Achi Diet Apna Kar Bimariyon Se Mehfooz Rahen
اچھی ڈائیٹ اپنا کر بیماریوں سے محفوظ رہیں
اچھی ڈائیٹ اور لائف سٹائل اپنا کر بیماریوں سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟ چلیں آپ کو کسی بھی قسم کی بیماری سے ممکنہ طور پہ محفوظ رہنے کے چند اصول بتاتا ہوں۔ اپنا وزن بیلنس کریں۔ اپنے وزن کو اپنے باڈی ماس انڈیکس سے نا کبھی بڑھنے دیں نا ہی کم ہونے دیں۔
جیسے میری عمر 23 سال اور قد 5 فٹ 9.10" ہے تو میرا وزن 56 کلو سے اوپر اور 72 سے نیچے ہونا بہت ضروری ہے۔ زیادہ وزن دل کی بیماریوں ذیابطیس اور کمزور امیون سسٹم کی وجہ بن سکتا ہے اسی طرح اس لمٹ سے کم وزن میری گروتھ متاثر کر کے مجھے بیماریوں کا شکار بنا سکتا ہے۔ آپ اپنا باڈی ماس انڈیکس آن لائن چیک کر سکتے ہیں۔
سگریٹ نوشی ختم کریں۔ سگریٹ نوشی دل کی بیماریوں اور کینسر کی وجہ ہے۔
اپنی خوراک میں بناسپتی گھی کا استعمال کم کریں یا صرف وہی گھی استعمال کریں جو کہ VTF ہو۔ کیونکہ فیٹس کی ٹرانس قسم موٹاپے کو وجود دیکر دل سمیت کئی بیماریوں کی وجہ بنتی ہے۔ اس لئے یا VTF گھی استعمال کریں یا اگر افورڈ کر سکتے ہیں تو سویا، زیتون یا کوئی اور قدرتی آئل استعمال کریں۔ اپنی خوراک میں فولک ایسڈ اور اومیگا تھری فیٹس کی تعداد بڑھائیں یہ دل کی بیماریوں سے بچاتے ہیں۔ اس کو حاصل کرنے کے لئے روزانہ ایک آدھ فروٹ کھائیں۔
گھر بیٹھ کر ہر وقت ٹی وی مت دیکھیں نا ہی موبائل چلاتے رہیں بلکہ زیادہ سے زیادہ چلنے کی عادت اپنائیں۔ اس طرح آپ کا وزن نہیں بڑھے گا مطلب آپ موٹاپے سے محفوظ رہیں گے اور آپ کولون کینسر، بریسٹ کیسنر، آرتھرائٹس اور مردانہ کمزوری سے بچ سکتے ہیں۔ چھنا ہوا آٹا نا کھائیں۔ ریفائن شدہ آٹا صحت کے لئے ٹھیک نہیں جب بھی روٹی بنائیں چکی کے آٹے سے بنائیں یہ آپ کو ذیابطیس، CAD دل کی بیماریوں اور سٹروک سے بچا سکتا ہے۔
اپنی خوراک میں مصنوعی شوگرز کا استعمال کم کریں خاص کر زیادہ کولڈ ڈرنکس اور میٹھے شربت جو کہ صرف چینی رکھتے ہیں ان کو ترک کریں یہ بھی آپ کو ذیابطیس اور دل کی بیماریوں سے بچا سکتا ہے۔ زیادہ تر بیکٹریل اور وائرل انفیکشنز سے محفوظ رہنے کے لئے اپنی غذا میں پروٹینز کی مقدار زیادہ رکھیں۔ عموماََ روزانہ ایک شخص کو اپنے فی کلو وزن کے لحاظ سے 0 سے 8 گرام پروٹینز چاہیں وہ کھائیں۔ پروٹین آپ کے امیون سسٹم کو مضبوط کرکے آپ کو وائرل اور بیکٹیریل بیماریوں سے بچاتا ہے۔ اسکے لئے روزانہ کم سے کم ایک انڈہ ضرور کھائیں۔
اپنی جسمانی صفائی کا خیال رکھیں کبھی بھی چھینک آنے پہ ہاتھ نا رکھیں بلکہ رومال رکھیں، ہاتھ دھوئیں اور روزانہ نہائیں۔ ان چند عادات کو اپنا کر آپ بیماریوں سے ایک خاص حد تک محفوظ رہ سکتے ہیں اور ایک صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔ ایک خراب لائف سٹائل آج کل ذیابطیس، دل کی بیماریوں، سٹروک اور کینسر کے امکانات بڑھنے کی بنیادی وجہ ہے۔ یاد رہے خوراک کینسر نہیں کرتی لیکن یہ کینسر کے امکانات کو کم یا بڑھا ضرور سکتی ہے۔
آج پاکستان میں دل کی بیماریوں اور ذیابطیس کے زیادہ تر کیسز کی وجہ خراب لائف سٹائل ہے جس میں گھٹیا گھی، شوگر کا حد سے زیادہ استعمال اور پروٹینز کو کم کھانا ہے۔ اسی وجہ سے ہمارا ایوریج قد بھی کم ہو رہا ہے۔ سو اپنی اور اپنے بچوں کی اچھی گروتھ کے لئے ہفتے میں چار دن ان کو ایک انڈہ ضرور کھلائیں اور گھی اچھی کوالٹی کا استعمال کریں۔ ان کا شوگرز کا استعمال کم کروائیں۔ ایسے میں آپ اور وہ بہت سی بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔