Thursday, 09 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Umar Farooq
  4. 2021 Hamari Zindagi Ka Shandar Saal Sabit Hoga?

2021 Hamari Zindagi Ka Shandar Saal Sabit Hoga?

2021 ہماری زندگی کا شاندار سال ثابت ہوگا؟

2020 پوری دنیا کے لئے خوفناک اور دھماکے دار ثابت ہوا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کی معیشیتیں "ڈسٹرب" ہوئیں، کاروبار ٹھپ ہوگئے، سول ایوی ایشن انڈسٹری بیٹھ گئی، بے روزگاری میں بے تحاشہ اضافہ ہوا، لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے، لاکھوں لوگ کرونا کی نذر ہوئے اور کورونا کے خاتمے تک ان میں مسلسل اضافہ ہوتا رہے گا، سب سے بڑھ کر ہمارے بہت سارے قریبی لوگ جن میں کورونا کا نام و نشان تک نہیں تھا ہمیں داغ مفارقت دے گئے، ان سب چیزوں کی موجودگی میں کچھ مثبت چیزیں بھی دیکھنے کو ملیں لیکن مجموعی طور پر دیکھا جائے تو یہ سال پوری دنیا کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوسکا۔

2021 بہت ساری اچھی اچھی خبریں اپنے دامن میں سمیٹے ظہور پذیر ہونے کو ہے جن میں "کورونا ویکسین" سب سے امید افزاں ہے، انسانوں نے ایک سال کے اندر کسی بھی بیماری کے خلاف اتنی پیش رفت نہیں کی جتنی اس سال کورونا کے خلاف دیکھنے میں آئی، عام طور پر ویکسین کی تیاری میں کئی برس لگ جاتے ہیں مگر اس بار ایک سال سے بھی کم وقت میں کئی ویکسینز تیار کرلی گئی ہیں۔ 2021 دنیا میں بہت ساری تبدیلیوں کا سبب بنے گا لیکن ان سے قطع نظر سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سال ہماری زندگی میں بھی کوئی تبدیلی آسکے گی یا نہیں؟ یہ سال ہماری انفرادی زندگیوں میں بھی کوئی انقلاب برپا کرسکے گا یا نہیں؟ یا پھر یہ بھی ان گزشتہ سالوں جیسا ہوگا جو آئے اور پلک چھپکتے گزرگئے، بل گیٹس اپنا ہر سال پلان کرتے ہیں، کاروبار کہا تک پہنچانا ہے، کتنے فلاحی کاموں میں حصہ لینا ہے، کونسی کونسی ریسرچز شروع کروانی ہیں، کتنی کتابیں پڑھنی ہیں، فیملی، دوستوں اور رشتے داروں کو کتنا وقت دینا ہے اور کونسی کونسی اچھی عادات کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا اور کونسی بری عادتوں کو خارج کرنا ہے۔ اگر ہم بھی بل گیٹس کی طرح چند فیصلے کرکہ ان پر کسی بھی صورت میں عملدرآمد کا تہیہ کرلیں تو 2021 میری، آپ کی، ہم سب، کی زندگیوں میں بہت ساری تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے وگرنہ(یہ سال ضائع کرنے کا مطلب تو یہی ہے) کیا فرق پڑتا ہے کہ بیکار سالوں میں ایک اور سال کا اضافہ ہوجائیگا۔

اس سال ہمیں "سکون" نصیب ہوسکتا ہے اگر ہم "صبر" کرنا سیکھ لیں، ہم صدقہ خیرات کرنا شروع کردیں، اگر ہم "غم" کو برداشت کرنا سیکھ لیں، واصف صاحب علیہ الرحمہ فرماتے ہیں " اپنی مرضی اور اللہ کی مرضی میں فرق کا نام "غم" ہے گویا اگر مرضی کو اللہ کی مرضی کے تابع کردیا جائے تو یہ "خوشی" بن سکتی ہے، یہ اطمینان اور سکون کا ذریعہ بن سکتی ہے اور اگر ہم اس سال یہ فیصلہ کرلیں "ہم نے اپنی خواہشیں، اپنے فیصلے بلکہ اپنا آپ اللہ کے حوالے کردینا ہے تو 2021 سکون کا ذریعہ بن سکتا ہے، ہم اس سال "نفرتیں" کم کرکہ "محبتیں"سمیٹ سکتے ہیں، بزرگوں کی "خدمت" کرکہ خود کو ان کی "دعاؤں" اور "شفقتوں" کا حقدار ٹھہرا سکتے ہیں، ہم جھوٹ، بدگوئی، بدکلامی اور بدتہذیبی ترک کرکہ اس معاشرے پر احسان کرسکتے ہیں، لوگ بھی کیا ہیں "ستاروں میں اپنی قسمتیں ڈھونڈتے پھر رہے ہوتے ہیں" یہ اپنی ہاتھوں کی لکیروں میں اپنی زندگیاں تلاش کررہے ہوتے ہیں حالانکہ زندگی تو یہ ہے کہ انسان اپنے آپ کو تلاش کرے اور اس سال ہم خود کو تلاش کرنے کا سفر شروع کرسکتے ہیں، ہم اپنی سوچیں بدل کر اپنی زندگیاں تبدیل سکتے ہیں، تو پھر کیوں نا ہم اس سال اپنی سوچوں کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کریں۔

ہم اچھی کتابوں، اچھے لوگوں اور اچھی جگہوں کو اپنی زندگی کا حصہ بناسکتے ہیں، ہم شکر، صبر، قناعت، رواداری، تمیز، تہذیب اور سلیقہ بندی کو اس سال اپنی زندگی کا حصہ بناسکتے، یہ یاد رکھیں چھوٹے چھوٹے فیصلے ہی دارصل بڑے بڑے فیصلے ہوتے ہیں بلکہ یہی حقیقی فیصلے ہوتے ہیں اور اگر ہم ان چھوٹی چھوٹی بامقصد چیزوں کو اس سال اپنی زندگی کا حصہ بنالیں تو یقینا 2021 ہماری زندگی کا شاندار سال ثابت ہوسکتا ہے، کچھ لوگ یہ سوچ کر بہت ساری چیزوں کو سالوں، دنوں اور مہینوں تک ملتوی کردیتے ہیں کہ فلاں وقت یا فلاں دن یہ فیصلہ یا یہ کام کریں گے جبکہ ان کے پاس اس چیز کی کوئی ٹھوس وجہ موجود نہیں ہوتی، چھوٹے چھوٹے بامقصد کام جو مل کر ایک شاندار انسان کی باکمال زندگی تخلیق کرتے ہیں وہ کسی مخصوص وقت یا کسی مخصوص سال کے محتاج نہیں ہوتے لیکن کیونکہ ہم اپنی روایتی سستی کا شکار ہوتے ہیں اس لئے ہم ان پر خاص توجہ نہیں دیتے مگر اس سال اگر ہم اس سستی کو مرکز نگاہ رکھنے کے بجائے ان افعال پر توجہ دیں تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ "2021 آپ کی زندگی کا شاندار ترین سال ہوگا" آپ کو اگر یقین نہ آئے تو آزما کر دیکھ لیجئے۔

Check Also

Arif Iqbal Bhatti Aur Salman Taseer, Do Siasi Qatal

By Muhammad Aamir Hussaini