Monday, 02 March 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sami Ullah Rafiq
  4. Modernism And Postmodernism

Modernism And Postmodernism

ماڈرن ازم اور پوسٹ ماڈرن ازم

دنیا اور انسان کو سمجھنے کی کوشش میں ادب اور فنون لطیفہ نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ بیسویں صدی کے آغاز سے لے کر آج تک ہماری سوچ کے طریقے، معاشرے کے اصول اور فن کی شکلیں دو بڑے فکری انقلابوں، ماڈرن ازم اور پوسٹ ماڈرن ازم، سے گزری ہیں۔ یہ دونوں اصطلاحات نہ صرف ادبی تحریکیں ہیں بلکہ یہ دنیا کو دیکھنے، پرکھنے اور سمجھنے کے مکمل فلسفے ہیں۔ ماڈرن ازم اور پوسٹ ماڈرن ازم کو سمجھنے کا مطلب ہے کہ ہم اس سوال کا جواب تلاش کریں کہ تاریخ کے مختلف ادوار میں "سچ" اور "حقیقت" کے معنی کس طرح بدلتے رہے ہیں اور ادیبوں نے ان تبدیلیوں کا اظہار کیسے کیا۔

ٹوٹے ہوئے ٹکڑوں میں ایک نیا نظام ڈھونڈنا ایک ایسی فکری تحریک تھی جس کی ابتدا انیسویں صدی کے آخر اور بیسویں صدی کے آغاز میں ہوئی۔ یہ تحریک عالمی جنگوں کی تباہ کاریوں اور صنعتی انقلاب کے بعد پیدا ہونے والی شدید مایوسی کا ردِ عمل تھی۔ لوگوں نے اس وقت یہ محسوس کیا کہ سائنس نے جو بڑے بڑے وعدے انسانیت سے کیے تھے وہ پورے نہیں ہو سکے۔ اس کے برعکس دنیا زیادہ بربادی کی طرف چلی گئی ہے۔ اس احساس نے ادیبوں اور فنکاروں کو مجبور کیا کہ وہ زندگی کو دیکھنے کے روایتی طریقوں کو مکمل طور پر ترک کر دیں۔

ماڈرن ادیبوں کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ اگرچہ دنیا ٹوٹ اور بکھر گئی ہے پھر بھی ان بکھرے ہوئے ٹکڑوں کو جوڑ کر شاید کوئی نیا، گہرا اور ٹھوس معنی تلاش کیا جاسکتا ہے۔ وہ پرانے ادبی اور فنی ڈھانچوں کو توڑ رہےتھے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے کہانی کو سیدھے طریقے سے بیان کرنا چھوڑ دیا اور "حقیقت کا بکھراؤ" اور "ذہن کا بہاؤ" جیسی تکنیکیں استعمال کیں تاکہ انسان کی اندرونی دنیا کی پیچیدگی اور بکھری ہوئی حقیقیت کو درست طریقے سے دکھایا جاسکے۔

انگریزی ادب میں جیمز جوائس کا ناول یولیسز اور ٹی ایس ایلیٹ کی مشہو ر زمانہ نظم "دا ویسٹ لینڈ" ہیں۔ جہاں مختلف زبانوں، ثقافتوں اور تاریخی حوالوں کے ٹکڑوں کو جوڑ کر بیسویں صدی کی روحانی بنجر پن کو دکھایا گیا ہے۔ روسی ادب میں میخائل بلگاکوف کا ناول"دا ماسٹر اینڈ مارگریٹا" سویت معاشرے پر طنز ہے۔ اردو ادب میں سعادت حسن منٹو کے افسانے جیسے"ٹوبہ ٹیک سنگھ" اس رجحان کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے سماجی حقیقت کو بغیر کسی ہچکچاہٹ کے، بالکل ننگی شکل میں دکھایا اور روایتی اخلاقی اصولوں کو توڑ دیا۔

پوسٹ ماڈرن ازم تقریباً 1960 کی دہائی کے بعد شروع ہواجب ماڈرن ازم کی معنی تلاش کرنے کی کوششیں تھک ہار کر ختم ہوگئیں۔ پوسٹ ماڈرن ازم ایک بنیادی سوال سے شروع ہوتا ہے۔ کیا کوئی عظیم سچ موجود ہے؟ چاہے وہ سائنس ہو، مذہب ہو یا کوئی بڑا سیاسی نظریہ۔ پوسٹ ماڈرن ادیبوں کا جواب یہ ہے کہ نہیں۔ کوئی بھی حقیقت حتمی نہیں۔ سب کچھ صرف ایک کہانی یا ایک کھیل ہے۔ یہ تحریک عالمی سرد جنگ کی ناکامی اور ذرائع ابلاغ اور ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کے نتیجے میں پیدا ہوئی، جہاں حقیقی سچ کو پہچاننا ناممکن ہوگیا۔

اردو ادب میں پوسٹ ماڈرن رجحانات تقسیمِ ہند کے بعد کے افسانہ نگاروں جیسے انتظار حسین کی تحریروں میں نظر آتے ہیں۔ انتظار حسین نے تاریخ، خوابوں اور یادوں کو ملا کر ایک ایسی دنیا بنائی جہاں حقیقت مسلسل بدلتی رہتی ہے۔ وہ ایک سیدھی سچائی پیش نہیں کرتے۔ اس کے بر عکس یادوں اور قصوں کے ذریعے شناخت اور تاریخ کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کا سوال اٹھاتے ہیں۔ جدید اردو فکشن میں لسانی مزاح (جیسے مشتاق احمد یوسفی کے ہاں) اور خود پر طنز بھی پوسٹ ماڈرن رنگ لیے ہوئے ہے۔ یہ رجحان ثابت کرتا ہے کہ کوئی بھی حقیقت ہمیشہ کے لیے اٹل نہیں ہوتی۔

ماڈرن ازم ایک شدید اندرونی جستجو کا دور تھا جہاں فنکار نے مایوسی کے باوجود کسی نہ کسی بڑے سچ کی تلاش جاری رکھی۔ یہ ایک سنجیدہ اور دکھ بھرا دور تھا۔ اس کے برعکس پوسٹ ماڈرن ازم اس تلاش سے تھک ہار کر یا اکتا کر پیدا ہوا۔ یہ کہتا ہے کہ اگر کوئی سچ نہیں ہے تو پھر کیوں نہ اس بے معنویت میں مذاق کیا جائے اور دنیا کو ایک بڑے سرکس کی طرح دیکھا جائے۔ آج کا دور میں جہاں خبریں اور فینٹسی تیزی سے ایک دوسرے میں مدغم ہو رہی ہیں وہا ں پوسٹ ماڈرن ازم کے نظریات کی جیت ہے۔ یہ دونوں تحریکیں ہمیں سکھاتی ہیں کہ ادب صرف کہانیاں سنانا نہیں، بلکہ ہمارے ارد گرد کی مسلسل بدلتی ہوئی حقیقت کو ایک نیا معنی دینے یا معنی نہ دینے کے بارے میں ہے۔

About Sami Ullah Rafiq

The Author is a Lecturer of English Language and Literature in a private institute. He pens various historical and socio-political topics and global developments across the globe along with his own insight.

Check Also

Pakistan, Afghanistan Se Chahta Kya Hai?

By Muhammad Riaz