Tuesday, 28 April 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mushtaq Ur Rahman Zahid
  4. Pakistani Brands Ki Kamyabi, Faywa Mobile Ka Safar

Pakistani Brands Ki Kamyabi, Faywa Mobile Ka Safar

پاکستانی برانڈز کی کامیابی، فیوا موبائل کا سفر

​کسی بھی زندہ قوم کی پہچان اس کی تخلیقی صلاحیتوں اور صنعتی خود مختاری سے ہوتی ہے۔ عالمی معیشت کے موجودہ منظرنامے میں، جہاں ٹیکنالوجی کی جنگ عروج پر ہے، وہاں وہی ممالک سرخرو ہو رہے ہیں جو اپنی ضرورت کی اشیاء خود بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ پاکستان، جو کہ کئی دہائیوں سے الیکٹرانک مصنوعات اور بالخصوص موبائل فونز کے لیے غیر ملکی برانڈز پر انحصار کررہا ہے، اب ایک ایسی تبدیلی کی دہلیز پر کھڑا ہے جہاں "میڈ ان پاکستان" اب ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک حقیقت بن کر ابھر رہا ہے۔ اس صنعتی انقلاب کی تازہ ترین اور خوش آئند مثال خیبر پختونخوا کے تاریخی شہر مردان سے ابھرنے والی کمپنی "فیوا موبائل" (Faywa Mobile) ہے۔

​مردان، جو اپنی زرخیزی اور جفاکش لوگوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے، اب پاکستان کے "ٹیک حب" کے طور پر ابھر رہا ہے۔ Faywa جیسے برانڈ کا قیام، جو مقامی سطح پر موبائل فونز کی اسمبلنگ اور تیاری کر رہا ہے، نہ صرف معاشی لحاظ سے اہم ہے بلکہ یہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک روشن پیغام ہے کہ اگر عزم پختہ ہو تو ہم بھی دنیا کے قدم سے قدم ملا کر چل سکتے ہیں۔ اس موبائل کمپنی نےدرجنوں ماڈل لاؤنج کئےہیں جواپنی مثال آپ ہیں بناوٹ خوبصورتی اورپائیداری اس کی پہچان بن چکی ہے۔

​حال ہی میں فیوا (Faywa) نے اپنی جو نئی سیریز متعارف کروائی ہے، اس میں ڈیزائن، پائیداری اور فیچرز کا ایسا حسین امتزاج رکھا گیا ہے جو بین الاقوامی برانڈز کو ٹکر دینے کے لیے کافی ہے۔ ان سب میں جو ماڈل سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، وہ ان کا شاہکار "پلے ٹی وی" (Play TV) ہے۔ یہ موبائل فون انفرادی طور پر ایک ٹیکنالوجیکل کرشمہ ہے۔ ایک ایسے دور میں جہاں اسمارٹ فونز نے ہر چیز کو انٹرنیٹ اور ڈیٹا سے مشروط کر دیا ہے، وہاں فیوا نے روایتی اینٹینا ٹیکنالوجی کو دوبارہ زندہ کرکے صارفین کو حیران کر دیا ہے۔ اس فون کے ساتھ نصب ایک مخصوص اینٹینا صارف کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ بغیر کسی انٹرنیٹ کنکشن، وائی فائی یا مہنگے ڈیٹا چارجز کے، پی ٹی وی اسپورٹس، پی ٹی وی ہوم اور دیگر اہم چینلز براہِ راست دیکھ سکے۔ یہ فیچر ان لاکھوں پاکستانیوں کے لیے کسی بڑی نعمت سے کم نہیں جو دور دراز علاقوں میں رہتے ہیں یا دورانِ سفر لائیو میچز اور خبروں سے باخبر رہنا چاہتے ہیں۔

​بطور ایک شعور رکھنے والے شہری کے، میرا یہ پختہ یقین ہے کہ مقامی مصنوعات کی سرپرستی کرنا حب الوطنی کا تقاضا ہے۔ اسی جذبے کے تحت میں نے Faywa کا تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ تجربے کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ٹی وی سگنلز کی دستیابی شہر کے مختلف حصوں اور جغرافیائی حالات کی وجہ سے مختلف ہو سکتی ہےجو کہ ایک فطری تیکنیکی عمل ہے لیکن جس پہلو نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا، وہ اس کمپنی کا اخلاقی معیار اور ان کی آفٹر سیلز سروس تھی۔

​عام طور پر مقامی کمپنیوں پر یہ تنقید کی جاتی ہے کہ وہ مال بیچنے کے بعد گاہک کو بھول جاتی ہیں، لیکن Faywa نے اس تاثر کو غلط ثابت کر دیا۔ جب میں نے سگنلز کے حوالے سے ان کی ہیلپ لائن پر اپنی رائے دی، تو کمپنی کے عملے نے نہ صرف اسے انتہائی سنجیدگی سے لیا بلکہ فوری کارروائی کرتے ہوئے لیپرڈ کورئیر کے ذریعے میرا سیٹ بغیر کسی چارجز کے واپس منگوایا۔ حیرت انگیز بات یہ تھی کہ اس پورے عمل میں مجھ پر ایک روپے کا بھی بوجھ نہیں ڈالا گیا اور کمپنی نے میری خواہش کے مطابق مجھے بالکل نیا سیٹ، دوسرے دلکش رنگ میں فراہم کر دیا۔ گاہک کے ساتھ یہ حسنِ سلوک اور ذمہ داری کا احساس ہی وہ بنیاد ہے جس پر بڑے عالمی برانڈز کھڑے ہوتے ہیں۔

​معاشی نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو مردان میں فیوا جیسے یونٹس کا قیام پاکستان کے لیے کسی معجزے سے کم نہیں۔ جب ہم ایک پاکستانی برانڈ خریدتے ہیں، تو ہم محض ایک ڈیوائس نہیں خرید رہے ہوتے، بلکہ ہم اپنے ملک کے زرِ مبادلہ کو محفوظ کر رہے ہوتے ہیں، ڈالر کی اڑان کو روکنے میں اپنا حصہ ڈال رہے ہوتے ہیں اور سب سے بڑھ کر اپنے ہی بھائیوں اور بہنوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہوتے ہیں۔ ​بلاشبہ، ابھی منزل دور ہے۔ ہمیں ٹی وی موبائلز میں سگنلز کی فریکوئنسی کو مزید بہتر بنانے، بیٹری کی ٹائمنگ کو ٹی وی کے استعمال کے مطابق بڑھانے اور ہارڈویئر میں مزید نفاست لانے کی ضرورت ہے۔ لیکن یہ خامیاں اس عظیم کامیابی کے سامنے کچھ بھی نہیں ہیں کہ آج پاکستان خود مختاری کی طرف پہلا قدم اٹھا چکا ہے۔

​وقت کا تقاضا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور متعلقہ ادارے Faywa جیسے مقامی مینوفیکچررز کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔ انہیں خام مال کی درآمد میں کسٹمز ڈیوٹی میں چھوٹ دی جائے اور مردان جیسے شہروں میں "اسپیشل اکنامک زونز" بنائے جائیں۔ اگر ہم نے آج ان پودوں کی آبیاری کر لی، تو کل یہی کمپنیاں پاکستان کا فخر بنیں گی اور ہم فخر سے کہہ سکیں گے کہ پاکستان ٹیکنالوجی کی دنیا میں اب کسی کا مرہون منت نہیں رہا۔ وہ دن دور نہیں جب دنیا کے بازاروں میں "Made in Pakistan" کے ٹیگ کے ساتھ فیوا جیسی کمپنیوں کے موبائل فونز اپنی کوالٹی اور جدت کی وجہ سے پہچانے جائیں گے۔

Check Also

Khamosh Deta, Phelta HIV

By Dr. Muhammad Tayyab Khan Singhanvi