Friday, 26 April 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Noor Hussain Afzal/
  4. Muttahida Arab Emirate O Deegar Mumalik Ka Elan e Imdad

Muttahida Arab Emirate O Deegar Mumalik Ka Elan e Imdad

متحدہ عرب امارات و دیگر ممالک کا اعلان امداد

سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سیلابی آفت کی زد میں ہیں، اب تک تقریباً 1000 افراد جاں بحق، 5 کروڑ افراد بے گھر، 10 لاکھ جانور ہلاک، 90 فیصد فصلیں ختم، 2885 سڑکیں زیر آب، 116اضلاع آفت زدہ، جبکہ 1200 سے زائد زخمی، ایک لاکھ 25 ہزار گھر تباہ، 2 لاکھ 88 ہزار مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا، 3 ہزار کلو میٹر سڑکیں تباہ ہوگئیں، ایک محتاط اندازے کے مطابق تین ارب ڈالر کا نقصان ہوا، یہ ابتدائی تخمینہ ہے۔

ان حالات کے باعث پاکستان نے عالمی برادری سے امداد کی اپیل ہے۔ اقوام متحدہ، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، آذربائیجان اور دیگر ممالک نے پاکستان کے لیے امداد کے اعلانات کیے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ شیخ محمد بن زاید نے اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، اور تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، متحدہ عرب امارات کے صدر نے اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی بھی پیشکش کی، اس تناظر میں انہوں نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ متحدہ عرب امارات فوری طور پر زخمیوں اور متاثرہ افراد کے لئے خیمے و دیگر سامان کے علاوہ کھانے پینے کی اشیا اور طبی سامان اور ادویات بھی بھجوارہا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو ملک میں مون سون کی غیر معمولی بارشوں سے ہونے والی ملک گیر تباہی کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متحدہ عرب امارات کی ہلال احمر اور خلیفہ بن زید فائونڈیشن کے جاری امدادی کاموں کا بھی اعتراف کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں میں حکومت کی کوششوں میں معاونت کے لیے متحدہ عرب امارات کی بروقت مدد پر شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا۔ شیخ محمد بن زاید کے اعلان کے بعد سیلاب متاثرین کیلئے 3 ہزار ٹن خوراک تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ آس میں خوراک کے ساتھ ساتھ کئی ٹن ادویات اور خیمے بھی شامل ہیں۔

برطانوی حکومت نے بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث پاکستان کو فوری امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں سیلاب متاثرین کیلئے 15 لاکھ پاؤنڈز (تقریباً 40 کروڑ روپے سے زائد) شامل ہیں۔

اقوام متحدہ نےسیلاب متاثرین کے لیے 30 لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا، بین الاقوامی ڈونرز کی جانب سے بھی امداد کا سلسلہ جاری ہے، دوسری جانب آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کے فلڈ ریلیف فنڈ میں 1 کروڑ 5 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

پاکستان میں قائم آذربائیجان کے سفارتخانے کی جانب کے مطابق آذری صدر کے حکم پر سیلاب متاثرین کیلئے 20 لاکھ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔

اس امداد پر پاکستان اپنے تمام دوست ممالک کا مشکور و ممنون ہے، امید ہے کہ اس تعاون سے متاثرین سیلاب اور شہداء کے ورثا کو کافی سہولیات باہم پہنچائے جائیں گی۔

Check Also

Aayen Phir Shah Hussain Se Milte Hain

By Haider Javed Syed