Tuesday, 24 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Zafar Iqbal Wattoo
  4. Abba Ji

Abba Ji

اباجی

مجھے یاد نہیں کہ اباجی نے اپنی زندگی میں کبھی جان بوجھ کر کسی کو تکلیف دی یا کسی کو تکلیف میں دیکھ کر خو ش ہوئے۔ خوش مزاج اتنے کہ ان کے بچوں کے دوست بھی ان کے ساتھ گھنٹوں کھل کر گپ شپ کرلیتے۔ کھانے پینے کے بے حد شوقین اور زندگی کی چھوٹی خوشیوں کو بڑا بنا کر ان کا بھر پور مزہ لیتے۔

ساری زندگی نہ کسی پر بوجھ بنے اور نہ ہی کسی کو اپنے اوپر بوجھ بننے دیا۔ سادگی ان کا لباس تھا اور مطالعہ اوڑھنا بچھونا۔ تعلیم کی اہمیت سے آگاہ۔ انہوں نے اس دور میں پنجاب یونیورسٹی سے پرائیویٹ بی اے کیا جب لوگ نام کے ساتھ باقاعدہ BA لکھتے تھے۔

ان کے سب بیٹے بیٹیوں نے بھی پنجاب کے دور دراز قصبے سے اٹھ کرپوسٹ گریجویشن تک تعلیم حاصل کی۔ یونیورسٹی اور کالج میں میڈلز اور وظیفے لیے اور اعزاز کے ساتھ تعلیمی سفر مکمل کئے۔

اپنے انتہائی محدود وسائل کے باوجود بچوں کو کبھی احساس محرومی نہ ہونے دیا۔ والدین کی تا زندگی خدمت میں مصروف رہے۔ اپنی ضعیف والدہ کی خدمت کے لئے ملازمت سے آٹھ سال قبل از وقت ریٹائرمنٹ لے لی اور ان کی بھر پور خدمت کی۔

میرے سب سے اہم مشیر وہی تھے۔ زندگی کی ہر اہم آزمائش میں وہ میرے ساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے۔ وہ وقت بھی آئے جب میرے ساتھ اگر کوئی ایک شخص کھڑا ہوا تو وہ اباجی ہی تھے۔

انہوں نے چند ایک کڑے وقتوں میں مجھے اسپورٹ کیا جیسے۔۔

1۔ زرعی زمین خریدنے کی بجائے اپنی ساری جمع پونجی مجھے یونیورسٹی کی تعلیم مکمل کرنے کے لئے دے دی۔

2۔ میرٹ میں ٹاپ پر ہونے کے باوجود میں نے الیکٹریکل انجنئیرنگ کی بجائے نچلے میرٹ والی سول انجنئیرنگ میں داخلہ لینے کو ترجیح دی۔ انہوں نے میری خواہش کی حوصلہ افزائی فرمائی۔

3۔ دیہاتی بیک گراونڈ کی وجہ سے پکی سرکاری نوکری گزیٹڈ 17 سکیل سے جڑے رہنے کے لئے خاندان کے ہر فرد کا دباو تھا۔

سرکار کی نوکری چھوڑ کر پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے کے میرے ناسمجھ آنے والے فیصلے کو صرف انہوں نے سپورٹ کیا۔

4۔ خاندان کے ہر فرد کے سرکاری ملازمت کے بیک گراونڈ کے باوجود انہوں نے مجھے فرسٹ جینریشن بزنس کرنے کے فیصلے میں سپورٹ کیا اور مالی مدد بھی کی۔

رب کا مجھ پر یہ احسان کہ اباجی نے زندگی کے آخری دو تین شب وروز گاوں سے لاہور آکر میرے ساتھ گھر میں گپ آپ کرتے گزارے۔

آج والد محترم کی چھٹی برسی ہے۔ آپ سے درخواست ہے کہ ان کی مغفرت کی دعا فرمائیں۔

Check Also

Gold Jiska Hai, Wo Bhi Hamara Larka Hai

By Asif Masood