Rasta Saamne Hai, Nazar Uthane Ki Dair Hai
راستہ سامنے ہے، نظر اٹھانے کی دیر ہے
زندگی میں بہت سے مواقع ایسے ہوتے ہیں جب انسان کو صحیح راستہ نظر نہیں آتا، وہ یہ سمجھ نہیں پاتا کہ اگلا قدم کونسا اٹھانا چاہیے۔ مگر اس سے بھی بڑی حقیقت یہ ہے کہ کئی بار انسان کی آنکھوں کے سامنے راستہ بھی ہوتا ہے اور مسئلے کا حل بھی، لیکن وہ خود ہی اس سے بھاگتا رہتا ہے۔
مثال کے طور پر، انسان اکثر اپنے خوابوں کے لیے آواز اٹھانے کی بجائے، اپنے خواب چھوڑ دینا بہتر سمجھتا ہے۔ حالانکہ یہ بھی ممکن ہوتا ہے کہ سامنے والا شخص بھی چاہتا ہو کہ وہ انسان کوئی منفرد اور انوکھا کام کرے، کچھ ایسا جو صرف وہی کر سکتا ہو۔
لیکن سوال یہ ہے کہ آخر ہم اپنے ہی خوابوں سے کیوں بھاگتے ہیں؟ جواب اکثر ڈر میں چھپا ہوتا ہے، ناکامی کا ڈر، لوگوں کی رائے کا ڈر اور خود کو کمزور ثابت کرنے کا ڈر۔ ہم یہ سوچ کر خود کو روک لیتے ہیں کہ "شاید میں یہ نہیں کر سکتا"، جبکہ حقیقت میں ہم نے کوشش ہی نہیں کی ہوتی۔
اپنے خوابوں کے لیے اگر آپ خود قدم نہیں اٹھائیں گے، تو یقین جانیے، کوئی دوسرا تو کیا، قدرت بھی آپ کی مدد نہیں کرے گی۔ کیونکہ پہلا قدم صرف آپ ہی کو اٹھانا ہوگا۔ جب تک آپ وہ قدم نہیں اٹھائیں گے، آپ کا خواب صرف آپ کی سوچ تک محدود رہے گا۔ خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے قدم اٹھانا پڑتا ہے اور ہر سفر پہلے قدم سے شروع ہوتا ہے۔ آپ منزل کی آخری سیڑھی پر تب تک نہیں پہنچ سکتے جب تک آپ پہلی سیڑھی کو پار نہ کر لیں۔
یاد رکھو، ہر بڑا انسان کبھی نہ کبھی اسی موڑ پر کھڑا تھا جہاں آج تم ہو۔ فرق صرف اتنا تھا کہ انہوں نے ڈر کے باوجود قدم اٹھایا۔ کامیابی کسی خاص انسان کا مقدر نہیں ہوتی، یہ اس انسان کا حق ہوتا ہے جو گرنے کے باوجود اٹھنا نہیں چھوڑتا۔
اکثر ہم اپنی زندگی میں دوسروں کو دیکھتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ "کاش میرا بھی یہی حال ہوتا"، لیکن یہ کبھی نہیں سوچتے کہ انہوں نے وہ مقام حاصل کرنے کے لیے کتنی راتیں جاگ کر گزاری ہوں گی، کتنی بار گرے ہوں گے، کتنی بار ٹوٹا ہوگا ان کا دل اور کتنی بار خود سے یہ سوال کیا ہوگا کہ "کیا میں سچ میں یہ کر سکتا ہوں؟" کامیابی کی چمک تو سب کو نظر آتی ہے، مگر اس کے پیچھے چھپا اندھیرا صرف وہی جانتا ہے جس نے وہ سفر خود طے کیا ہو۔
انسان کی سب سے بڑی کمزوری یہ ہے کہ وہ نتیجہ پہلے دیکھنا چاہتا ہے اور محنت بعد میں کرنا چاہتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ خواب پورا ہو، مگر اس کے لیے جو قیمت چکانی پڑتی ہے، وقت، تھکان، ٹوٹ اور اکیلا پن، اس سے ہم گھبراتے ہیں۔ مگر یہ سمجھ لو کہ کوئی بھی خواب مفت میں پورا نہیں ہوتا۔ ہر خواب کی ایک قیمت ہوتی ہے اور وہ قیمت ہوتی ہے، ہمت، لگن اور ایک نہ رکنے والا ارادہ۔
زندگی میں راستے دو طرح کے ہوتے ہیں، ایک وہ جو آسان لگتا ہے اور ایک وہ جو صحیح ہوتا ہے۔ اکثر یہ دونوں ایک نہیں ہوتے۔ آسان راستہ ہمیں آرام دیتا ہے مگر منزل نہیں، جبکہ مشکل راستہ ہمیں تھکا دیتا ہے مگر ایک دن وہی راستہ ہمیں اپنی منزل تک پہنچاتا ہے۔ اس لیے جب راستہ مشکل لگے، تو گھبراؤ مت، سمجھو کہ تم صحیح راستے پر ہو۔
خواب وہی دیکھتے ہیں جو کچھ الگ کرنا چاہتے ہیں اور کچھ الگ کرنے کے لیے الگ سوچنا پڑتا ہے، الگ قدم اٹھانا پڑتا ہے۔ بھیڑ کے ساتھ چلنا آسان ہوتا ہے مگر بھیڑ کبھی کسی کو اس کی منزل تک نہیں پہنچاتی، منزل تک وہ پہنچتا ہے جو کبھی کبھی اکیلے چلنے کا حوصلہ بھی رکھتا ہو۔ اپنی سوچ کو اپنی طاقت بناؤ، اپنے خوابوں کو اپنی پہچان بناؤ اور پھر دیکھو کہ دنیا خود تمہارے لیے راستے کھولنے لگتی ہے۔
اپنے خوابوں کو چھوٹا مت سمجھو۔ دنیا کو تمہاری آواز کی ضرورت ہے، تمہاری سوچ کی ضرورت ہے اور اس کام کی ضرورت ہے جو صرف تم ہی کر سکتے ہو۔ اگر آج تم نے اپنا خواب چھوڑ دیا، تو شاید دنیا اسی چیز سے محروم ہو جائے جس کی اسے سب سے زیادہ ضرورت تھی۔
آخر میں یہی کہنا چاہتی ہوں کہ زندگی میں وقت بہت کم ہے اور خواب بہت زیادہ۔ ہر دن جو گزر جاتا ہے وہ واپس نہیں آتا۔ تو اگر آج بھی تمہارے دل میں کوئی خواب ہے جو دبا ہوا ہے، کوئی آواز ہے جو نکلنا چاہتی ہے، کوئی کام ہے جو تم کرنا چاہتے ہو مگر ڈر کی وجہ سے روک رکھا ہے، تو بس آج ہی، ابھی اس وقت، ایک چھوٹا سا قدم اٹھاؤ۔ کیونکہ یہی ایک قدم تمہاری پوری زندگی کا رخ بدل سکتا ہے۔

