Sunday, 24 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Jawad Hussain Rizvi
  4. Andhi Himayat

Andhi Himayat

اندھی حمایت

روس کی اس وقت یوکرین پر جارحیت جاری ہے۔ ایک طرف پاکستان پر مغربی بلاک کی طرف سے پریشر رہا کہ روس کی مذمت کرے، دوسری طرف یہی پریشر ہندوستان پر بھی رہا ہے۔ دونوں نے روس کی مذمت کرنے سے اجتناب کیا ہے۔ ہندوستان کے اوپر روس کے احسانات ہیں جبکہ پاکستان چین کے ساتھ مکمل کھڑا ہے، جس کے ساتھ چین ہوگا پاکستان بھی اسی کے ساتھ ہے۔

پاکستانیوں اور ایرانیوں کا ایک بڑا طبقہ ایسا ہے جو روس کی حمایت میں سر بکف ہو چکا ہے۔ اس کی وجہ امریکہ مخالف بیانیہ معلوم ہوتا ہے لیکن حقیقت میں دیکھیں تو روس کی سوچ بھی استعماری رہی ہے۔ یہ روس ہی تھا جس نے بیسویں صدی عیسوی کے اوائل میں دنیا کے ایک بڑے حصّے پر اپنی سامراجیت کے پنجے گاڑ دیے تھے۔

وسطی ایشیا کی مسلمان ریاستوں قازقستان، کرغیزستان، بخارا و ثمرقند و خیوہ (موجودہ ازبکستان)، تاجیکستان و ترکمنستان پر یکے بعد دیگرے قابض ہوا۔ کوہ قفقاز کے علاقوں میں چچنیا، داغستان، جارجیا، آرمینیا اور آذربائیجان پر قابض ہوا جو اس وقت تک ایران کا حصّہ تھا۔

روس میں کمیونسٹ انقلاب کے بعد ان تمام علاقوں میں بھی کمیونزم جبری طور پر نافذ کر دی گئی جس کے بعد مسلمانوں سمیت تمام مذاہب کے پیروکاروں پر پابندی عائد کر دی۔ مذہب پر یلغار کے ساتھ ساتھ ثقافت و زبان کے ساتھ بھی جارحیت کی گئی۔

مقامی ثقافتوں کو مکمل ختم کر دیا گیا اور روسی زبان زبردستی کے ساتھ ان علاقوں میں رائج کر دی گئی۔ اس مقصد کے لئے مفتوحہ علاقوں میں کثیر تعداد میں روسیوں کو بسا دیا گیا۔ اس قدر زور زبردستی تو برطانیہ نے ہندوستان میں نہیں کی۔

کہنا صرف یہ ہے کہ روس کو دوبارہ موقع ملے وہ بھی سامراج بننے میں دیر نہیں لگائے گا لہذا اندھی حمایت سے گریز کریں۔

Check Also

Hikmat e Amli Ko Tabdeel Kijye

By Rao Manzar Hayat