Saturday, 23 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zafar Iqbal Wattoo
  4. Sahib Meeting Mein Hain

Sahib Meeting Mein Hain

صاحب میٹنگ میں ہیں

پچھلے دنوں اسلام آباد کے بہت بڑے سرکاری دفتر میں ایک میٹنگ کے لئے جانا ہوا۔ ہمارا وفد تین افراد پر مشتمل تھا جس میں ایک بیوروکریٹ، ایک بزنس مین اور ہم شامل تھے۔ کسی مسئلے پر بڑے (سیکرٹری) صاحب کو جانکاری چاہئے تھی۔ جب ہم دفتر پہنچے تو سیکرٹری صاحب نے، ہمارے وفد کے بیوروکریٹ صاحب کے ساتھ گرمجوشی اور تابع داری سے مصافحہ کیا۔ بزنس مین کی طرف دیکھے بنا ہی ہاتھ ملایا جب کہ ہمارے مصافحہ کے لئے بڑھے ہوئے ہاتھ کی طرف دیکھنا تک گوارا نہیں کیا اور اپنی سیٹ پر بیٹھ گئے۔ دفتر کے باہر بورڈ لگ گیا "صاحب میٹنگ میں ہیں "۔

میٹنگ شروع ہوئی، پوسٹنگز کے قصے کہانیاں زیر بحث آنے لگے۔ گھنٹے بھر کی نشست میں ہم نے دوتین مرتبہ بات کرنے کی کوشش کی جو کہ صاحب نے سنی ان سنی کردی اور نہ ہی کوئی جواب دیا۔ حیرت کی بات یہ تھی کہ اس ایک گھنٹے میں صاحب کو سرکاری کام سے ایک بھی نہ کال آئی اور نہ ہی انہوں نے کی۔ اتنے بڑے دفتر میں ان کی ایسی فراغت دیکھ کر مجھے ان سے حسد سا ہونے لگا اور پریشانی بھی۔ تاہم اچھی بات یہ تھی کہ انہوں نے اپنے موبائل فون سے اسی دوران چھ سات ذاتی کام ضرور نپٹاۓ۔

خیر ہم ایک گھنٹہ میں بور ہو گئے اور صاحب کو بیوروکریٹ ساتھی کے ساتھ ان کے حال پر چھوڑ کر آہستہ سےان کے کمرے سے باہر سلپ ہوگئےاور دفتر عمارت کی سیر شروع کردی، جس کے صرف ایک مخصوص فلور کے چھوٹے سے حصے تک ہی جانے کی اجازت ملی۔ اسی دوران ہمیں باتھ روم کی ضرورت محسوس ہوئی۔ ایک عالیشان قسم کے بورڈ روم، جس میں ہونے والی میٹنگز ہر دوسرے روز ٹی وی پر دکھائی جاتی ہیں، کے ساتھ ملاقاتیوں کی ایک شاندار انتظار گاہ تھی۔ اس انتظار گاہ کے ساتھ ملحق باتھ روم تھا جسے استعمال کرنے کی ہمیں اجازت ملی۔

بزنس مین دوست پہلے باتھ روم میں گئے اور واپسی پر خبر سنائی کہ اندر پانی ہی نہیں ہے۔ پتہ چلا کہ اتنی اہم جگہ کے باتھ روم میں پانی آ ہی نہیں رہا حالانکہ ساتھ والے کمرے میں صاحب بیٹھے ہوئے تھے۔ میں پریشانی میں واپس ملاقاتیوں والی انتظار گاہ میں آ کر بیٹھ گیا جس کے بڑے شیشے والی کھڑکیوں سے دارلحکومتی شہر نظر آرہا تھا۔ میں سوچ رہا تھا کہ اگر اتنے بڑے صاحب کے باتھ روم میں بھی پانی نہیں پہنچ رہا تو اللہ جانے اس شہر کے عام گھروں میں پانی کی کیا صورت حال ہوگی؟ ان کے بارے میں بھی کوئی سوچ رہا ہے یا نہیں کیونکہ

"صاحب تو میٹنگ میں ہیں "۔

Check Also

Ghair Islami Mulk Ki Shehriat Ka Sharai Hukum

By Noor Hussain Afzal