Friday, 27 December 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Nasir Abbas Nayyar
  4. Farq Samjhna Zaroori Hai

Farq Samjhna Zaroori Hai

فرق سمجھنا ضروری ہے

دوسروں کے کام آنے اور خود کو دوسروں کے استحصال کے لیے پیش کرنے میں فرق ہے۔

یہ فرق سمجھنا ضروری ہے۔

جب آپ دوسروں کے کام آتے ہیں تو خود اپنی مدد بھی کررہے ہوتے ہیں۔ اگرچہ اپنی مدد کے خیال سے دوسروں کی مدد نہیں کرنی چاہیے، مگر اپنی مدد پھر بھی، لاشعوری طور پر ہوجایا کرتی ہے۔

دوسروں کے کام آکر ہم خود کو خود غرضی و تنگ ظرفی سے نجات دلارہے ہوتے ہیں۔ اپنے دل و ظرف وذہن و روح کشادہ کررہے ہوتے ہیں۔ اپنی محدود انا کی پیدا کردہ تاریکی اور تکبر سے نجات حاصل کررہے ہوتے ہیں۔ تاریکی وتکبر سے نجات کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ دوسروں کے کام آنے کی بنیاد، دوسروں کی مصیبت کو محسوس کرنے کی اہلیت ہے۔ یہ آدمی ہونے کی بنیادی اہلیت بھی ہے۔

جو دوسروں کی مصیبت محسوس نہیں کرتا اور اس مصیبت سے نجات دلانے کی دل میں تحریک محسوس نہیں کرتا، وہ آدمی ہے نہ جانور۔ جانور اور درخت بھی دوسروں یا کم از کم اپنے ہم نفسوں کا دکھ محسوس کرتے ہیں۔ دوسروں کی مصیبت سے لاتعلق و بے حس رہنے والا یا تو کوئی دیوتا ہے، یا پتھر۔ نیز دوسروں کے مصائب کے ذمہ دار بھی، انسان ونباتات وحیوانات کے دکھ محسوس نہیں کیا کرتے۔

دوسروں کے کام ہم اس وقت آتے ہیں، جب دوسروں کی کسی چھوٹی یا بڑی، مادی و معاشی، ذہنی ونفسیاتی مصیبت کا خاتمہ ہوتا ہے، لیکن جب دوسروں کی طاقت و اقتدار، شہرت و منصب میں آپ کے کسی قول و فعل کے سبب اضافہ ہو اور اسی حساب سے آ پ کی اہلیت، قوت، عزت نفس، آبرو میں کمی ہو تو یہ آپ کاسیدھا سادہ استحصال ہے۔

بہ ظاہر آپ دوسروں کے لیے مفید دکھائی دیتے ہیں مگر حقیقت میں ان کے مقاصد (مصائب سے نجات میں نہیں ) کے حصول میں آلہ کار ہوتے ہیں۔ دوسروں کی مدد کے نام پر خود کو اپنے استحصال کے لیے پیش کرنا لالچ، اعتماد کی کمی یاحماقت کے سبب ہوا کرتا ہے۔ اس سے ہمارے اندر تاریکی بڑھتی ہے اور ہم اپنی ہی توہین خود اپنے ہاتھوں کرتے ہیں۔

دوسروں کی انا، طاقت، اقتدار کے چراغ کی لو بڑھا کر خود اپنی روح میں ظلمت پیدا کرنا کہاں کی عقل مندی ہے!

Check Also

Muhib e Watan Bangali

By Syed Mehdi Bukhari