Saturday, 28 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Nida Ishaque
  4. Shab e Barat

Shab e Barat

شبِ برات

جدید دنیا کا زندگی کے متعلق اس طرح کا رویہ ہے کہ جیسے موت تو کبھی آنی ہی نہیں، زندہ رہنے کا جنون (obsession) سا ہے، ماڈرن انسانوں میں لافانی ہونے کی خواہش اور موت کا خوف انسانوں کے ساتھ رہا ہے۔ ہمیشہ سے موت کا خوف (fear of death) کچھ لوگوں کو اکثر اس طرح گھیرے میں لے لیتا ہے کہ ان کی روز مرہ کی زندگی پر اثر پڑتا ہے اور انہیں نفسیات کے ماہر کی مدد درکار ہوتی ہے۔

آخر کو ہم ماڈرن انسانوں کا موت (جس کو ٹالنا ناممکن ہے) سے اتنا مضطرب (anxious) تعلق کیوں ہے؟ اور کیا ہم اس تعلق کو بہتر بنا سکتے ہیں تاکہ نہ صرف موت سے جڑی انزائٹی کو پراسس (process) کرسکیں بلکہ "شبِ برات" جیسے مذہبی دن اور اسٹائک فلسفہ "مومینٹو موری" کی مدد سے موت کو ایک مختلف زاویے سے دیکھ سکیں۔ کارل ساگن (Carl Sagan) کی بیٹی ساشا ساگن (Sasha Sagan) نے ایک کتاب لکھی ہے۔

جس میں انہوں نے سیکولر (secular) ہونے کی وجہ سے اپنی زندگی میں مذہبی رسم و رواج اور ان رسومات کے زندگی سے چلے جانے پر خالی پن اور لامعنیت (meaninglessness) کا اظہار کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ساشا ساگن رسومات (rituals) کو انسانوں کے لیے ضروری سمجھتی ہیں۔ شبِ برات جیسے مذہبی دن انسانوں کی نفسیات اور اس سے درپیش مسائل کو مددِ نظر رکھ کر ہی وجود میں آئے ہیں۔

زندگی کے نشے میں کھوئے ہوئے لوگوں کو یاد دلاتے ہیں۔ ایسے دن کہ ہمارے پاس جو ہے وہ ہمیشہ نہیں رہے گا، ہمیشہ خوش رہو، لمبی عمر پاؤ، موت کا سایہ تم پر نہ منڈلائے والی دعاؤں میں"شبِ برات" کا دن یاد دلاتا ہے کہ "موت تو آئے گی اسکو قبول کرو" مرے ہوئے لوگوں کی قبر پر جاکر یہ دکھایا جاتا ہے کہ یہ بھی ہماری طرح زندہ تھے، انکی مغفرت کی دعا کروائی جاتی ہے اور شاید ہمیں باور کروایا جاتا ہے کہ ہم عبرت حاصل کریں۔

ہمارے تکبر میں کمی آئے کیونکہ ہماری طاقت ہمیشہ قائم نہیں رہے گی۔ اسٹائک فلسفہ مومینٹو موری بھی بتاتا ہے کہ "یاد رکھو مرنا ہے" لیکن یہی فلسفہ اور "شبِ برات" ہمارے دلوں میں صرف موت کا خوف نہیں ڈالتے بلکہ یہ ہمیں موت کی یاد دہانی کروا کر موت کے ذریعے زندگی کو دیکھنے کا دوسرا رخ بھی بتاتے ہیں۔ کتاب میڈیٹیشنز (meditations) میں مارکس اوریلئس (Marcus Aurelius) کہتا ہے کہ "زندگی تمہارا ساتھ کسی بھی وقت چھوڑ سکتی ہے۔

اس حقیقت کو اس بات کا تعین کرنے دیں کہ آپ کیا بولتے، کرتے اور سوچتے ہیں" مطلب یہی کہ موت کو خود کو یہ سمجھانے دیں کہ آپ کے پاس بہت محدود وقت اور عدم یقینی (uncertainty) کی صورت حال ہے تو پھر کیوں زندگی میں وہ کام کرنے سے ڈر رہے ہیں یا تاخیر (procrastinate) کررہے ہیں، کیونکہ آپ کو ان کاموں کو کرنے سے خوف آتا ہے کہ لوگ کیا کہیں گے؟ یا پھر وہ کام مشکل لگتا ہے۔

اور آپ کو لگتا ہے کہ ابھی بہت وقت ہے یا پھر وقت آئے گا یا پھر مجھے نہیں لگتا کہ میں یہ کر بھی پاؤں کا یا نہیں، وغیرہ وغیرہ، اکثر پچاس سال کی عمر سے گزر جانے کے بعد لوگوں کو اس بات کا افسوس ہوتا ہے کہ کاش انہوں نے وہ تمام کام کیے ہوتے، جو وہ فیل ہو جانے یا لوگوں کے خوف سے نہیں کر پائے یا انہیں اپنے ٹین ایج (teenage) یا پھر جوانی کے سالوں میں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ یہ ہمیشہ نہیں ہوگا اور وقت گزر رہا ہے اور کاش انہوں نے مزید نئے تجربات کیے ہوتے۔

کیونکہ درحقیقت لوگوں کو کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہم کیا کرتے ہیں اور کیا نہیں، اپنے بچوں سے بات کریں، موت جیسے پراسرا موضوع پر، ان کے سوالوں کا جواب دیں، کسی کی تعزیت کے لیے جائیں تو انہیں ضرور لے کر جائیں، قبرستان لے کر جائیں اور مرنے والوں کے لیے دعائے مغفرت کروائیں انکا موت سے حقیقت پسندانہ تعلق استوار کروائیں۔ چونکہ کوئی نہیں جانتا کہ موت کے بعد کیا ہوتا ہے، یہ سوچ موت کو ہمارے لیے انزائٹی (anxiety) اور خوف کا باعث تو بناتی ہے۔

لیکن اسکی عدم یقینی، پراسراریت، یاد دہانی ہمیں یہ بھی بتاتی ہے کہ ہمارے پاس وقت کم ہے اور کام بہت ہیں، خواہشات بہت ہیں، اس لیے تاخیر (procrastination) کے لیے کوئی جگہ نہیں بچتی۔

Check Also

Adh Adhoore Log

By Muhammad Ali Ahmar