Saturday, 06 July 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Syed Atif Kazmi
  4. Makafat e Amal

Makafat e Amal

مکافات عمل

ریحانہ رانا راٹھور گزشتہ اڑھائی تین سال سے میرے ساتھ فیس بک پہ ایڈ ہیں۔ مختلف معاشرتی موضوعات پہ ان کی بے شمار تحاریر میری نظر سے گزریں لیکن پہلی بار باقاعدہ طور پر ان کی کتاب پڑھنے کا موقع ملا۔ کچھ دن قبل جب ہم نے آجڑی اور مکافات عمل کا وٹا سٹا کیا تھا تو طے پایا تھا کہ ایک دوجے کی کتب پہ کچھ نہ کچھ لازمی لکھیں گے۔

"مکافات عمل" ریحانہ کی پہلی تخلیق ہے۔ اس کتاب میں میں مختلف معاشرتی موضوعات و مسائل کے ساتھ بالخصوص سوشل میڈیا پہ بننے والے تعلقات کو زیر بحث لایا گیا ہے۔ ایک مڈل کلاس لڑکی کو سوشل میڈیا پہ ایک لڑکے سے محبت ہوتی ہے، وہ اسے شہزادہ چارلس سمجھتی ہے لیکن اسے بہت بعد میں پتہ چلتا ہے کہ شہزادہ چارلس دراصل کچی آبادی کا کالو خان ہوتا ہے۔ اسی لڑکی کا بھائی درحقیقت خوبصورت تو ہے لیکن پڑھا لکھا برسر روزگار نہیں ہوتا وہ بھی ایک شریف زادی کی زندگی سے کھیلتا ہے۔ اس کے علاؤہ خونی رشتوں میں حسد، جلن، رقابت و نفرت بھی اسی کتاب کا موضوع ہیں۔

چوں کہ یہ ریحانہ کی پہلی کتاب ہے لہذا ہو سکتا ہے آپ کو کچھ جگہوں پہ مناظر میں یکسانیت بھی محسوس ہو لیکن اس کے باوجود ریحانہ الفاظ کی چاشنی میں گہری تنقید کرنے کا ہنر جانتی ہیں۔

180 صفحات کی اس کتاب میں آپ کو عام کہانیوں کی طرح ہیرو یا ہیروئن دیکھنے کو نہیں ملے گی بلکہ تقریباً پانچ سے چھ خاندانوں کے بے شمار کردار پڑھنے کو ملیں گے حتی کہ آخر میں اگلی نسل کے بچے بھی نظر آئیں گے۔ پہلے پہل تو آپ کو کرداروں کے نام بھی یاد رکھنا مشکل ہو جائیں گے لیکن جیسے جیسے کہانی آگے بڑھے گی، مناظر ڈرامائی انداز میں تبدیل ہوں گے اور آپ کی دلچسپی بھی بڑھتی جائے گی۔

یہ کتاب ہمیں سکھاتی ہے کہ ہم اگر کسی کے لیے گڑھا کھودیں گے تو خود بھی اسی گڑھے میں گریں گے۔۔ یہی مکافات عمل ہے۔

میں بطور قاری ریحانہ کی اولین کاوش کو سراہتا ہوں اور امید رکھتا ہوں کہ مستقبل میں وہ مزید خوبصورت کہانیاں تخلیق کرتی رہیں گی۔

Check Also

Zindagi Ka Maqsad

By Azhar Hussain Bhatti