Sheikh Humaid Bin Rashid Al Naimi Ka Ajman Ki Taraqi Mein Kirdar
شیخ حمید بن راشد النعیمی کا عجمان کی ترقی میں کردار

متحدہ عرب امارات کی سات ریاستوں میں ایک اہم اور مستحکم ریاست عجمان ہے، جو اپنی مختصر مگر متحرک تاریخ اور ترقی کے سفر کے لیے مشہور ہے۔ اس کی قیادت، جس کی بنیاد صدیوں پر محیط وراثت پر رکھی گئی، آج شیخ حمید بن راشد النعیمی کے ہاتھوں مضبوط اور ترقی یافتہ ریاست میں تبدیل ہو چکی ہے۔ شیخ حمید بن راشد النعیمی جنہیں عوام احترام و محبت کے ساتھ یاد کرتے ہیں، نے اپنی بصیرت اور عملی اقدامات سے عجمان کی معیشت، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔ 1981 میں انہوں نے ریاست کی باگ ڈور سنبھالی اور تب سے آج تک انہوں نے نہ صرف ریاستی انتظام میں شفافیت قائم رکھی، بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو اولین ترجیح دی۔
عجمان کا رقبہ 259 مربع کلومیٹر ہے، مگر اس چھوٹے رقبے میں شیخ حمید بن راشد النعیمی نے ترقی کے ایسے منصوبے شروع کیے، جو بڑے شہروں کے لیے بھی مثال ہیں۔ آبادی 2023 میں تقریباً 500,000 تھی اور 2024 میں یہ بڑھ کر 550,000 تک پہنچ گئی۔ چھوٹی آبادی ہونے کے باوجود تعلیم، صحت، سڑکوں اور عوامی سہولیات میں ترقی کی رفتار بہت تیز رہی ہے۔
معاشی ترقی کے لحاظ سے عجمان میں صنعتی اور تجارتی شعبے کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ آزاد اقتصادی زونز، جدید صنعتی پارکس اور سمندری بندرگاہوں نے عجمان کو سرمایہ کاری کا مرکز بنایا ہے۔ شیخ حمید بن راشد النعیمی نے یہ یقینی بنایا، کہ یہاں کے نوجوان روزگار کے مواقع حاصل کریں اور ریاست کی معیشت مزید مستحکم ہو۔
شیخ حمید کی قیادت میں تعلیم کے شعبے کو نمایاں ترقی ملی ہے۔ ریاست میں اسکولوں، کالجوں اور تعلیمی اداروں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ خواتین اور مرد دونوں کے لیے تعلیم کو فروغ دیا گیا اور جدید تعلیمی نصاب، عالمی معیار کے مطابق ترتیب دیا گیا۔ صحت کے شعبے میں جدید ہسپتال، کلینکس اور طبی سہولیات نے عوام کو اعلیٰ معیار کی صحت کی سہولت فراہم کی۔
روحانیت، ثقافت اور تفریح کے شعبے بھی شیخ حمید بن راشد النعیمی کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ عجمان میں مساجد، ثقافتی مراکز، لائبریریز اور تفریحی مقامات کا جال بچھا ہوا ہے۔ سمندر کی خوبصورت ساحلی پٹی، پارکس اور عوامی مقامات نے عجمان کو نہ صرف رہائش کے لیے موزوں بلکہ سیاحتی اعتبار سے بھی پرکشش بنا دیا ہے۔
شیخ حمید بن راشد النعیمی کی قیادت کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے، کہ انہوں نے چھوٹے رقبے کو بھی بڑے شہروں کی طرح ترقی دینے کی مثال قائم کی۔ امن و ہم آہنگی، عدل و انصاف، شفافیت اور عوامی فلاح کے اصول ان کے فیصلوں کی بنیاد ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عجمان کی ترقی آج متحدہ عرب امارات میں نمایاں اور قابل تقلید سمجھی جاتی ہے۔
مختصر یہ کہ شیخ حمید بن راشد النعیمی نے عجمان کی ترقی میں ایسی بنیاد رکھی ہے، جس سے آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوں گی۔ یہ ریاست آج جدیدیت، تعلیم، صحت، سیاحت اور ثقافت کے تمام شعبوں میں ایک روشن مثال کے طور پر سامنے ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کو ایمان اور صحت والی طویل زندگی عطا کرے اور عجمان کے باسیوں کو امن، ترقی اور خوشحالی نصیب ہوں۔

