Saturday, 23 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zaigham Qadeer
  4. Is Trap Se Bahut Kam Log Nikal Paate Hain

Is Trap Se Bahut Kam Log Nikal Paate Hain

اس ٹریپ سے بہت کم لوگ نکل پاتے ہیں

انسانوں کے بہت سے بہیوئر انسپائرڈ بہیوئر ہوتے ہیں۔ جس میں یہ اپنے قریبی ماحول جیسا کہ ماں باپ سے سیکھ کر اپنی زندگی گزارتے ہیں۔ اکثر لوگ شکوہ کرتے ہیں کہ شادیوں کے ناکام ہونے کی شرح آجکل بڑھ رہی ہے وہیں پر اگر ہم چیزوں کو بڑی پکچر میں دیکھیں تو پتا چلتا ہے کہ وہ لوگ جن کے والدین کے درمیان طلاق ہوچکی ہے ان میں طلاق کی شرح عام جوڑوں سے زیادہ ہوتی ہے۔ وہیں پر وہ جوڑے جن کے سامنے ان کے والدین ایک آئیڈیل جوڑا بن کر رہتے ہیں ان میں باہمی لڑائی بھی خال خال ہی ہوتی ہے۔

اس کی وجہ ہمارے دماغ کی ٹریننگ ہے۔ جو کہ ہمارے بچپن میں ہی مکمل ہو جاتی ہے۔ اگر ہمارے والدین میں سے کوئی ایک شخص حکم چلانے والا ہو، اپنی من مانی کرنے والا ہو یا پھر ڈومیسٹک وائلنس کا عادی ہو تو پھر ہم بڑے ہو کر ہو بہو ان ہی بہیوئرز کو آگے ٹرانسفر کرنے میں لگ جاتے ہیں۔

یہ اتنا انجانے میں ہوتا ہے کہ ہمیں یہ سب نارمل لگنے لگ جاتا ہے اور ہمارے نزدیک ایک آئیڈیل ریلیشن شپ وہی بن جاتا ہے جو کہ ہم نے بچپن سے دیکھا ہوتا ہے۔

اس ٹریپ سے بہت کم لوگ نکل پاتے ہیں۔ جیسا کہ اگر کسی نے بچپن میں مار کھا کھا کر کچھ سیکھا ہے یا اس نے اپنے بڑوں کو کسی کو مار کر سکھاتے دیکھا ہے تو ایسے لوگوں کی مجارٹی ساری عمر اس بات پر یقین کرتے گزار دیتی ہے کہ اگر آپ کسی کو کچھ سکھانا چاہتے ہیں تو اس مقصد کے لئے مارنا بہت ضروری ہے۔

یہی حال شک کرنے، جھوٹ بولنے اور دھوکہ دینے کی عادات کا ہے۔ وہ بچے جنہوں نے اپنے بالغ سربراہوں کو شک کرتے، جھوٹ بولتے یا دھوکہ دیتے ہوئے دیکھا ہوتا ہے وہ بڑے ہو کر اپنے رشتوں میں وہی عمل دہراتے ہیں۔

بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو کہ سیلف ایکچولائزیشن سے گزر کر ان سب چیزوں کو پہچان لیتے ہیں اور پھر ان سے چھٹکارہ پانے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہیں پر زیادہ تعداد اس بات پر یقین رکھتے چل بستی ہے کہ اگر وہ بڑا بن کر اپنے باپ یا اپنی ماں کی طرح حکم نہیں چلائے گی، شور شرابہ نہیں کرے گی یا پھر لڑائیاں نہیں کرے گی تو اس کی کوئی بھی عزت نہیں کرے گا۔

Check Also

Pasand Ki Shadi

By Jawairia Sajid