Thursday, 02 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Umar Farooq/
  4. Ziada Dair Nahi Lage Gi

Ziada Dair Nahi Lage Gi

زیادہ دیر نہیں لگے گی

ہم سب سے ایک خوبصورت اور شاندار زندگی گزارنا چاہتے ہیں، ہم زندگی کو بھرپور "انجوائے" کرنا چاہتے ہیں لیکن روزمرہ کے کام ایسے ہیں کہ ہم ان میں الجھ کر رہ جاتے ہیں، ہماری ضرورتیں ہم سے ہماری زندگی کا ذائقہ چھین لیتی ہیں، حالات کی بھرمار اور پریشانیاں اتنی کہ ہم اپنی زندگی انجوائے ہی نہیں کرپاتے، آخر ان حالات میں ہم کیا کریں جب ہر طرف پریشانیوں کا راج ہے، ہر کوئی انجان منزل کی سمت بھاگ رہا ہے، ان پریشانیوں، ان مصیبتوں اور بلاؤ کے بیچ رہتے ہوئے ہم اپنی زندگی کو کیسے انجوائے کریں؟ خوبصورت اور شاندار زندگی کیسے گزاریں؟ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ انسان کو بہت ساری چیزیں خوش رکھتی ہیں، خوشی حاصل کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ایک تو یہ ہے کہ ہم خود سے سوال کریں میں کن چیزوں سے خوش ہوتا ہوں؟ مجھے کون سا کام کرنے سے خوشی ملتی ہے؟ میں کن لوگوں کے درمیان بیٹھ کر خوشی محسوس کرتا ہوں؟ میں اپنی زندگی کو خوشیوں سے کیسے بھرسکتا ہوں؟

آج یہ چیز ثابت ہوچکی ہے "خوشی ایک عادت کا نام ہے خوش رہنے کے لئے ہمیں اس عادت کو اپنانا پڑتا ہے" مصیبتوں اور ابتلاؤں کے درمیان رہتے ہوئے خوشیوں کو تلاش کرنا پڑتا ہے لہذا یہ یاد رکھیں "خوشی خواہش کرنے سے نہیں بلکہ خوش رہنے کی عادت اپنانے سے نصیب ہوتی ہے چنانچہ خوش رہنے کیلئے اس عادت کو اپنانا شروع کریں " ماہرین نفسیات نے سالوں کی محنت کے بعد کچھ ایسی چیزیں تلاش کی ہیں جن کی مدد سے آپ یقینا خوش رہ سکتے ہیں، ایک خوبصورت زندگی گزار سکتے ہیں، وہ چیزیں کون سی ہیں؟ میں ان کو بیان کرنے سے پہلے ایک مغالطے کی نشاندہی کرنا چاہوں گا "خوشی اور لذت میں زمین آسمان کا فرق ہوتا ہے اور ہم میں سے اکثریت لذت کو خوشی سمجھ رہی ہوتی ہے" لذت کا تعلق ہمارے جسم ہماری مادی ضروریات سے ہوتا ہے، ہم پیسہ میں خوشی کی تلاش کر رہے ہوتے ہیں، ہم مشہور ہوکر خوش ہونا چاہتے ہیں، ہم بڑے بڑے محلوں، عالیشان گھروں میں خوشیاں تلاش کرتے ہیں حالانکہ ان چیزوں کا خوشی کے ساتھ دور دور تک کا تعلق واسطہ نہیں ہوتا، کیوں؟ کیونکہ سائنس بتاتی ہے "آپ کی بنیادی ضروریات پوری ہوجائیں تو پیسہ خوشی کے معاملے میں آپ کی زیادہ مدد نہیں کرسکتا یہ صرف بنیادی ضروریات کی تکمیل تک آپ کا ساتھی ہوتا ہے" جبکہ "خوشی سیدھا آپ کی روح پر اثر انداز ہوتی ہے، یہ ایک ایسے پاکیزہ جذبے اور کیفیت کا نام ہے جسے فقط محسوس کیا جا سکتا ہے" یہی وہ مغالطہ ہے جس کو ہم سمجھ نہیں پاتے اور لذت میں خوشی کی تلاش کر رہے ہوتے ہیں جبکہ بے چینی، بے قراری اپنی جگہ موجود رہتی ہے۔

اب سوال یہ ہے ہم خوشی کے حصول کے لیے کر کیا سکتے ہیں؟ نفسیات دان کہتے ہیں "خوشی ایک ایسا خزانہ ہے جسے قدرت نے مختلف انسانی عادات اور رویوں میں چھپا دیا ہے، ہم جوں جوں ان عادتوں، ان رویوں کو اپنی زندگی کا حصہ بناتے چلے جاتے ہیں ہماری زندگی میں خوشی کا فیکٹر بڑھتا چلا جاتا ہے" ہارورڈ یونیورسٹی نے دنیا میں خوشی پر سب سے طویل ریسرچ کی، جس کے بعد معلوم ہوا "دنیا میں سب سے زیادہ خوش وہ لوگ رہتے ہیں جن کے تعلقات دوسرے لوگوں کے ساتھ مضبوط" 75 سال کی سٹڈی میں تین چیزیں پتہ چلیں 1- سوشل کنکشن ہمارے لیے بہت ضروری ہیں یہ ہماری تنہائی کو مارتے ہیں۔

2- فیملی رشتہ داروں اور دوستوں سے ملنے والے فزیکلی صحت مند رہتے ہیں اور اہم یہ نہیں کہ آپ کے کتنے دوست، کتنے پڑوسی اور کتنی بیویاں ہے اہم چیز یہ ہے کہ یہ کتنے اچھے اور آپ کے ساتھ کتنے مخلص ہیں 3- اچھے تعلقات والے لوگ ان لوگوں کے مقابلہ میں لمبی اور خوشگوار زندگی گزارتے ہیں جن کے تعلقات خراب ہوں۔

"خدمت خلق خوشی کے حصول میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے" دنیا کے تمام وہ لوگ جنہوں نے اپنی زندگیاں لوگوں کے لئے وقف کردیں، مصیبتوں اور پریشانیوں میں ان کی مدد کی ان میں خوشی کا مادہ دوسروں کی نسبت بہت بلند ہوتا ہے، آپ دنیا کے خوش ترین انسان میتھیو ریکڈ کی مثال ہی لے لیجئے، میتھیو کہتے ہیں "میں خوش رہنے کے لئے لوگوں کی مدد کرتا ہوں، ان کا سہارا بنتا ہوں، اس سے مجھے خوشی ملتی ہے" اگر آپ تھوڑا سا غور کریں تو معلوم ہوگا "خدمت خلق کرنے والے بھی لاچار اور بے سہارا لوگوں سے کنکشن میں ہوتے ہیں، جو ان میں خوشی کے لیول کو بہت بلند کر دیتا ہے" اخلاقیات: اچھی اخلاقیات، اچھی عادات، اچھے رویہ ہمیں خوش رہنے میں مدد کرتے ہیں، ہمارے اندر جتنی بری عادتیں ہوں گی ہم اتنا ہی بے سکون ہوں گے اور آپ خود ہی سوچیں بری عادتوں کی موجودگی میں ایک انسان بھلا کیوں کر ناخوش اور بےسکون رہ سکتا ہے؟

مذہب: خوش رہنے کے لیے اس چیز سے کوئی فرق نہیں پڑتا آپ کس مذہب سے تعلق رکھتے ہیں، آپ کا مذہب آپ سے جن چیزوں کا تقاضا کرتا ہے آپ ان کو ممکنہ حد تک پورا کرنے کی کوشش کریں یہ عمل آپ کی روح کو بےحد کشادہ اور مسرت سے بھردے گا۔

خوشی ایک عادت ہے یہ عادت مشقت کرکہ اپنانی پڑتی ہے، خوشی کیلئے دماغ کو بار بار ان چیزوں کی طرف راغب کرنا پڑتا ہے جو خوشی کا سبب بنتی ہیں، بحیثیت قوم ہم منفی چیزوں کو دیکھنے کے عادی ہیں، ہمارے دماغ نے بس ہمیشہ پریشان اور بے سکون رہنے کے طریقے سیکھے ہیں آپ جب تک اس کو خوش رہنے کے طریقہ نہیں سکھائیں گے آپ تب تک خوش نہیں رہ سکیں گے، آپ بس ان عادتوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیجیے آپ کو خوش ہونے میں زیادہ ٹائم نہیں لگے گا۔

Check Also

Jogi Aur Nehru

By Rauf Klasra