Broiler Chicken
برائلر چکن
برائلر کے بارے میں کچھ غلط فہمیاں۔
1: برائلر بچے بچیوں کو جلدی جوان کر رہا ہے۔
برائلر چکن کے بارے میں ہمارے ہاں سب سے بڑی غلط فہمی جو پائی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ یہ بچے بچیوں خاص کر بچیوں کو وقت سے پہلے جوان کر رہا ہے۔ جبکہ اس بات میں کوئی حقیقت نہیں۔ بلوغت آنے کا وقت تمام بچوں میں مختلف ہوتا ہے۔ اور یہ ایک فطری سائیکل کے تحت کنٹرول ہوتا ہے۔ عموما ََلڑکیوں میں بلوغت کی علامات لڑکوں سے ایک سال پہلے ظاہر ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ لڑکیوں میں بلوغت کی ابتدائی علامات جیسا کہ نپلز کے نیچے بریسٹ بڈز کا ڈیولپ ہونا ہے اور وہ 8 سے 13 سال کی عمر میں ہونا بہت ضروری ہے۔
اسی طرح لڑکوں میں ٹیسٹیکلز کا بڑا ہونا بلوغت کی پہلی علامات میں سے ایک ہے اور یہ عموما 11 سال کی عمر سے ظاہر ہونا شروع ہوتی ہیں۔ لیکن ہمارے ہاں بچوں میں غذائی کمی نارمل ہے جس کی وجہ سے ان میں ان جنسی خصائص کا اظہار نارمل دورانیے سے کچھ ماہ لیٹ ہوتا آ رہا تھا جو کہ ایک پرابلم ہے۔ لیکن اب اس پر اچھی غذا کی وجہ سے ہم نے قابو پا لیا ہے۔ سو ایک آٹھ سے بارہ سال کے بچے یا بچی کا بالغ ہوجانا بالکل نارمل بات ہے۔ لیکن یہاں ایک بات یاد رکھنا بہت ضروری ہے۔
بلوغت کے لئے بچے کو بہت زیادہ خوراک کی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اس دوران اس کا 15% قد اور 35% وزن بڑھنا ہوتا ہے، سو اس مقصد کے لئے اچھی خوراک فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ پچھلے 150 سالوں سے انسانوں کو انسانی تاریخ کی سب سے اچھی غذائیت مل رہی ہے جس کی وجہ سے بلوغت کا دورانیہ کچھ ماہ کم ہو گیا ہے اور انسانی قد پہلے سے ذرا لمبا ہو گیا ہے۔ لیکن یہ خطرے کی علامت ہرگز نہیں بلکہ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ ہماری غذا بہتر ہو رہی ہے۔ لیکن اس دعوے کے حق میں بھی ابھی مکمل سائنٹفک شواہد موجود نہیں۔
2: اتنی تیزی سے بڑے ہونے والے برائلر طاقت نہیں رکھتے۔
غذا سے حاصل ہونے والی طاقت کا تعلق جانور کے اپنا وزن اٹھانے کی بجائے اس کے گوشت میں موجود غذائی اجزا سے ہے۔ عموما برائلر کو ایک بند جگہ بڑا کیا جاتا ہے اس لئے ان کے پاس آزادانہ دوڑنے کے لئے کوئی موقع نہیں ہوتا جس کی وجہ سے وہ ایسا نہیں کر سکتی۔
رہی بات برائلر کی تیز گروتھ کی تو۔ برائلر کی موجودہ تیز گروتھ سیلیکٹو بریڈنگ کا نتیجہ ہے جس میں ہم نے اصیل مرغیوں کی 100 اقسام میں سے دس ایسی اقسام کی سیلیکٹو بریڈنگ کرائی جو کہ جلد از جلد گروتھ کر سکے اور بڑی ہو سکے۔ اور یہ پچھلے 90+ سالوں کی محنت کے بعد ممکن ہو سکا ہے۔ اور اسی وجہ سے آج ہمیں اتنی تیزی سے بڑھوتری کرنے والی مرغیاں دستیاب ہیں۔
3: برائلر کو ہارمونز دیکر بڑا کیا جاتا ہے۔
یہ بات بالکل بے بنیاد ہے کیونکہ۔ ایک مرغی کا گروتھ ہارمون ہر نوے منٹ بعد peak پہ پہنچتا ہے سو اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ ایک مرغی کو ہارمونز لگا کر تیزی سے بڑا کریں تو آپ کو دن میں ہر نوے منٹ بعد اس کو گروتھ ہارمونز کا ٹیکہ لگانا پڑے گا اور اگر آپ کے مرغی فارم میں دو سو سے تین سو مرغیاں ہیں تو انفرادی طور پہ ہر مرغی کو ٹیکہ لگانا ممکن نہیں۔
اسکے ساتھ ساتھ اور اس وقت ایسا کوئی کمرشل پراڈکٹ نہیں ہے جو کہ مرغیوں کے ہارمونز کو بڑھانے کی وجہ بن سکتا ہے۔ اور اگر یہ دستیاب بھی ہوتا تو اتنا مہنگا پڑتا کہ مرغیوں کی قیمت آسمان پہ پہنچ جاتی۔ اس کے علاوہ بہت زیادہ ہارمون کسی بھی جانور کے گردے فیل کرکے اس کو ایک یا دو دن بعد مار دیتے ہیں۔
سو ہارمون لگانا بھی ممکن نہیں۔
4: مرغیوں کو گروتھ کے لئے اینٹی بائیوٹکس دی جاتی ہیں۔
اینٹی بائیوٹکس دینے کا تعلق مرغیوں کو بیماریوں سے بچانا ہے کیونکہ ان مرغیوں میں جینیاتی تغیر اتنا زیادہ نہیں ہوتا اور یہ ایک بند جگہ پہ رہتی ہیں سو اس بات کا خطرہ ہمیشہ رہتا ہے کہ کوئی ایک بیماری ان کو ختم نا کر دے یا ان سے انسانوں میں نا منتقل ہو جائے سو اس خطرے سے بچنے کے لئے مرغیوں کو اینٹی بائیوٹکس دی جاتی ہیں۔
تو کیا مرغیوں میں اینٹی بائیوٹکس کا اثر ہوتا ہے؟ جی، یہ بات ایک حد تک درست ہے۔ لیکن اس میں قصور برائلر کا نہیں بلکہ فارم مالکان کا آ جاتا ہے۔ عموما ََبرائلر کے انسانی استعمال سے کم سے کم ایک ہفتہ پہلے اس کو اینٹی بائیوٹکس دینا بند کر دی جاتی ہیں لیکن ہمارے ہاں کچھ فارم مالکان اتنے دن انتظار نہیں کرتے اور مرغی مارکیٹ میں بھیج دیتے ہیں۔
تو کیا ایسا گوشت نقصاندہ ہوتا ہے؟ جی نہیں ایسا گوشت مکمل نقصاندہ نہیں ہوتا ہاں آپ کو پوٹ کلیجی وغیرہ کھانے سے گریز برتنا چاہیے کیونکہ ان میں ٹاکسن کی ایک خاص مقدار ہو سکتی ہے۔ لیکن وہیں یہ اینٹی بائیوٹکس ایک صحت مند مرغی کی بنیاد بنتے ہیں جو کہ بیماریوں سے پاک اور استعمال کے لئے محفوظ ہوتی ہے۔ سو ان کا تناسب گوشت میں نا ہونے کے برابر ہوتا ہے۔
5: برائلر چکن کھانا صحت کے لئے نقصان دہ ہے۔
جی نہیں، برائلر کھانے کے کوئی خاص نقصانات نہیں ہیں۔ بلکہ برائلر پروٹینز کا سستا اور اچھا ذریعہ ہیں۔ جن کی وجہ سے آپ کی اچھی گروتھ ممکن ہے۔ برائلر چکن ہارمونز سے پاک اور محفوظ پروٹینز کا ایک ذریعہ ہے اگر آپ اس کو اچھی طرح سے پکا کر کھاتے ہیں تو اس کا کوئی نقصان نہیں۔ اس لئے چکن کو محفوظ پروٹینز کا ذریعہ سمجھ کر بے فکر ہو کر کھائیں اس کی وجہ سے نا ہی آپ کے گردے فیل ہونے والے ہیں اور نا ہی آپ کو کینسر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ کینسر کا تعلق آپ کے ڈی این اے کی میوٹیشنز سے ہے ڈائیٹ سے نہیں۔ ڈائیٹ کینسر نہیں پیدا کرتی۔