Saturday, 20 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Shaaz Malik/
  4. Samundaron Doonge

Samundaron Doonge

سمندروں ڈونگے

کون زاہد ہے، کون عابد ہے؟ یہ رب کی نگاہ جانتی ہے، وہ جو انسان کی شہ رگ کے پاس ہے، وہ علیم و خبیر ہے، ہاں اس نے ہم انسانوں کو ایک مقررہ معیاد دے رکھی ہے۔ ہمارے دل کی بے اختیاری کو بھی کئی اختیار سونپ رکہے ہیں، اور ہمارےاحساس کی بے خیالی کو بھی کئی خیال سونپ رکھے ہیں، اسی نے آنکھ کی بینائی کو کئی خواب سونپ رکھے ہیں۔

ہماری سماعتوں کو کئی روگ سونپ رکھے ہیں، اور روح کو روحانیت کے کئی نور سونپ رکھے ہیں، سب سے بڑھ کر یہ کہ اس نے انسان کو یہ شعور دے رکھا ہے کہ اسے کیا کرنا ہے؟ مجھے میرے احساس و شعور نے یہ بتایا اور سمجھایا ہے کہ مجھے اپنے نفس کو ندامت کے قفس میں قید رکھنا ہے، اور انا کی سرکشی کو عجزکے دائرے میں لا کر قابو میں رکھنا ہے۔

اور پھر آنسوؤں کے پانی سے روح کے آئینے پر پڑی گرد کو دھوتے ہوۓ صاف پوتر کرنا ہے، تاکہ یہ آئینہ اتنا شفاف ہو جاۓ کہ جب میں اس میں دیکھوں تو مجھے ماسوا اپنے گناہوں کے کچھ نظر نہ آۓ اپنی خطاؤں کے سوا کچھ نظر نہ آۓ مجھے دوسرے لوگ نہ نظر آئیں نہ انکےگناہ اور نہ انکی خطائیں۔ میری ہاتھ کی انگلی ماسوا اپنے کردار کے سوا کسی کی طرف نہ اُٹھے۔

مجھے اپنے اعمال سیدھے رکھنے کی فکر کے سوا کیا فکر ہو گی کہ جس کے گھر میں آگ لگی ہو وہی اس کو بجھانے کی سب سے زیادہ جدوجہد کرتا ہے۔ مجھے اپنے اعمال کے ذریعے اپنی قبر کی گرمی کے ہولناک تصور سے ڈرتے گھبراتے ہوۓ، اسکی ٹھنڈک کا انتظام کرنا خود ہی ہے نہ کہ دوسروں پر الزام تراشی کر کے انکے جنتی جہنمی ہونے کا فیصلہ کرنا ہے۔

ناں ناں یہ کام تو میرے پاک پروردگار کا ہے۔ اس سوہنے سچے رب کا ہے، جو چاہے تو بندے کی ساری عمر کی عبادت ایک گناہ پر رائیگاں کر دے اور جو وہ چاہے تو ساری عمر کے گناہ ایک نیکی پر معاف کر دے کیونکہ وہ تو بے نیاز ہے۔ وہ جو چاہے سو کرے کیونکہ میرا سچا سوہنا ربّ اعمال پر نہیں دل اور روح کی نیت اور پاکیزگی دیکھتا ہے، وہ ہر شے سے با خبر ہے اس کے ترازو کا تول ہمیشہ صحیح پلڑے کا فیصلہ کرتا ہے۔

اور اٹل فیصلہ کرتا ہے، اور اس سے پہلے کہ احساس و شعور ساتھ چھوڑ جائے ریا کاری چھوڑ دیجئیے بس عجز کا دامن تھام کر جھکنا سیکھ جائیے سجدہ کرنا سیکھ جائیے، دوسروں کو بد اور خود کو نیک سمجھنا چھوڑ دیجئیے۔ سب کی بخشش کی دعا کیجئیے اور پھر اپنی بخشش کی دعا کیجئیے سب کو معاف کرتے ہوۓ پھر خود کے لئے معافی مانگئیے ربّ تعالیٰ ہم سب کو معاف فرما دے اور ہماری بخشش کا سامان فرما دے آمین ثمہ آمین۔

Check Also

Bharat Janoobi Asia Ka Israel Banta Ja Raha Hai

By Asif Mehmood