Saturday, 06 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Noor Hussain Afzal
  4. Miracle Garden Dubai, Dunya Ka Phoolon Se Muzayyan Aalmi Ajooba

Miracle Garden Dubai, Dunya Ka Phoolon Se Muzayyan Aalmi Ajooba

مریکل گارڈن دبئی، دنیا کا پھولوں سے مزین عالمی عجوبہ

دنیا کی ریتلی زمین پر اگر کوئی ایسا مقام ہے، جہاں قدرتی رنگ اور خوشبوؤں کی بارش دل کو مسحور کر دیتی ہے، تو وہ دبئی کا "مریکل گارڈن" ہے۔ یہ گارڈن ایک ایسا عجوبہ ہے، جو اپنی مثال آپ ہے اور جسے دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے صحراؤں کی زمین پر بہشت کے در کھل گئے ہوں۔

ہم شارجہ سے اپنی فیملی کے ساتھ نکلے۔ میرے ساتھ محمد ریان نور، فاطمہ نور اور میری عزیزہ زوجہ ام ریان بھی تھیں۔ سفر تقریباً پچاس منٹ پر محیط تھا، لیکن راستے بھر ہمارے دلوں میں یہ تجسس رہا، کہ آیا مریکل گارڈن اپنی شہرت کے مطابق واقعی اتنا حسین ہے یا نہیں۔ جیسے ہی ہم وہاں پہنچے، تو پھولوں کے خوشبو دار قالین نے ہمارا استقبال کیا اور دل نے کہا کہ یہ جگہ دنیا بھر کے سیاحوں کو مسحور کرنے میں حق بجانب ہے۔

مریکل گارڈن کی تاریخ بھی انتہائی دلچسپ ہے۔ اس منصوبے کا آغاز 2011ء میں ہوا اور محض دو سال کی انتھک محنت کے بعد 14 فروری 2013ء کو اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ 72,000 مربع میٹر پر پھیلا یہ باغ دنیا کا سب سے بڑا قدرتی پھولوں کا گارڈن ہے۔ یہاں 5 کروڑ (50 ملین) سے زائد پھول کھلتے ہیں، جو مختلف ڈیزائن، مجسموں اور نمونوں میں ترتیب دیے جاتے ہیں۔ یہ پھول سالانہ بدل دیے جاتے ہیں، تاکہ ہر سال آنے والے سیاح ایک نئی جادوئی دنیا میں داخل ہوں۔

گارڈن سال کے بارہ مہینے کھلا نہیں رہتا، بلکہ شدید گرمی کی وجہ سے یہ مئی سے ستمبر تک بند کر دیا جاتا ہے، تاکہ نئے ڈیزائن اور پھولوں کی تزئین نو کی جا سکے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ ہر موسمِ سرما میں دبئی مریکل گارڈن ایک نئی دلکشی اور رنگینی کے ساتھ دنیا کے سامنے آتا ہے۔

اس گارڈن کی سب سے منفرد خصوصیت ایمریٹس ایئرلائنز کا ایئر بس A380 جہاز ہے، جسے مکمل طور پر پھولوں سے مزین کیا گیا ہے۔ یہ شاہکار 2016ء میں دنیا کے سب سے بڑے فلورل انسٹالیشن کے طور پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل ہوا۔ جہاز کو سجانے کے لیے تقریباً 50 لاکھ (5 ملین) پھول استعمال کیے گئے اور اسے دیکھ کر لگتا ہے جیسے کوئی حقیقی طیارہ صحراؤں کے بیچ کھڑا ہو اور اپنی خوشبو اور رنگوں سے فضا کو معطر کر رہا ہو۔

یہاں صرف پھول ہی نہیں، بلکہ دل کش محرابیں، دل کی شکل کے راستے، مختلف ممالک کے مشہور مقامات کے پھولوں سے بنے ماڈل اور بچوں کے لیے کارٹون کردار بھی موجود ہیں۔ ہر قدم پر رنگوں کی ایک نئی دنیا سامنے آتی ہے۔ میری بیٹی فاطمہ نور ان خوبصورت محرابوں سے گزرتے ہوئے بار بار رکتی اور تصویریں بناتی، جبکہ محمد ریان نور کو جہاز اور بڑے بڑے ڈیزائن دیکھ کر بےحد حیرت ہوئی۔ میری زوجہ ام ریان نے کہا، کہ یہ جگہ عورت کے دل کی طرح رنگوں اور خوشبوؤں سے بھری ہے۔

مریکل گارڈن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے، کہ خواب اگر نیت اور محنت سے دیکھے جائیں، تو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ صحراؤں کی زمین پر اس طرح کے باغ کی تعمیر کا خیال 2010ء کی دہائی میں دبئی کے حکام کے ذہن میں آیا، تاکہ دنیا کو یہ دکھایا جا سکے، کہ دبئی صرف جدید عمارتوں کا شہر نہیں بلکہ قدرتی خوبصورتی کا بھی گہوارہ ہے۔

دنیا میں اس طرح کے کسی اور گارڈن کی مثال نہیں ملتی۔ اگرچہ یورپ اور ایشیا میں بے شمار باغات موجود ہیں، مگر دبئی مرکل گارڈن اپنی وسعت، ڈیزائن اور پھولوں کی تعداد کے لحاظ سے بے مثال ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر سال دنیا کے مختلف خطوں سے لاکھوں سیاح یہاں کا رخ کرتے ہیں اور اس کی خوبصورتی کو اپنی یادوں میں محفوظ کر لیتے ہیں۔

ریگستان کی بے آب و گیا سرزمین پر جب پھولوں کا یہ سمندر لہراتا ہے، تو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے فطرت بھی دبئی کے خوابوں کو سلام پیش کر رہی ہو۔ یہ گارڈن صرف ایک باغ نہیں، بلکہ انسان کی جمالیاتی حس اور محنت کی وہ شاہکار تعبیر ہے، جو دنیا بھر میں اپنی مثال آپ ہے۔

Check Also

Bani Pti Banam Field Marshal

By Najam Wali Khan