Monday, 25 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Romaisa Hussain
  4. Islam Zinda Hota Hai

Islam Zinda Hota Hai

اسلام زندہ ہوتا ہے

انسان کو بیدار تو ہولینے دو

ہر قوم پکارے گی ہمارے ہیں حسین ؓ

محرم الحرام اسلامی سال کا پہلا مہینہ ہے اسکو محرم اس لیے کہا جاتا ہےکہ اس مہینے میں جنگ قتال حرام ہے یہ اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے اس ماہ کی 10 تاریخ جو کہ یوم عاشور کہلاتی ہے اس دن ہمارے پیارے نبی حضرت محمّد ﷺ کے پیارے نواسے حضرت امام حسین ؓ اور انکے رفقا نے میدان کربلا میں دین اسلام کی سر بلندی اور بقا کے لئے عظیم شہادت پیش کی جس کی مثال دنیا کی تاریخ آج تک نہ پیش کر سکی اور نہ ہی تا قیامت کر سکے گی ۔یہ واقعہ 10محرم الحرام 61 ہجری میں پیش آیا ۔58 ہجری میں یزید منصب اقتدار پر آیا یہ اسلام کی تاریخ کا وہ باب تھا جس میں ظلم و ستم عروج پر تھا اسلام اور مسلمانوں کی تقدیر بہت ہی ظالم اور عیاش حکمرانوں کے ہاتھوں میں کھلونا بنتی جارہی تھی ۔

یزید نے محسوس کیا کہ اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کے لئے اس کوحضرت امام حسین ؓ سے بیعت لینی ہوگی نہیں تو اس کی حکومت مضبوط نہیں ہوگی لیکن حضرت امام حسین ؓ نے بیعت دینے سے انکار کردیا خود پسندی اور انسانیت دشمن کے طور طریقوں کے خلاف اسلام دشمن یزید کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا اور اپنے اہل عیال اور رشتےداروں کے ساتھ مکہ مکرمہ روانہ ہوئے۔حضرت امام حسین ؓ عراق کے راستے پہنچے تو عراق کے راستوں میں ہر لمحہ خطرہ تھا شریک ساتھیوں نے مشورہ دیا کہ راستہ بدل لیا جائے لیکن حضرت امام حسین ؓ نے اس ہی راستے جانے کا فیصلہ کیا راستے میں حر سے آمنا سامنا ہوا اور وہ راستہ روکنا چاہتا تھا جس پر حضرت امام حسین ؓ نے فرمایا کہ میں کوفہ والوں کی دعوت پر آیا ہوں مگر ان نے ایک نہ سنی اور پھر حضرت امام حسین ؓ نے اپنا روخ کربلا کی طرف کردیا جیسے ہی حضرت امام حسین ؓ نے کربلا کی سر زمین پر قدم رکھا تو گھوڑے نے آگے چلنے سے انکار کردیا آپ ؓ نے دوسرا گھوڑا بدلا مگر وہ بھی نہ چلا اس طرح کئی گھوڑے بدلے گئے آخر میں حضرت امام حسین ؓ نے وہاں کی بستی کے لوگوں سے پوچھا تو بہت سے نام سامنے آئے پھر جا کر ایک بوڑھے شخص نے کہا اس کو کربلا بھی کہتے ہیں بس یہ سنتے ہی حضرت امام حسین ؓ نے اپنے ساتھیوں کو حکم دیا کہ ہم یہاں قیام کریں گے۔

چنانچہ کربلا کی تپتی ریت پر خیمے لگا دیئے گئے یزید کی فوج نے آہستہ آہستہ خیموں کو گھیرنا شروع کردیا ۔7محرم الحرام کو یزید نے آپ ؓ اور انکے ساتھیوں کا پانی بند کردیا 9محرم الحرام کی شب آپ ؓ اور ان ساتھیوں نے ذکر الہی میں گزاری اور 10 محرم الحرام یعنی یوم عاشور کی صبح نماز فجر بمشکل سے ادا کی گئی کہ یزید کی فوج نے تیروں کی بارش شروع کردی اور کربلا میں ہر طرف جنگ کی آگ بھڑک اٹھی ۔ ایک ایسی آگ جس میں حق و انصاف،شرافت و کرامت اور عظمت و عزیمت کے ساتھ ساتھ دین اسلام کا بھی وجود ہمیشہ کیلئے مٹا دینا چاہتے تھے ایک طرف یزید کی ظالم فوج تھی تو دوسری طرف اسلام کے لئے جان کا نظرانہ پیش کرنے والےحضرت امام حسین ؓ اور ان ساتھیوں تھے ۔حضرت امام حسین ؓ کے تمام جانثار ساتھیوں نے باطل کے خلاف سروں کی بازی لگا کر اپنی جانوں پر کھیلے اور اس عزم کے ساتھ لڑے کہ آج حق کو پامال نا ہونے دیا جائےاور تمام ساتھیوں نے شہادت نوش کی ۔

حضرت امام حسین ؓ نے میدان کربلا میں ایک عظیم الشان تاریخ رقم کی بہت ہی بہادری سے لڑے اور اپنی جان حق پر قربان کرتے ہوئے اپنے نانا حضرت محمّد ﷺ کے دین کو سربلندی عطا کرتے ہوئے شہادت کے اعلی ترین درجے پر فائز ہوئے۔حضرت امام حسین ؓ نے حق پر ثابت قدم رہتے ہوئے جس طرح ظلم و باطل کا مقابلہ کیا آنے والی نسلوں کے لئے عزم و ہمت کی ایسی مثال قائم کی ہے جو تا قیامت حق و انصاف کے علمبرداروں کے حوصلے بلند کرتی رہے گی ۔اگر ہم واقعی حضرت امام حسین ؓ سے سچی محبت کرتے ہیں تو ہمیں ان کی پیروی کرنی ہوگی اور حق و صداقت کے پرچم کو بلند رکھنا ہوگا جس عظیم مقصد کیلئے حضرت امام حسین ؓ نے اتنی عظیم قربانی دی ہے اسکو اپنا مقصد اولین بنانا ہوگا ۔ آخر میں بس اتنا ہی کہوں گی کہ ۔

کربلا کا خلاصہ بس اتنا سا ہے

یزید تھا اور حضرت امام حسین ؓ ہیں

Check Also

Riyasat Ba Muqabla Imran Khan Aur Do Number Inqelabi

By Nusrat Javed