Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Noor Hussain Afzal
  4. Sharja Ka Husn, Jazeera Al Noor, Masjid Al Noor Aur Qasba

Sharja Ka Husn, Jazeera Al Noor, Masjid Al Noor Aur Qasba

شارجہ کا حسن: جزیرہ النور، مسجد النور اور "قصبہ"

شارجہ کے تاریخی، ثقافتی اور روحانی مقامات کی سیر ہمیشہ دل و دماغ کو تازگی بخشتا ہے۔ حال ہی میں ہم نے یہ موقع حاصل کیا، کہ شارجہ کے تین اہم مقامات جزیرہ النور، النور مسجد اور شارجہ کا دلکش مقام "قصبہ" کا مطالعاتی دورہ کر سکیں۔ اس سفر میں میرے ساتھ میرے بیٹے محمد یحیی نور اور بیٹی طیبہ نور بھی موجود تھی۔ جن کے ساتھ یہ تجربہ نہ صرف دلچسپ بلکہ روحانی اور تعلیمی لحاظ سے بھی یادگار رہا۔

سب سے پہلے ہم نے قدم رکھا جزیرہ النور (Al Noor Island) پر، جو شارجہ کے قلب میں النور مسجد کے عقب میں ایک خوبصورت پیڈیسٹرین پل کے ذریعے پہنچا جا سکتا ہے۔ جزیرہ تقریباً 45,470 مربع میٹر پر محیط ہے اور یہاں کا ہر گوشہ دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتا ہے۔ سب سے پہلی کشش تھی بٹر فلائی ہاؤس، جہاں ہم نے دنیا کی نایاب 500 سے زائد تتلیاں دیکھی، جن میں کم از کم 20 مختلف نسلیں شامل تھیں۔ محمد یحیی اور طیبہ نور تتلیوں کے پیچھے دوڑتے، ہر رنگ اور نقش و نگار پر حیرت کا اظہار کر رہے تھے۔ یہاں موجود سبزہ زار، تالاب اور روشن راستے ہر قدم پر سکون اور جمالیات کا احساس دلاتے ہیں۔

جزیرہ النور میں ہم نے لٹریری پاویلین اور آرٹ اسٹیچوز کا بھی مشاہدہ کیا۔ بچوں نے یہاں رک کر کتابیں پڑھیں اور میں نے محسوس کیا کہ یہ مقام علمی و روحانی تجربے کے لیے بھی بے حد موزوں ہے۔ جزیرے کا داخلہ فیس معمولی ہے اور صبح 9 بجے سے شام 9 بجے تک کھلا رہتا ہے، جس سے دن کے ہر لمحے یہاں کے مناظر کو قریب سے دیکھا جا سکتا ہے۔ رات کے وقت جزیرہ اپنی پوری رونق میں جلوہ گر ہوا، جب ایل سی ڈی لائٹس اور پانی کی عکس بندی نے اسے ایک خوابناک منظر میں بدل دیا۔ محمد یحیی اور طیبہ نور اس منظر کے حسن پر مسکرائے بغیر نہیں رہ سکے۔

پھر اس کے بعد ہم نے دورہ کیا، النور مسجد کا، جو شارجہ کا ایک اہم روحانی مرکز ہے۔ اس کی بنیاد 1998ء میں رکھی گئی اور جدید طرزِ تعمیر کو اسلامی فنون کے ساتھ جوڑا گیا۔ مسجد کی داخلی و خارجی دیواریں نفیس قرآنی آیات اور اسلامی نقش و نگار سے مزین ہیں۔ مینار اور گنبد کی بلندیاں فنِ تعمیر اور روحانیت کا حسین امتزاج پیش کرتی ہیں۔ ہم نے یہاں نماز ادا کی اور محمد یحیی اور طیبہ نور کے ساتھ سبزہ زار میں بیٹھ کر قرآنی تعلیمات پر گفتگو کی۔ مسجد میں قائم اسلامی درسگاہیں بچوں کے لیے ایک تعلیمی ماحول فراہم کرتی ہیں اور یہ ہر سال رمضان اور عیدین میں ہزاروں نمازیوں کے لیے مرکز عبادت کا کام کرتی ہے۔

اس کے بعد ہم نے شارجہ کے دلکش مقام قصبہ اور اس کا ٹورسپلیس دیکھا۔ قصبہ میں موجود پیادہ پل، تالاب اور سبزہ زار نے ہمیں فطرت کے قریب کر دیا۔ محمد یحیی اور طیبہ نور نے نایاب پودوں اور آرٹ اسٹیچوز کی تصاویر کھینچیں اور ہر قدم پر یہ محسوس ہوا، کہ فطرت، علم اور فن کا حسین امتزاج انسانی روح پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ ٹورسپلیس کا دورہ صبح 10 بجے سے شام 8 بجے تک ممکن ہے اور فوٹوگرافی کے لیے بہترین مواقع اور تالابوں کے کنارے، ہر سیاح کے لیے یادگار تصاویر کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

ہمارا یہ سفرنامہ صرف ایک سیاحتی دورہ نہیں تھا، بلکہ ایک روحانی، علمی اور جمالیاتی تجربہ بھی تھا۔ جزیرہ النور، النور مسجد اور شارجہ کا خوبصورت تفریحی مقام" قصبہ" ہمیں فطرت، فن اور عبادت کے حسین امتزاج سے روشناس کراتے ہیں۔ محمد یحیی نور اور طیبہ نور کے ساتھ یہ تجربہ اور بھی یادگار بن گیا، کیونکہ بچوں کے معصوم تاثرات اور حیرت انگیز تجسس نے اس سفر کی روحانیت اور خوشیوں کو بڑھا دیا۔

یہ تینوں مقامات شارجہ کے سیاحتی، تاریخی اور روحانی حسن کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہر قدم پر علم، جمالیات اور عبادت کی جھلک نظر آتی ہے، قصبہ کے اندر بڑی خوبصورت جامع مسجد واقع ہے، جہاں تفریح کے دوران لوگ باجماعت نماز ادا کرتے ہیں اور خواتین کے لیے الگ نماز ادا کرنے کی جگہ ہے۔ آج کے ان تینوں تجربات نے ہمارے دل و دماغ میں دیرپا سکون اور مسرت کا احساس پیدا کیا۔ جزیرہ النور، مسجد النور اور قصبہ کے خوبصورت مناظر نے ہمارے اس تفریحی اور مطالعاتی دورے کو یادگار اور پراثر بنا دیا۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan