Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zaigham Qadeer
  4. Gariyan Mehngi Rakhne Ka Kya Faida Hai?

Gariyan Mehngi Rakhne Ka Kya Faida Hai?

گاڑیاں مہنگی رکھنے کا کیا فائدہ ہے؟

گاڑیاں مہنگی رکھنے کا فائدہ یہ ہے کہ نئی سڑکیں نہیں بنانی پڑتی کیونکہ نئی سڑکیں بنیں گی تو نئے شہر بنیں گے، ان شہروں کیساتھ فیکٹریاں لگیں گی جو کہ ظاہر ہے گاڑیوں کو بھی بنایا کریں گی، دیگر اشیائے ضروریہ کو بھی، اس دوڑ میں وہ سستے سے سستے پراڈکٹ بنانے کی کوشش کریں گی اور مزدور کو اچھی تنخواہ دیں گی۔

مزدور کو جب جاب سیکیورٹی ہو گی تو وہ اپنا لائف سٹائل بہتر بنائے گا اور سستے پراڈکٹس کی وجہ ان کی گروتھ اچھی ہو گی اور اچھی گروتھ ایک ایسے جمہوری معاشرے کو مانگتی ہے جو کہ مکمل انصاف دیتا ہو جہاں کسی بت کیخلاف بولنے پر پابندی نا ہو اور جہاں انصاف ہوتا ہے۔

اور یہ سب کچھ لوگوں کی مناپلی ختم کر سکتا ہے اور اس کا آسان حل یہی رکھا گیا ہے کہ گاڑیاں مہنگی رکھی جائیں، اشیائے ضروریہ مہنگی رکھی جائیں، انڈسٹری کا بننا ہر ممکن حد تک روکا جائے۔ سڑکوں کے گرد نئے شہر بسانے کی بجائے پرانے شہروں کو ہی ہاؤسنگ اسکیموں کی مدد سے پھیلایا جائے۔

جو ان چیزوں کو ختم کرنے کی کوشش کرے، نئی انڈسٹری لگائے، غریب کی دماغی گروتھ کی بات کرے یا پھر اس کو اچھی صحت کی سہولیات دینے کی کوشش کرے اس کو نکالنا چاہیے کیونکہ یہ سب غریب کو سوچنے سمجھنے پہ لگا سکتا ہے اور وہ کچھ لوگوں کے مستقبل کے لئے نقصاندہ ہے۔

اس وقت پاکستان میں سب سے سستی گاڑی بیس لاکھ کی ہے، ایک ایوریج پاکستانی جو تیس ہزار ماہانہ کماتا ہے وہ اپنی پوری عمر میں بھی اس کو نہیں خرید سکتا۔

وہیں اس وقت پاکستان میں انڈسٹری کو سب سے مہنگی بجلی مل رہی ہے جس کی وجہ سے پروڈکشن کم ہو رہی ہے اور انڈسٹری مزدوروں کو کم تنخواہ دے رہی ہے۔

اسی طرح اس وقت پاکستان میں لیبر رائٹس کیساتھ ساتھ زمین کے حقوق بھی سلب ہو رہے ہیں پرانے شہر پھیلتے جا رہے ہیں اس وقت سرکاری سطح پہ کوئی نیا شہر بسائے دہائیاں گزر چکی ہیں۔

75 سال گزرنے کے بعد بھی ایک پی ایچ ڈی سے لیکر ایک مزدور تک سب ایک جیسی سوچ کا شکار ہے اور وہ ہے کہ کل شام کو کھانا پکانے کے پیسے کہاں سے آئیں گے؟ اور انہیں کمال مہارت سے اسی سوچ میں اگلے سو دو سو سال تک رکھا جائے گا۔

کیوں؟ وجہ سب کو معلوم ہے۔

Check Also

Jaane Wale Yahan Ke Thay Hi Nahi

By Syed Mehdi Bukhari