Monday, 08 June 2026

Announcement!

اب اپ ہمارے یوٹیوب چینل کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اب آپ کی تحریر کے ساتھ آپ کی آواز اور تصویر بھی دنیا تک پہنچے گی۔ اپنی تحریر کو اپنے موبائل سے بصورت ویڈیو ریکارڈ کریں اور ہمیں ارسال کر دیں۔

مزید تفصیلات کے لئے ہم سے رابطہ کریں۔۔

  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Ali Zaidi
  4. Kya Messi Final Jeet Sakte Hain?

Kya Messi Final Jeet Sakte Hain?

کیا میسی فائنل جیت سکتے ہیں؟

فٹبال کی تاریخ میں ارجنٹینا کا نام آتے ہی دو چہرے سب سے نمایاں ہوجاتے ہیں، ڈیاگو میراڈونا اور لیونل میسی۔ میراڈونا نے 1986 میں ارجنٹینا کو ورلڈکپ جتوایا، جسے آج بھی کسی کھلاڑی کے سب سے بڑے انفرادی کارناموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ چار سال بعد، 1990 میں وہ ارجنٹینا کو دوبارہ فائنل تک لے گئے، لیکن مغربی جرمنی کے ہاتھوں شکست نے اس خواب کو ادھورا چھوڑ دیا۔ اب 2026 میں میسی اپنی کرئیر کے آخری بڑے موڑ پر کھڑے ہیں۔ سوال پھر وہی ہے۔ کیا وہ ارجنٹینا کو دوسرا مسلسل ورلڈکپ جتوا سکتے ہیں؟ کیا وہ کام کرسکتے ہیں جو میراڈونا نہ کرسکے؟

چند دن بعد شروع ہونے والا ورلڈکپ میسی دور کا ممکنہ اختتام ہے۔ وہ اس ٹورنامنٹ کے دوران 39 سال کے ہوجائیں گے۔ اگر ارجنٹینا ٹائٹل جیت جائے تو 1962 کے بعد پہلی ٹیم ہوگی جو مسلسل دو ورلڈکپ جیتے گی۔ آخری بار یہ کارنامہ برازیل نے انجام دیا تھا۔ اس لیے یہ مہم صرف میسی کی ذاتی عظمت کا سوال نہیں، ارجنٹینا کے لیے بھی بہت بڑا موقع ہے۔

میسی کی کہانی ہمیشہ میراڈونا کے سائے میں لکھی گئی۔ برسوں تک ان پر اعتراض کیا جاتا رہا کہ وہ بارسلونا کے لیے سب کچھ جیت سکتے ہیں، لیکن ارجنٹینا کے لیے میراڈونا جیسا کارنامہ نہیں دکھا سکے۔ 2014 کے ورلڈکپ فائنل میں جرمنی سے شکست، 2015 اور 2016 کے کوپا امریکا فائنلز میں ناکامی اور پھر قومی ٹیم سے عارضی ریٹائرمنٹ، یہ سب ان کے گرد ایک ادھورے پن کی فضا بناتے رہے۔ بی بی سی کے تجزیے کے مطابق میسی میں سب سے بڑا تبدیلی یہی تھی کہ وہ اس دباؤ سے ٹوٹنے کے بجائے نئے انداز میں واپس آئے۔ 2021 میں کوپا امریکا جیت کر ارجنٹینا کا 28 سالہ انتظار ختم ہوا اور 2022 میں ورلڈکپ کی فتح نے اس کہانی کو مکمل کردیا۔

لیکن گارڈین کے جوناتھن ولسن نے درست سوال اٹھایا ہے کہ قطر شاید مکمل اختتام نہیں تھا، بلکہ کسی بڑی کہانی کا پہلا حصہ بھی ہوسکتا ہے۔ 2022 میں میسی نے وہ سب حاصل کرلیا تھا جس کی کمی ان کے کریئر پر سوالیہ نشان بنی ہوئی تھی۔ اگر وہ اسی وقت ریٹائر ہوجاتے تو کہانی مکمل اور خوبصورت معلوم ہوتی۔ لیکن عظیم کھلاڑی اکثر کہانی کے تقاضوں سے نہیں، اپنے اندر کے یقین سے چلتے ہیں۔ شاید میسی بھی یہی سمجھتے ہیں کہ وہ ایک آخری معجزہ دکھا سکتے ہیں۔

بات یہ ہے کہ 2026 کا میسی 2010 یا 2014 والا میسی نہیں۔ بی بی سی نے ان کی فنی زندگی کو ایک مسلسل ارتقا کے طور پر بیان کیا ہے۔ پہلے وہ دائیں جانب سے اندر کٹ کرنے والے برق رفتار ونگر تھے، پھر پیپ گارڈیولا کے دور میں"فالس نائن" بنے، پھر گہرائی سے کھیل بنانے والے پلے میکر اور پھر وہ تجربہ کار قائد جو کم دوڑتا ہے لیکن کھیل کو سب سے پہلے پڑھ لیتا ہے۔ اب وہ ہر وقت کھیل پر جسمانی طاقت سے حاوی نہیں ہوتے، بلکہ چند لمحوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ وہ چلتے زیادہ ہیں، دوڑتے کم ہیں، لیکن جب گیند ان کے پاس آتی ہے تو پورا کھیل ایک لمحے کے لیے ان کے ذہن کے تابع ہوجاتا ہے۔

ارجنٹینا کے لیے امید کی بنیاد یہی ہے۔ میسی اب بھی فیصلہ کن لمحے پیدا کرسکتے ہیں۔ 2022 کے سیمی فائنل میں کروشیا کے یوشکو گواردیول کو پیچھے چھوڑنے والی دوڑ نے دکھایا تھا کہ پرانے میسی کی چمک برقرار ہے۔ فائنل میں فرانس کے خلاف پنالٹیز، پوزیشننگ اور فیصلہ کن پاسز نے ثابت کیا تھا کہ وہ صرف یادگار نام نہیں، عملی فرق ڈالنے والے کھلاڑی ہیں۔

لیکن خطرات بھی کم نہیں۔ اے پی کے مطابق میسی ہیم اسٹرنگ مسئلے سے دوچار رہے ہیں، جبکہ ارجنٹینا کے کئی اہم کھلاڑی مکمل فٹ نہیں۔ ایمیلیانو مارٹینیز، کرسٹیان رومیرو، ناہویل مولینا، گونزالو مونتیئل اور لیاندرو پاریڈیس جیسے کھلاڑی فٹنس مسائل سے گزر رہے ہیں۔ کوچ لیونل اسکالونی کے پاس 2022 کے فاتح اسکواڈ کے 26 میں سے 17 کھلاڑی موجود ہیں، لیکن عمر، تھکن اور فٹنس سب سوال ہیں۔ اس کے علاوہ اینخل دی ماریا کی غیر موجودگی بھی اہم ہے، جو قطر کی کامیابی میں میسی کے بعد سب سے نمایاں کرداروں میں سے ایک تھے۔

پھر بھی ارجنٹینا کمزور دفاعی چیمپین نہیں۔ اس نے 2024 کا کوپا امریکا جیتا، جنوبی امریکا کے کوالیفائنگ گروپ میں سرفہرست رہی اور اس کے پاس خولیان الواریز، اینزو فرنانڈیز، روڈریگو ڈی پال اور کئی ایسے کھلاڑی ہیں جو میسی کے گرد کامیابی کا دائرہ بنا سکتے ہیں۔ قطر میں بھی یہی ہوا تھا۔ ڈی پال میسی کی ٹانگیں بن گئے، باقی ٹیم نے ان کے لیے جگہ بنائی اور میسی نے اس جگہ کو تاریخ میں بدل دیا۔

اگر میسی 2026 میں ارجنٹینا کو دوبارہ ورلڈکپ جتوا دیتے ہیں تو بحث شاید ختم ہوجائے گی۔ میراڈونا 1986 کے فاتح اور 1990 کے رنرز آپ تھے۔ میسی 2022 کے فاتح ہیں۔ اگر 2026 بھی جیت گئے تو وہ دو بار عالمی کپ اٹھانے والے قائد بن جائیں گے۔ پھر ارجنٹینا کے شائقین شاید یہ کہنے میں جھجک محسوس نہ کریں کہ ڈیاگو عظیم تھے لیکن میسی ان سے آگے نکل گئے۔

Check Also

Adam Itminan e Insan: Aik Nafsiyati o Fikri Mutalea

By Dr. Muhammad Tayyab Khan Singhanvi