن ہمارے چار اور بڑھتی پھلتی پھولتی انتہا پسندی نے جس طور زندگی اجیرن کر رکھی ہے اس سے پناہ کی جگہ صرف وہی تقریر ہے جس کا ذکر بالائی سطور میں کرچکا۔

قرارداد مقاصد اور پھر افغانستان میں لڑی گئی امریکہ سوویت جنگ جسے ہمارے یہاں جہاد کہا جاتا ہے نے سب کچھ تلپٹ کرکے رکھ دیا ہے۔

مسلکی اختلافات تقسیم برصغیر سے قبل بھی موجود تھے مگر ان اختلافات نے تقسیم کے بعد اور خصوصاً 1970ء کی دہائی کے بعد ہماری جو درگت بنائی اس بارے سوچتے ہی جھرجھری سی آجاتی ہے۔ آپ پاراچنار سمیت چند علاقوں میں ہوئے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کو ہی دیکھ لیجے سوال بہت ہیں اور جواب فقط "چُپ"۔

مجھ سمیت تقریباً سارے آزاد خیال مذہبی انتہا پسندی کا ذمہ دار جنرل ضیاء الحق کے دور کو ٹھہراتے ہیں لیکن یہ بھی تلخ حقیقت ہے کہ اس کی بنیاد قرارداد مقاصد نے رکھی آگے کے کچھ مواقع بھی معاون بنے۔ بعض جذباتی فیصلوں نے گہرے گھائو لگائے جن سے آج تک خون رس رہا ہے۔

رہی سہی کسر تیسرے مارشل لاء نے پوری کردی۔

افغان جہاد کی آڑ میں فرقہ وارانہ لشکر بنے، حکومت نے اپنی ضرورتوں کے پیش نظر چشم پوشی کامظاہرہ کیا۔ اس چشم پوشی بلکہ عمومی شراکت داری کا اعتراف کرتے ہوئے کچھ عرصہ قبل آرمی چیف (اب سابق) جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ "پچھلے چالیس سال کے غلط فیصلوں اور پالیسیوں نے جو نقصان پہنچانا ان کی تلافی ممکن نہیں"۔

ہم نے تب بھی عرض کیا تھا کہ ہماری دانست میں ماضی کے غلط فیصلوں اور پالیسیوں کے منفی نتائج کا اعتراف ہی کافی نہیں تھا، ہونا یہ چاہیے تھا کہ مستقبل کے حوالے سے کچھ فیصلے ہوتے مگر نہیں ہوئے۔

مکرر عرض کرتاہوں اصلاح احوال کی صرف ایک صورت ہے اور وہ یہ ہے کہ محمد علی جناح صاحب کی 11 اگست 1947ء والی تقریر کو دستور کا بیانیہ بنایا جائے۔

معروضی حالات، شدت پسندی اور دوسرے مسائل کے پیش نظر ضروری ہوگیا ہے کہ دستور میں دیئے گئے شہری، سیاسی اور معاشی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ کہ دستور میں دی گئی شہری و سیاسی آزادیوں سے متصادم نظریات کی ترویج کرنے والی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے۔

آپ کہہ سکتے ہیں پابندی مسئلہ کا حل نہیں مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ جو کام چند برسوں بعد ناگزیر ہوجائے ابھی سے کرلیا جائے تو بہتر ہے۔

ہم اس تلخ حقیقت سے آنکھیں نہیں چراسکتے کہ پاکستان میں مسلم فرقوں کے درمیان عدم برداشت عروج پر ہے تو دوسری طرف دیگر مذہبی برادریوں کی زندگی بھی اجیرن کر رکھی ہے۔

حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ جرات مندانہ اقدامات اٹھائے جائیں۔ ہاں یہ درست ہے کہ جو لوگ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی اور اے این پی کے خلاف مذہبی کارڈ کھیلتے رہے ہوں وہ رواداری کے فروغ کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ مشکل سے ہی کریں گے۔

اس کے باوجود یہ عرض کرنا ضروری ہے کہ اگر اصلاح احوال کے لئے فوری طور پر اقدامات نہ ہوئے تو معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان خلیج بڑھتی چلی جائے گی اور انتہا پسند گلی گلی اپنی مرضی نافذ کرنے لگیں گے پھانسی گھاٹ بنائیں گے اور گردنیں ماریں گے ویسے یہ اب بھی ہوہی رہا ہے۔

آخری بات یہ ہے کہ ایک غیر مذہبی ریاست اور نظام ہی مساوات کے اعلیٰ اصولوں کی پاسداری کرسکتے ہیں لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنے حقیقی فرائض پر توجہ دیں خصوصاً پیپلزپارٹی اور اے این پی اپنے اساسی نظریات سے رجوع کریں۔ تاکہ کوئی امید کا دیا روشن ہوسکے خدا لگتی بات ہے اب تو دم گھٹنے لگا ہے بس میں ہو اور وسائل بھی ہوں تو یہاں سے ایسا بھاگوں کے پلٹ کر کبھی نہ آوں ہائے افسوس کے یہیں باقی ماندہ دن پورے کرنے اور مرنا ہے۔

Check Also

Kya Aap Ke Pas 8 Minutes Hain?

By Saleem Zaman