Sunday, 30 June 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Wasif Akram
  4. Fraud Ke Nit Naye Tareeqe

Fraud Ke Nit Naye Tareeqe

فراڈ کے نِت نئے طریقے

آپکو بے نظیر انکم سورٹ کی طرف سے 75000 مبارک ہو حاصل کرنے کے لیے واٹس آپ پر کال کریں۔ آپکا جیتو پاکستان میں سونا اور لاکھوں روپیہ کا انعام نکلا ہے۔ آپ بھی گھر بیٹھے ماہانہ 20 سے30 ہزار کمانا چاہتی ہیں۔ آن لائین ہوم ورکنگ فار گرلز۔ وہ لڑکیاں ضرور پڑھیں جو فری لانسنگ کرنا چاہتی ہیں کام: ڈیٹا انٹری یا ٹائپنگ۔ وقت: روزانہ دو سے تین گھنٹے (ہوم بیسڈ جاب) سیلری: 30 سے 40 ہزار۔

یہ ہے مکڑی کا وہ خوبصورت جال جس میں بے شمار لڑکے لڑکیاں پھنس جاتی ہیں خصوصاً جنہوں نے تازہ تازہ تعلیم مکمل کی ہو گرمی کی چھٹیاں ہوں یا پیپرز کے بعد کچھ ہفتے فارغ ہوں۔ آپ کو اس قسم کی پوسٹیں ہر گروپ میں ملے گی، انباکس میں میسجز آئیں گے سم پر بھی ایس ایم ایس آتے ہیں۔ لیکن یہ سب جھوٹ ہے فراڈ ہے۔ آپ کو دنیا کا کوئی ایسا کام نہیں ملے گا جس میں بغیر محنت کے اتنے پیسے ملتے ہیں وہ بھی سٹارٹرز کو، اور پاکستان میں تو یہ سراسر نا ممکن ہے اب ہوتا کیا اور کیسے ہے آئیے دیکھتے ہیں۔

اس بات کا پسِ منظر کچھ یوں ہےآج سے کچھ دن پہلے اقرار الحسن کی ایک وڈیو آئی تھی جس میں انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ایک جگہ چھاپہ مارا تھا ان سے ایک لڑکی نے کانٹیکٹ کرکے مدد مانگی تھی اور اس کے بعد ایسے انکشافات ہوئے کہ وہ وڈیو دیکھ کر سب لرز گئے۔ یہ فراڈ والا چکر تو مجھے بھی پتا تھا لیکن اس کی آڑ میں اتنا کچھ ہوتا ہے سوچ بھی نہیں آئی تھی کبھی۔

اس لڑکی نے بتایا کہ اس کی ایک کلاس فیلو نے اس سے ایک آن لائن جاب کا ذکر کیا جو ہوم بیسڈ جاب تھی اور جس میں 30/40 ہزار سیلری اور لیپ ٹاپ ملنا تھا لیکن اس سے پہلے اسے انٹرویو دینا ہوگا۔ اپنی سہیلی پر اندھا اعتماد کرتے ہوئے وہ اس کے ساتھ اس جگہ چلی گئی جہاں پر اسے کولڈ ڈرنک پیش کی گئی کولڈ ڈرنک پینے کے بعد اس کو پتہ نہیں چلا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا۔ اس گینگ کی گاڑی اسے واپس ڈراپ کر گئی اور چند دن بعد وہ لوگ اس کی عریاں وڈیوز اور تصاویر اسے بھیج کر اسے بلیک میل کرنے لگے، اور یہ وہ وڈیوز تھیں جو اسے کولڈ ڈرنک پلانے کے بعد بنائی گئی تھیں ان لوگوں کی طرف سے اس لڑکی سے دو مطالبات کیے گئے تھے۔ وہ ان کی جنسی غلام بنی رہے۔ اگر اسے یہ منظور نہیں تو اپنی جگہ کسی اور لڑکی کو ان کے جال میں پھنسائے تو اس کی جان چھوٹ جائے گی۔

اس کی سہیلی نے بھی یہی سب کرنے کے لیے اسے ان جنسی درندوں کے جال میں پھنسا دیا تھا اور یہ صرف وہی دو لڑکیاں نہیں تھیں۔ یہ ٹیم سرِعام کے کانٹیکٹ میں آنے والی لڑکیوں کی تعداد سات تھی اور باقی نہ جانے کتنی لڑکیاں تھیں جو اپنی قابلِ اعتراض وڈیوز کے وائرل ہوجانے کے خوف سے یا تو خود ان کے ہاتھوں لٹتی جا رہی تھیں یا پھر خود کو بچانے کے لیے اپنی سہیلیوں، کزنز، اور بہنوں تک کو لا کر ان کے سامنے پیش کرکے اپنی جان چھڑانے کی کوشش کرتی تھیں۔

جب [اقرارالحسن نے اپنی ٹیم کے ساتھ چھاپا مارا تو اس وقت وہ شخص جو بظاہر اس سب کا ماسٹر مائنڈ ہے، اس نے وہ یو ایس بی جس میں ساری وڈیوز اور بلیک میلنگ کا مواد تھا نگل لی۔ یہ سب وہاڑی میں ہوا ہے اور مجرم کی ہٹ دھرمی دیکھئے کہ وہ دھمکا رہا ہے کہ اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، اور یہ تو ایک گینگ ہے جو سامنے آیا ہے ایسے نہ جانے کتنے گینگز ہوں گے جو لڑکیوں کی عزت سے کھیل رہے ہیں۔ لیکن لڑکیاں یہ سب پڑھ سن اور دیکھ کر بھی باز نہیں آرہیں۔

فری لانسنگ ایک ایسا کام ہے جس میں آپ گھر بیٹھ کر کام کرسکتے ہیں، اور لوگوں کی اکثریت کا گمان ہے کہ خواتین فزیکلی جاب کے مقابلے میں یہاں گندی نظروں اور گھٹیا جملوں سے بچی رہتی ہیں، لیکن اگر آپ مجھ سمیت کسی بھی خاتون سے پوچھیں (جو آن لائن کام کر رہی ہو) تو اسے کبھی کبھی یا اکثر یہاں پر بھی ہراسمنٹ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انباکس میں ایسے گھٹیا میسجز آتے ہیں کہ بتانے کی ہمت نہیں پڑتی کچھ لوگ پہلے میسج میں ہی اپنے اندر کا گند دکھادیتے ہیں لیکن اکثر فراڈیے بظاہر بڑے ہی پروفیشنل انداز کا مظاہرہ کرتے ہیں، اور آپ کو ایسے سبز باغ دکھائے جاتے ہیں کہ آپ چکرا کر رہ جاتی ہیں کہ یہ آخر تھا کیا۔

آپ لڑکیوں سے (اور لڑکوں سے بھی) اپیل ہے کہ ایسی پوسٹس کے جھانسے میں نہ آئیں خدا آپ کو محفوظ رکھے، لیکن اگر وہاڑی کیس جیسا معاملہ نہ بھی ہو تو یہ لوگ رجسٹریشن کے نام پر آپ سے ہزار سے پانچ ہزار روپے وصول کرکے مالی نقصان بھی پہنچاتے ہیں کہیں پر یورپیئن نام نظر آئیں گے جو پچاس یا تیس بیس لڑکے لڑکیوں کے گروپ بنا کر 100$ یا 500$ کی سیلری کا جھانسا دیتے ہیں تو جان لیں کہ وہ بھی کالے انگریزوں (دیسی کھوتوں) کا آپ کو لوٹنے کا نیا طریقہ ہے اور لازمی نہیں کہ اگر کوئی یورپی نام ہے تو وہ ایماندار ہوگا آپ کے ساتھ، وہاں پر یہاں سے بھی بڑے فراڈ ہوتے ہیں۔

Check Also

Haqiqi Absolutely Not

By Muhammad Riaz