Mukhlis Dost Kis Nemat Se Kam Nahi
مخلص دوست کسی نعمت سے کم نہیں
کبھی کبھی ہم اپنی زندگیوں میں ایسے لوگوں کو بہت اہمیت دے بیٹھتے ہیں جو کبھی ہمارے ہوتے ہی نہیں یا ہو ہی نہیں سکتے۔ ایسے لوگ ایک سائے کی طرح ہوتے ہیں جن کے پیچھے بھاگنے سے کچھ پاس نہیں رہتا۔ ہم ان کے ساتھ جتنے بھی مخلص ہو جائیں وہ کبھی بھی ہم پر اعتبار نہیں کرسکتے اور یہ ایک تکلیف دہ بات ہے کہ جس انسان سے آپ بہت محبت کرتے ہوں اور وہ جب دل چاہے آپ کی تذلیل کر دے اور آپ کو جواب بھی نہ دے کہ آخر اس نے ایسا کیوں کیا۔
ایسے دوستوں کے لئے محدود ہو جانا چاہیے۔ کیونکہ وہ آپ کو اپنا نہیں سمجھتے اور اگر آپ ان کے لئے اہمیت رکھتے ہوں گے تو وہ ضرور آپ کے رویے کے بدلاؤ کی وجہ جانا چاہیں گے۔ کبھی بھی کسی کی زندگی میں زبر دستی شامل مت ہوں۔ ہمیں ان لوگوں کو اہمیت دینی چاہیے جو ہم سے بےلوث محبت کرتے ہیں۔ ان کو نہیں جن سے ہم محبت کرتے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ وہ ہم سے جان چھوڑانے کے طریقہ ڈھونڈتے ہوں۔ یا ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ ہمارا وقت بے وقت ان سے بات کرنا ان کو اچھا نا لگتا ہو۔ تو بہتر ہے کہ آپ خود ان سے دوری اختیار کر لیں تاکہ آپ کے درمیان بھرم قائم رہ سکے۔ ان کو ہمیشہ اپنی دعاؤں کا حصہ بنا کر رکھیں۔ جن لوگوں کا تعلق دل سے ہو ان پر دل سے نکلی دعائیں بہت اثر کرتی ہیں۔
بس ہمارا مقصد بھی ان کو خوش دیکھنا ہی ہوتا ہے۔ وہ اگر خوش اور آباد ہیں تو دل کو ایک عجیب سا سکون ملتا ہے۔ ان کی ہر چھوٹی بڑی کامیابی ہمیں ہماری کامیابی لگتی ہے۔ کیونکہ ہماری زندگیوں میں وہ بہت خاص ہوتے ہیں۔ کسی کو بھی اپنے مخلص ہونے کی صفائیاں نا دیں جو آپ کا مخلص دوست ہوگا وہ آپ پر اعتبار کرے گا۔ وہ کبھی آپ سے صفائی نہیں چاہے گا اور نا ہی آپ کے لئے کوئی بھی غلط بات اپنے ذہین میں لائے گا۔ اس کو آپ کی خاموشی چبھے گی۔ آپ کا بدلا ہوا لہجا ان کو اس نقطہء پر لے آئے گا کہ کہیں مجھ سے تو کچھ غلط نہیں ہوگیا۔ یا میری کوئی بات تو نہیں بری لگ گئی۔ وہ ضرور آپ سے وجہ جاننے کی کوشش کریں گے اور جان کر رہے گے۔
مخلص دوست اگر زندگیوں کا حصہ بن جائیں تو یقین جانیں یہ اللہ کی طرف سے انسان کے لئےایک نعمت ہے۔ جو آپ کے ہوتے ہیں وہ اگر آپ سے ناراض بھی ہوں گے نا تب بھی آپ سے دور نہیں جائیں گے۔ بہت محدود ہو جائیں گے مگر رابطہ کبھی نہیں ختم کریں گے۔ ایسے لوگوں کو پہچانئے جو آپ سے اللہ کے لئے خالص محبت کرتے ہیں اور اپنے دلوں کو ان کی طرف سے صاف کریں۔ کیونکہ آپ نہیں جانتے جس کے لئے آپ بدگمان ہو رہے ہوں وہ رب سے آپ کے لئے کتنی خیر مانگتا ہو۔ آج کے اس نفسہ نفسی کے وقت میں جب اپنے خونی رشتے اپنے نہیں تو سچے دوستوں کا ہمارے پاس ہونا اللہ کی طرف سے آپ کے لئے ایک تحفہ ہے۔
ہر انسان کی نیچر مختلف ہوتی ہے اسلیئے اپنے دوستوں کو سمجھیں۔ کچھ لوگ ناراضگی میں محدود ہو جاتے ہیں۔ تو ہمیں لگتا ہے جیسے یہ اوپر سے میٹھے ہیں لیکن دل کے منافق ہیں، اپنے دل میں کبھی نا ختم ہونے والا بغض ر کھتےہیں۔ لیکن یہ آپ کی سوچ ہے ہوسکتا ہے آپ کی کسی بات سے ان کا دل دکھا ہو۔ بدگمانیاں رشتوں کو تباہ کر دیتی ہیں دلوں میں نفرتیں پیدا کرتی ہیں۔ بدگمانی اور بے اعتباری بہترین رشتوں کو کھا جاتی ہیں۔ اسلئے ان بدگمانیوں کو اپنے دلوں میں جگہ نا دیں۔
خاموش ہوجانا مسئلوں کا حل نہیں ہوتا ان سے بعض اوقات دلوں میں دوریاں آجاتی ہیں اور گزرا ہوا وقت اور دوریاں کبھی ختم نہیں ہوتیں۔ اسلئیے الفاظ کا سہارا لے کر اپنے دوستوں کوان کی اپنی زندگی میں اہمیت کے بارے میں بتائیں۔ کیونکہ غلط فہمی کی دیمک رشتوں کو ختم کر دیتی ہے۔ اپنے مخلص رشتوں کو وقت اور توجہ دیں وہ آپ سے بس یہ ہی چاہتے ہیں۔ اپنےمخلص دوستوں اور دوستوں کی شکل میں چھپے دشمنوں کو پہچانیں۔