Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Sajid Shad
  4. Chuttiyan Aur Mehman

Chuttiyan Aur Mehman

چھٹیاں اور مہمان

عیدالالضحی کی رونقیں تمام ہوئیں، کئی گھرانے بچوں کے ساتھ سسرال گئے، یا اپنے گھروں میں آنے والے سب احباب سے عید ملے، گوشت کے پکوان کھائے، لذیز کھانوں سے لطف اندوز ہوئے یہ سب اس لئے ممکن ہو سکا کہ ان گھروں میں موجود خواتین نے سخت گرمی میں باورچی خانہ میں محنت سے کھانے تیار کئے۔ ان کا شکریہ ادا کرنا ان کو تحائف دینا ازحد ضروری ہے۔

آپ کا یہ عمل ان کو تازہ دم کر دے گا۔

اب آتے ہیں اہم مسلہ کی طرف، بچوں کو اسکول سے چھٹیاں ہیں یہ چھٹیاں ملک میں سخت ترین گرمی کی وجہ سے دی گئی ہیں۔ موجودہ شدید گرمی پچیس جون 25 June تک برقرار رہے گی، اس وقت تک بچوں کو گھروں میں رکھیں خصوصا دوپہر کے اوقات میں تو ہرگز باہر نہ جانے دیں۔

اگلے تین ہفتے بچوں کے ساتھ انکے ننہال یا ددھیال یعنی اپنے میکے یا سسرال جانے کا ارادہ ترک کر دیں۔ ہر گھر میں سخت ترین موسم سے نمپٹنے کیلئے وسائل محدود اور اس گھر کے افراد کیلئے ہی بمشکل ہوتے ہیں، ایسے میں اپنی فیملی سمیت وہاں جا کر انہیں مشکل میں مبتلا نہ کریں۔

جولائی کی ابتدا سے ہی بارشیں شروع ہو جائیں گی پھر بچوں کو ضرور لے کر جائیں، لیکن کوشش کریں اپنا قیام زیادہ لمبا نہ ہو مختصر وزٹ سے زیادہ عزت افزائی ہوتی ہے۔

بچے جب ننہال جائیں یا ددھیال جائیں انہیں وہاں اپنے ہم عمر کزن ملتے ہیں انکا وقت یادگار ہوتا ہے وہاں سے عموماََ تحائف بھی ملتے ہیں۔ اس عمل کو باہمی محبت بھرا بنانے کیلئے ضروری ہے کہ خواتین و حضرات کہیں مہمان جائیں تو ہاتھ لٹکاتے نہ جائیں، تحائف لے کر جائیں، موسمی پھل، میزبانوں کی پسند کے کیک میٹھائی یا اپنے علاقے کی کوئی مخصوص سوغات بچوں کیلئے کتابیں کھلونے اور کوئی دوسری چیزیں کپڑے جوتے ڈیکوریشن کی اشیاء وغیرہ لے جا سکتے ہیں۔

یہ انتہائی گھٹیا سوچ ہوتی ہےکہ سسرال سے یا بڑوں کے گھر سے کھانا تحائف لینا تو اپنا حق سمجھیں لیکن وہاں جاتے ہوئے خالی ہاتھ نہایت بےشرمی سے جا پہنچیں۔

پھر خواتین خصوصا یہ بھی خیال رکھیں بھلے یہ آپ کے ماں باپ کا گھر ہے لیکن اب آپ اس گھر کا فرد نہیں ہیں وہاں کوئی بھی چیز استعمال کرتے ہوئے احتیاط کریں اور متعلقہ بندے سے پہلے پوچھ لیں۔

اگر والدین وفات پا گئے ہیں اور بھائی بھاوج کے پاس آپ گئیں ہیں تو پھر بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے آپ احسان مندی کے جذبات ظاہر کریں گی تو بھائی بھاوج آپ سے زیادہ محبت کریں گے آپ کا زیادہ خیال رکھیں گے۔

ایک اور اہم بات

بچوں کو بھی سمجھائیں اور خود بھی سمجھیں کہ ہر گھر میں رکھی اشیاء بہت اہم ہوتی ہیں بڑی محبت اور رقوم خرچ کرکے خریدی ہوتی ہیں یا کہیں سے بہت یادگار تحفہ وصول کیا ہوتا ہے جو اسے اور بھی قیمتی بنا دیتا ہے، ان چیزوں کو بلاوجہ چھیڑنا استعمال کرنا اور بےاحتیاطی سے انہیں نقصان پہنچانا توڑ دینا میزبان کو پریشان اور غمزدہ کر دیتا ہے۔

اسی طرح جہاں آپ بطور مہمان جائیں وہاں کھانے کی فرمائشیں نہ کریں، میزبان اگر رائے مانگیں تو انکی بتائی چیزوں سے ہی کچھ منتخب کر لیں خود سے فرمائش کی لسٹ نہ بنائیں۔

کھانا کھا لیں تو برتن سمیٹنے میں مدد کریں، کوشش کرکے کہ دسترخوان سمیٹنے اور برتن دھونے میں بھی شامل ہو جائیں۔

جہاں آپ گئے ہیں ان لوگوں کے سونے اٹھنے کے وقت کا خیال کریں، رات دیر تک انہیں جاگنے پر مجبور نہ کریں۔

صبح اٹھیں تو بستر سمیٹیں کمرے کی ترتیب درست کریں میزبان کا کام نہ بڑھائیں۔ آپ کی موجودگی اگر بوجھ نہیں بنے گی تو آپ کو محبت اور چاہت سے زیادہ وقت کیلئے روکنے کی خواہش کی جائے گی دوسری صورت میں جلد جان چھڑانے کی کوشش کی جائے گی۔

آخری بات یہ کہ جہاں آپ مہمان جائیں اسے اپنا گھر بالکل نہ سمجھیں کیونکہ اپنے گھر میں آپ بہت سی باتوں میں لاپرواہی کرتے ہیں لیکن دوسروں کے گھر میں آپکو ہر کام مکمل احتیاط کیساتھ کرتے ہوئے اپنی شخصیت کو بھی پیش کرنا ہوتا ہے۔

چلیں پھر دو ہفتے کہیں بھی جانے کا پروگرام ملتوی کریں اور سخت گرمی کے ان دنوں کو گھر میں رہ کر گذاریں۔

Check Also

Bloom Taxonomy

By Imran Ismail