Thursday, 02 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Saira Kanwal/
  4. Imran Khan Kon Hain?

Imran Khan Kon Hain?

عمران خان کون ہیں؟‎

سیاست میں ایک سیاستدان ہمیشہ ایک دوسرے پر غداری کا الزام لگاتے آرہے ہیں۔ مودی کاجو یار ہے، غدار ہے، انڈین ایجنٹ اسرائیلی ایجنٹ، امریکی ایجنٹ، غرض بہت سے نعرے جلسوں میں اور سیاستدانوں کی گفتگو میں بھی سنائی دیتے ہیں۔ لیکن سب اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ یہ باتیں جلسوں میں کارکنان کا لہو گرمانے کے لیے کی جا رہی ہوتی ہیں۔ ان میں سچائی ناپید ہے۔ کیوں کہ جب ملک کی سالمیت، وقار اور دفاع پربات آتی ہے تو سب اپنے اختلافات بھلا کر ایک میز پر بیٹھ جاتے ہیں۔ ایک ہی بیانیہ ہوتا ہے کہ پیارے ملک پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

میں ڈاکٹر اسرار احمد سے لے کر مولانا فضل الرحمان تک عمران خان کے بارے میں سنتی آرہی ہوں کہ یہ یہودیوں کا یعنی اسرائیل کا ایجنٹ ہے۔ اسرائیل وہ ملک جس کے بارے میں ہمارے سبز پاسپورٹ پر لکھا ہوتا ہے کہ اس کا ویزہ جاری نہیں ہو سکتا۔ میں نے عمران خان پر لگے ان الزامات کو کبھی خاص اہمیت نہیں دی۔ یہ سوچ کر کہ ہمارا کوئی حکمران نالائق، کرپٹ، ناکام ہو سکتا ہے۔ مگر پاکستان کا غدار نہیں۔ کبھی بھی کوئی سیاستدان پاکستان کی سالمیت اور وقار کے خلاف کوئی عمل نہیں کر سکتا اور نا ہی اس مکروہ عمل کا حصہ بن سکتا ہے۔

اسی لئے جب عمران خان نے کہا کہ میں آئی ایم ایف کو خط لکھوں گا کہ پاکستان کو قرض کی قسط جاری نا کریں، تو میں نے اس بات کو ہر گز اہمیت نہیں دی۔ ایک عام پاکستانی کی حیثیت سے میں نے محسوس کیا کہ خوامخواہ حکومت وقت کو ڈرانے کی کوشش کر رہا ہے۔ کوئی پاکستانی ایسا کیسے کر سکتا ہے؟

حالانکہ دماغ نے بار بار نو مئی کے واقعات کی یاد ہانی کروائی۔ لیکن میں نے دماغ کی بات کو مسترد کرتے ہوئے دل کی سنی کہ ملک کے خلاف کوئی سیاستدان یہ عمل نہیں کر سکتا۔ مگر جب یہ خبر گردش کرنے لگی کہ عمران خان کے کہنے پر آئی ایم ایف کو یہ خط لکھ دیا گیا ہے تو یقین مانیے، میں ششدر رہ گئی۔

سب سے پہلے تو یہ خیال آیا کہ کیا نو مئی کے واقعات ایک جزباتی بھول نہیں تھی؟ کیا واقعی پاکستان کو تباہ کرنے کی سازش تھی؟ اس سوچ سے دل لرز کر رہ گیا۔ میرا ایک عام پاکستانی عوام کی حیثیت سے عمران خان سے کچھ سوال ہیں۔

عمران خان آخر آپ کون ہیں؟ آپ کا ایجنڈا کیا اس ملک کو نقصان پہنچانا ہے؟ آپ اپنے ملک کو دنیا میں کیوں رسوا کرنا چاہتے ہیں؟ آپ کے لیے صرف اپنی ذات اتنی اہم کیوں ہے؟ ملک کے نوجوانوں کو تباہ کرتے وقت آپ کی نظروں کے سامنے اپنی اولاد کیوں نہیں آتی؟

جیل میں رہ کر شاندار سہولیات سے لطف اٹھاتے اٹھاتے آپ خود کو ہر آئین اور قانون سے بالا کیوں سمجھنے لگے ہیں؟ اپنی بیوی کی صحت اور سہولیات کی فکر کرتے ہوئے آپ کو جیل میں قید کاٹتی اپنی خواتین کارکنان کیوں نظر نہیں آئیں؟ آپ اس ملک کے ٹکڑے کیوں کرنا چاہتے ہیں؟

پاکستان نے آپ کے ساتھ کیا برا کیا ہے جو آپ اسے برباد کرنا چاہتے ہیں؟ اور آخر میں صرف ایک سوال کہ عمران خان آخر آپ کون ہیں؟ کیوں اتنی بڑی غداری کے باوجود آپ کو جیل میں شاندار سہولیات دی جا رہی ہیں؟

آپ اس ملک سے بڑھ کر تو اہم نہیں۔۔ کیا سچ مچ آپ اسرائیلی ایجنٹ ہیں؟ کیا ہم عوام کو اس سوال کا جواب کوئی دے سکے گا؟

Check Also

Mazdooron Ka Aalmi Din

By Kiran Arzoo Nadeem