1.  Home/
  2. Blog/
  3. Sajid Shad/
  4. Hattrick

Hattrick

ہیٹرک

کرکٹ ممکنات کا کھیل ہے اسی لئے Cricket by chance کہا جاتا ہے۔ اس کے قوانین دوسرے کھیلوں کی نسبت زیادہ پیچیدہ ہیں، پھر ٹسٹ میچ، ون ڈے، ٹی ٹونٹی ہر طرز کی کرکٹ میں کئی قوانین الگ الگ ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل قوانین میں رد و بدل بھی کرتی رہتی ہے اسی لئے دوسری کھیلوں کے شائقین جو کرکٹ نہیں کھیلتے انکے لئے یہ کھیل ایک پہیلی اور عجوبہ ہے۔ کبھی وکٹ اڑ گئی تو بھی بلے باز موجود کیونکہ نو بال ہوگئی، کبھی ٹانگوں پر گیند لگی تو ناٹ آوٹ اور کبھی گیند ٹانگوں سے ٹکرائی تو آوٹ۔

کبھی کیچ پکڑ لیا تو بھی رنز مل رہے ہیں اور کبھی دوڑ دوڑ کر واپس آئے تو پتہ چلا شارٹ رن ہے۔ خیر چند قوانین مستقل اور واضح ہیں، ان قوانین سے ہی بعض اصطلاحات بن گئی ہیں جن کو کرکٹ کی مخصوص اصطلاحات کے طور پر پہچان حاصل ہے۔ لیکن اصطلاح کھیل سے منسوب ہو یا زندگی کے کسی شعبہ سے ایک وقت آتا ہے کہ یہ اصطلاح مستعمل عام ہو جاتی ہے۔ لیکن آج ہم کرکٹ کی مشہور اصطلاح ہیٹرک کے بابت بات کریں گے باقی ہیٹرک کی اقسام پر آپ خود روشنی ڈال سکتے ہیں۔

کرکٹ میں اگر گیند باز (بالر) مسلسل تین گیندیں پھینک کر تین کھلاڑی (رن آوٹ کے علاوہ) آوٹ کر دے تو اسکو ہیٹرک کہتے ہیں۔ ہیٹرک عموماً مخالف ٹیم کی بلے بازی کو تباہ کرکے رکھ دیتی ہے۔ ہیٹرک کو گیند باز کی مہارت کا بہترین نتیجہ کہا جاتا ہے اور یہ گیند باز کی کرکٹ زندگی کا یادگار واقعہ بن جاتا ہے اس پر خوشی منائی جاتی ہے۔ عموماً گیند باز اس گیند کو جس سے ہیٹرک کی ہوتی ہے میچ ختم ہونے کے بعد اعزازی اور یادگاری طور ہر اپنے پاس محفوظ کر لیتا ہے۔ یہ ہیٹرک گیند باز اور اسکی ٹیم کے لئے خوشی اور مسرت کا باعث تو بنتی ہے لیکن ضروری نہیں کہ یہ جیت کا سبب بھی ہو۔

کئی دفعہ ہیٹرک کے باوجود مخالف بلے باز ٹیم سنبھل جاتی ہے اور جیت حاصل کر لیتی ہی۔ ہیٹرک عام طور پر کھیل کے آخری مراحل میں ہوتی ہے جب بلے باز اپنے ہدف کے حصول میں کوشاں ہوتے ہیں تو گیند باز انکی اس اضطراری حالت کا فائدہ اٹھا کر انکو آوٹ کر دیتا ہے۔ ہیٹرک بلے باز بھی کرتے ہیں مسلسل تین گیندوں پر تین چوکے لگا کر یا تین مسلسل گیندوں پر تین چھکے لگا کر، لیکن یہ ہیٹرک کوئی بہت یادگار واقعہ نہیں سمجھی جاتی لیکن یہ جیت کو آسان بنا دیتی ہیں۔

زندگی میں کامیابی کیلئے ارادہ، محنت اور یکسوئی کی ہیٹرک درکار ہوتی ہے۔

زندگی میں کامیابی کی خوشی مناتے ہوئے بھی اطمینان، سبق اور نئی منزل کے تعین کی ہیٹرک کرنا چاہیئے۔

Check Also

Jamhoor Ki Danish Aur Tareekh Ke Faisle

By Haider Javed Syed