Tuesday, 07 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Noor Hussain Afzal/
  4. Gm Institute Sharjah Ka Farhat Abbas Shah Ko Ishaiya

Gm Institute Sharjah Ka Farhat Abbas Shah Ko Ishaiya

جی ایم انسٹیٹیوٹ شارجہ کا فرحت عباس شاہ کو عشائیہ

معروف شاعر و ادیب، دانشور، نقاد اور سماجی کارکن محترم فرحت عباس شاہ آجکل متحدہ عرب امارات کے دورے پہ ہیں۔ اس موقع پہ انھوں نے جی ایم انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹڈیز کا دورہ بھی کیا۔ فیڈرل بورڈ سے ملحقہ تعلیمی ادارے جی ایم کالج کے سربراہ پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں نے انھیں شارجہ بک اتھارٹی میں موجود اپنے کیمپس میں مدعو کیا جہاں جی ایم کالج اور اس سے وابستہ یونیورسٹیوں کا سٹاف بھی موجود تھا۔

عمان سے تعلق رکھنے والے پنجابی کے معروف شاعر محمد علی فضل صاحب خصوصی طور پہ تشریف لائے۔ اوورسیز پاکستان یونائیٹڈ فورم کے چئیرمین جناب میاں منیر ہانس، پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر جناب چوہدری خالد، پاک اتحاد ویلفئیر سوسائیٹی کے صدر جناب انجینئیر محمد جاوید، متحدہ عرب امارات کی کامیاب کاروباری اور سماجی شخصیات جناب حا جی امان اللہ، جناب عبدالمجید مغل اور راقم الحروف و دیگر بھی اس ملاقات میں شامل تھے۔

پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں نے مہمانان کو اس ادارے کے مقاصد سے آگاہ کیا۔ 2019 میں جی ایم کے نام سے قائم ہونے والے اس انٹیٹیوٹ کا عزم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت ہے۔ متحدہ عرب امارات میں موجود وہ بچے جو کسی بھی باعث سکول سے باہر رہ جاتے ہیں حتیٰ کہ وہ پاکستانی اسکولوں میں بھی محدود سیٹوں یا بڑھتی عمر کے باعث داخلہ حاصل نہیں کر پاتے، جی ایم کالج ایسے بچوں کے تعلیمی مسائل کے حل کے لئے اپنی خدمات پیش کرتا ہے تاکہ بچوں کی تعلیم کا سفر جاری رہے۔ اس ادارے میں بچے انتہائی کم فیس ادا کرکے فیڈرل بورڈ، کیمرج، جی ای ڈی کے سرٹیفیکیٹ کے ساتھ اپنی بنیادی تعلیم حاصل کرنے کے بعد نہ صرف پاکستان کی سرحد یونیورسٹی (راس الخیمہ کیمپس) میں اپنی ڈگری مکمل کرسکتے ہیں بلکہ جی ایم نے محدود وسائل والے ان بچوں کے لئے سائپرس گلوبل انٹرنیشنل یونیورسٹی کا بھی انتظام کر رکھا ہے۔

ادارے کی پرنسپل محترمہ نبراس سہیل صاحبہ نے پریزنٹییشن کے ذریعے جی ایم کے شارجہ، عجمان، راس الخیمہ اور فجیرہ میں قائم کیمپسز کے بارے اگاہ کیا، بتایا کہ ادارے میں طلبا کو آن لائن اور فزیکل دونوں طرح کی سہولیات دی جاتی ہے، مقصد ان کی تعلیم کا سفر جاری رکھنا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں سے جی ایم ہر سطح پر بہترین رزلٹ بھی پیش کر رہا ہے اور طلبا کی ذاتی اور سماجی سطح پہ نگہداشت بھی کر رہا ہے۔ محترم فرحت عباس شاہ صاحب اور دیگر مہمانان نے جی ایم کے مقاصد اور کارکردگی پر انتہائی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا کہ پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں جیسے لوگ اس دور میں بھی بے لوث خدمت کا جذبہ رکھتے ہیں۔

فرحت عباس شاہ صاحب پاکستان اور پاکستان سے باہر مقیم اپنے لوگوں کی حقیقی تخلیقی کاوشوں کی ترویج کے لئے پاکستان رائٹرز یونین کی سرپرستی فرما رہے ہیں۔ اس موقع پر انھوں نے جی ایم کالج کی پرنسپل نبراس سہیل صاحبہ، جنھوں نے حال ہی میں پرواز کے نام سے نوبیل انعام یافتہ مصنفہ اولگا تکارچک کے پولش ناول فلائٹس کا ترجمہ کیا ہے، کو اپنی تنظیم پاکستان رائٹرز یونین کے دبئی چیپٹر کی عبوری صدر بھی منتخب کیا۔

تمام شرکاء نے کھل کر متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی بچوں کے تعلیمی مسائل پہ بات کی۔ بحیثیت سماجی شخصیات اپنی اپنی کاوشوں کا تذکرہ بھی کیا اور انھیں مزید یکجا کرنے کا عزم کیا۔ راقم الحروف نے جی ایم انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل سٹڈیز کے روشن مستقبل کے لئے اپنے پرخلوص اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔ اللہ تعالی پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں اور ان کی ٹیم کو اپنی مقاصد میں کامیابی و کامرانی عطا فرمائے۔ یہ جس طرح ملک و قوم کی خدمت میں سرگرم عمل ہیں بلا شبہ داد تحسین اور قابل مبارکباد ہیں۔ اللہ تعالی انہیں اپنے شایان شان اس کا اجر عظیم عطا فرمائے۔

Check Also

Magar Aik Maa Nahi Manti

By Azhar Hussain Azmi