Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Usama Shabir
  4. Khuda Ki Talash

Khuda Ki Talash

خدا کی تلاش

خدا ایک طاقت کا نام ہے، خدا کو خدا تبھی کہا جا سکتا ہے جب اس کی طاقت لامحدود ہو، خدا کو اپنی خود نمائی کے لئے خدائی چاہیے تھی، وہ پراسرار طاقت چاہیے تھی جس سے وہ کسی مخلوق کے خالق ہونے کا دعویٰ کر سکے، وہ خدا بن گیا مگر اس نے خود کو راز رکھا ایک چھپا ہوا راز، جس کو چھپایا گیا، اس قدر پنہاں رکھا گیا کہ مخلوق کے اندر تک راسخ ہوگیا۔

مخلوق نے خدا کو اس کثرت سے قریب دیکھا کہ وہ منکر ہو گئے کہ یہ تو بہت دور ہے حالانکہ وہ ان میں موجود تھا، مگر مخلوق نے اس کے موجود ہونے کو خود کے وجود سے انکار کر دیا، یہاں سوچنے کی بات یہ ہے کہ جب یہ مخلوق خدا کو پانے اور اس کو ڈھونڈنے کو نکلی ہوئی ہے اور خدا ان کو نہیں مل پا رہا، اس کی دو صورتیں ہو سکتی ہیں کہ یا تو خدا ہے نہیں یا کہیں چھپا ہوا ہے۔۔

مگر چھپنے والی چیز کا ظاہر ہمیشہ باہر ہی رہتا ہے جو کہ مخلوق کی صورت میں باہر موجود ہے، مگر مخلوق خدا سے محبت بھی کرتی ہے، مگر اس ان دیکھے، ان ملے خدا کو پوجتی ہے جو مل ہی نہیں رہا، خدا کو باہر ڈھونڈنے سے نہیں ملے گا، اپنی چیز گم جائے تو اپنوں میں تلاش کرتے ہیں، یا پھر اپنی کھوج لگانی پڑتی ہے، خود کی تلاشنی لینی پڑتی ہے، خدا تو تم ہو جو خود ہو، خدا کہتے ہی اسے جو خود ہو، تم ایک خدا ہو، خود سے ملو گے خدا سے ملو گے، خود سے محبت کرو گے تو ہی خدا سے محبت کر سکو گے۔۔

خود کی کھوج خدا کی تلاش ہے، خودی کی انکاری، خدا کے منکر ہونے کے مترادف ہے، جو شکوہ کرتے ہیں کہ خدا نظر نہیں آتا، انہیں کہو کہ خود کو آئینے میں دیکھا کرو، تمہیں خدا کی شکل نظر آئے گی، تمہاری بناوٹ خدا کی بناوٹ کی عکاسی ہے، تمہارا ہنسنا، خدا کی خوشی ہے، تمہارا رونا، خدا کی دوستی کے مترادف ہے، تم خود سے خدا ہو، جو تم چاہو گے، خدا وہی چاہے گا، جو تم کرو گے خدا وہی کتاب تقدیر میں لکھے گا، تم خود سے دور جاو گے، خدا تمہارے قریب آئے گا، تم ایک زمانہ ہو، جس میں خدا بھی ہے۔۔

تم محبت ہو، خدا محب خودی ہے، تم مقبوضہ ہو، وہ قابض ہے، جو تم ہو، وہ وہی ہے، جو تم نہیں ہو، وہ پھر بھی وہی ہے، تم پہچان ہو، وہ جان ہے، تم عشق ہو، وہ عاشق ہے، تم متعلم ہو، وہ علم ہے، تم رستہ ہو، وہ منزل ہے، تم پسند ہو، وہ محبت ہے، تم خیال ہو، سوچ ہو، وہ امر ہے، تم خود ہو، وہ خدا ہے، سو خدا سے محبت کرنے کو ہمیں خود سے محبت کرنا ہوگی، خدا سے ڈھونڈنے سے پہلے خود کو ڈھونڈو، خدا کی محبت ایک خاموش آواز ہے، دل کے کانوں کو سنائی دیتی ہے۔

Check Also

Elon Musk Ka Vision

By Muhammad Saqib