Friday, 29 March 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Saleem Zaman/
  4. Loh o Qalam, 3D Printer Aur ChatGPT

Loh o Qalam, 3D Printer Aur ChatGPT

لوح و قلم،تھری ڈی پرنٹر اور چیٹ جی پی ٹی

جب تک 3D پرنٹر نہیں بنا تھا، اور آج کا chat GPT نہیں ایجاد ہوا تھا۔ لوح محفوظ اور قلم کی آیات کی تشریح بہت سادہ الفاظ میں کی جاتی تھی۔ حالانکہ اللہ کریم کی ٹیکنالوجی اس تمام ٹیکنالوجی سے کہیں کہیں بہت زیادہ آگے ہے جو ہم تاقیامت ایجاد کریں گے۔ آج ہم "چیٹGPT" سے متعارف ہو رہے ہیں اسے جو کہہ دیا جاتا ہے وہ اسی زبان میں ویسے ہی ایک مفصل مضمون لکھ دیتا ہے۔ اور 3D پرنٹر کو جو کمانڈ دے دی جائے وہ اس چیز کو ظاہری طور پر وجود میں لے آتا ہے۔ حتٰکہ خلاء میں ناسا نے زمین سے 3D کمپیوٹر سے جہاز کا پرزہ بنایا۔

In 2014, Made In Space, Inc. (MIS), with NASA, changed the world by manufacturing the first object in space with the 3D Printing in Zero-G Experiment (3DP)

یہ تھری ڈی پرنٹر "کن فیکون" کی ایک سادہ تفسیر بھی ہے۔

ترجمہ: اس کی تو یہ شان ہے کہ جب وہ کسی چیز کا ارادہ کرتا ہے تو اتنا ہی فرما دیتا ہے کہ ہو جا، سو وہ ہو جاتی ہے۔ (سورۃ یاسین)

چیٹ جی پی ٹی اے آئی بوٹ کیا ہے؟

چیٹ جی پی ٹی ایک ڈائیلاگ پر مبنی اے آئی چیٹ بوٹ پروٹو ٹائپ ہے جو قدرتی و انسانی زبان کو سمجھ سکتا ہے اور متاثر کن تفصیلی انسان جیسا تحریری متن تیار کر سکتا ہے۔ گارڈین کی ایک رپورٹ کی وضاحت کی گئی ہے کہ یہ ٹیکسٹ جنریشن اے آئیز کے جنریٹو پری ٹرینڈ ٹرانسفارمر (GPT) خاندان کا سب سے حالیہ ارتقاء ہے۔ اس کی سب سے پہلی قسم 2017 میں لانچ ہوئی تھی۔ اور جدید ترین قسم 2022 نومبر میں لانچ کی گئی۔

لیکن جب ہم اللہ کے لوح اور قلم کی بات سوچتے ہیں تو اسے ایک پرانے زمانے کی تختی اور قلم تصور کرتے ہیں۔ ابھی جو کچھ انسان کے ہاتھوں بن چکا ہے، اگر اسی کو ہم سمجھ جائیں تو شائد قدرت الٰہیہ اور قرآن کے جدید مفہوم سمجھنے میں آسانی ہو۔

قرآن پاک اور احادیث میں لوح اور قلم کی تعریف کچھ یوں ہے۔

1۔ ترجمہ۔ ن، اے پیغمبر قسم ہے قلم کی، اور اس چیز کی جو وہ لکھ رہے ہیں (آیت 1، سورت القلم 86)

2۔ ترجمہ۔ پڑھو، اور تمہارا ربّ سب سے زیادہ کرم والا ہے، جس نے قلم سے تعلیم دی (آیت 4، سورت العلق 69)

ترجمہ حدیث۔ حضرت عبادہ ابن ثابت نے اپنے بیٹے سے کہا۔ حضورؐ سے میں نے کہتے ہوئے سنا، اللہ تعالیٰ نے سب سے پہلے قلم کو پیدا کیا، اس سے کہا کہ لکھو، قلم نے کہا میرے ربّ میں کیا لکھوں؟ اللہ نے فرمایا کہ، قیامت کے قائم ہونے تک ہر چیز کی تقدیر لکھو، پھر حضرت عبادہ بن صامت نے کہا، اے بیٹے میں نے حضورؐ سے یہ سنا ہے جو اس تقدیر کے علاوہ پر مرے گا وہ مجھ میں سے نہیں ہے، یعنی مسلمان نہیں ہے۔ (ابو داود شریف، کتاب السنۃ)

ان آیتوں اور حدیث سے پتہ چلا کہ قلم اللہ کی کوئی خاص چیز ہے جسکو سب سے پہلے پیدا کیا اور قیامت تک اور اس کے بعد آنے والی تمام باتوں کو لکھنے کا حکم دیا، اور قلم نے ان تمام باتوں کو لکھ دیا۔

لوحِ محفوظ وہ تختی ہے جس پر ساری کائنات کی تقدیر (علمِ الٰہی) درج ہے۔ اس علم میں سے اللہ پاک جس کو جتنا چاہے عطا فرماتا ہے۔ لوحِ محفوظ مخلوق کی دست و برد سے محفوظ ہے۔ نہ اس میں سے کوئی چوری کر سکتا ہے اور نہ تبدیلی۔ لیکن یہ کیسا لوح ہے اس کو اللہ ہی جانتا ہے۔ شیاطین اور جنات اس لوح تک نہیں پہنچ سکتے کہ اس میں تبدیل یا تحریف کر سکیں، اسی لوح میں قرآن کریم محفوظ تھا، اور ابھی بھی ہے، اس سے نکال کرکے حضور پاک ﷺ پر اتارا گیا جو آج ہمارے سامنے موجود ہے۔

ترجمہ: بلکہ یہ بڑی عظمت والا قرآن ہے جو لوح محفوظ میں درج ہے۔ (آیت22، سورت البروج58)

لوحِ محفوظ کس چیز سے بنی ہے؟ لوح و قلم ان اشیاء میں سے ہیں جن کی حقیقی کیفیت اللہ عَزَّوَجَلَّ اور اس کے بتائے سے سرکارِ دو عالم ﷺ ہی جانتے ہیں، البتہ احادیث میں کچھ کیفیات کا بیان ملتا ہے۔ سرکارِ دو عالم ﷺ نے ارشاد فرمایا، لوحِ محفوظ سفید موتی سے بنی ہے، اس کے صفحات سرخ یاقوت کے ہیں، اس کا قلم نور اور کتابت (لکھائی) بھی نور ہے۔ (حلیۃالاولیاء)

کسی زمانہ میں چوڑی ہڈی یا پتھر یا مٹی یا لکڑی کی چوڑے ٹکڑے کو لوح یا تختی کہا جاتا تھا۔ آج اگر آپ لوحی کمپیوٹر لکھ کر تلاش کریں تو آج کا ٹیبلٹ، IPad سرچ میں ملتا ہے۔

"لوحی کمپیوٹر (tablet computer)، ایک محمولی کمپیوٹر جس کو بنیادی طور پر چھوئی پردہ (touch screen) کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے" وکیپیڈیا۔

آنکھ جو کچھ دیکھتی ہے، لب پہ آ سکتا نہیں

محوِ حیرت ہوں کہ دنیا کیا سے کیا ہو جائے گی

Check Also

Aap Ki Wazir e Aala Aur Digital Propaganda War

By Syed Badar Saeed