Wednesday, 15 January 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Sarfaraz
  4. NETFLIX

NETFLIX

نیٹ فلکس

ڈیر سعد، کل تم نے واٹس ایپ کال کے دوران بتایا تھا کہ تمہارے بچے آج کل شوق سے نیٹ فلیکس پر وائی کنگ سیریز دیکھ رہے ہیں۔ میں نے بھی دیکھی۔ اچھی کاوش ہے۔۔ اداکاری سے لے کر ہدایت کاری تک سب کچھ بہت عمدہ ہے۔۔ کافی پیسہ خرچ کیا گیا ہے اس سیریز پر۔۔ لیکن اس کو دیکھ کر میرے ذہن میں ایک خیال پیدا ہوا تم کو بتاؤں کہ وائی کنگز آخر کتنے بڑے سورما تھے جیسا کے نیٹ فلکس نے پیش کیا ہے؟

ایک وقت تھا جب عرب مسلمانوں کی تجارتی حکمت عملی نے سوئیڈن، ناروے اور ڈ نمارک کو دیوار سے لگا دیا تھا۔ اندلس کے مسلمانوں مسلم ا سپین اور پرتگال کو سونے، چاندی، بہترین قسم کے تیل، ریشم، مالٹے اور مختلف پھلوں سے مالا مال کر دیا؟ مسلم ا سپین اور پرتگال تھوڑا سا جزیہ دینے پر بہترین تجارت کے مواقع فراہم کرتا تھے۔۔ لہذا اٹلی اور فرانس کے تاجر مسلم ا سپین اور پرتگال آنا شروع ہو گئے۔ دوسری طرف ناروے اور ڈنمارک کے پاس بکریوں کی کھالیں اور بھیڑوں کی اون کے علاوہ کچھ نہ تھا۔۔

انہوں نے ساحلی علاقوں پر حملے شروع کیے کیونکہ اس طرح کے علاقوں کا دفاع کرنا مشکل تھا ان حملوں میں انہوں نے ساحل کے ساتھ واقع خانقاہوں کو نشانہ بنایا۔ اپنے مال غنیمت کے لیے وہ قصبوں پرحملے کرتے تھے۔۔ وہ آگ لگانے کے لیے مشہور تھے۔

ان کا نام viking بھی پرانی انگریزی کے لفظ wicing کا ہم معنی ہے جس کا مطلب قزاق یا pirate ہے۔ وائکنگز کی زیادہ تر کامیابی ان کی جہاز سازی کی تکنیکی برتری کی وجہ سے تھی۔ ان کے جہاز بہت تیز رفتار تھے۔ ان کے جہاز سمندر میں جنگ کے لیے ڈیزائن نہیں کیے گئے تھے۔ ان کے لمبے تنگ بحری جہازوں میں 50-60 بحری افراد رہ سکتے ہیں جو جہاز کو بہت تیزی سے اور قطار میں چلانے کے ماہر تھے۔

وائکنگ کے بحری جہاز اچھی طرح سے مضبوط بندرگاہوں میں ڈوبنے کے بجائے براہ راست ریتیلے ساحلوں پر اتر سکتے تھے۔ وائکنگ بحری جہازوں کے لئے عملی طور پر کسی ساحل پر کہیں بھی اترنا اور برطانیہ اورآئرلینڈ جیسی جگہوں پر پہنچنا مشکل نہ تھا۔ وائکنگز نے مشرقی یورپ میں دریاؤں کے آس پاس بھی حملے کئے۔ ان کے حملوں نے بڑے پیمانے پر خوف پھیلایا، اس قدر خوف کہ وائکنگ کچھ راہبوں کے خیال میں خدا کی طرف سے ایک عذاب قرار دے دئے گئے۔

اب یہاں سے میں تم کو تمہاری تاریخ بتانا چاہتا ہوں۔۔ ہاں ہاں۔ وہ تاریخ جو تم کو نیٹ فلکس نہیں بتائے گی۔

طاقت کے نشے میں مدہوش وائی کنگز مال و دولت کے لالچ میں مسلمان علاقوں پر بھی سمندر سے حملہ آور ہوئے۔ انہوں نے ایک مختصر محاصرے اور بھاری لڑائی کے بعد 3 اکتوبر کو مسلمانوں کے علاقے سیویل پر قبضہ کر لیا۔ انہوں نے شہر کو لوٹا اور خوب لوٹ مار کی۔ اگرچہ شہر سیویل پر قبضہ کر لیا گیا، لیکن اس کا قلعہ مسلمانوں کے ہاتھ میں رہا۔ وائکنگز نے کوشش کی لیکن شہر کی حال ہی میں تعمیر کی گئی عظیم مسجد کو جلانے میں بھی ناکام رہے۔

موسیٰ ابن موسیٰ القصاوی 9ویں صدی میں مولود بنو قصی قبیلے کا رہنما اور شمالی آئبیریا کی بالائی وادی ایبرو کا حکمران تھا۔ جب اس نے سیویل کے زوال کے بارے میں سنا تو اپنی افواج کو متحرک کیا۔ اس نے قریبی گورنروں کو اپنے آدمیوں کو جمع کرنے کے لیے بلایا۔ اگلے کچھ دنوں میں دونوں فریقوں میں متعدد بار جھڑپیں ہوئیں جس کے نتائج مختلف تھے۔ تمہیں پتا ہے کہ مسلمانوں نے اس جنگ میں ایک مختلف جنگی ترکیب استعمال کی۔ انہوں نے وائکنگز کے بحری جہازوں کو دریا میں کھڑے کھڑے ایک آگ لگانے والے مائع کے ذریعے آگ لگا دی۔ اپنے جلتے جہازوں کو دیکھ کر وائکنگز کے قدم اکھڑ گئے۔ آخرکار مسلمانوں نے 11 یا 17 نومبر کو تلیٹا میں ایک بڑی فتح حاصل کی۔ 500 سے 1000 وائکنگ مارے گئے اور 30 وائکنگ جہاز تباہ ہو گئے۔

جی ہاں۔۔ صرف اور صرف سو دنوں کے اندر اندر وائی کنگز کا صفایا کردیا گیا۔۔ بہترین جنگجو۔۔ تجربہ کار قزاق۔ وائی کنگز۔ یہی دکھایا ہے ناں نیٹ فلکس کی فلم میں۔۔ اور ابھی سنو۔۔ بات یہیں ختم نہیں ہوئی۔

مارچ 2015 میں سویڈن میں برکا کے مقام پر ایک وائی کنگ ملکہ کی قبر سے ایک انگوٹھی دریافت ہوئی ہے۔۔ اس میں گلابی بنفشی پتھر پر نمایاں طور پر عربی رسم الخط کوفی میں 'اللہ ' لکھا ہوا ہے۔کیا سمجھے؟

یعنی مسلمانوں نے اپنی حکمت عملی سے محض جنگ ہی نہیں جیتی بلکہ ان کے اخلاق و عمل سے متاثر ہو کر کئی وائی کنگز مسلمان بھی ہوئے۔ ان ہی مسلمان وائی کنگز کے فن و ہنر کو استعمال کرتے ہوئے مسلمانوں نے بہترین بحری بیڑے بنوائے اور سمندری راستوں سے سوئیٹزرلینڈ پہنچے جہاں اگلے 150 سال تک مسلمانوں کی حکومت رہی۔ یہ ہے وائی کنگز کی حقیت!

کیا اپنے بچوں کو نیٹ فلکس پر وائی کنگز سیریز دکھانے سے پہلے تم نے انھیں اس تاریخ سے آگاہ کیا؟ کیا تم نے انھیں بتایا کہ وائی کنگز کو شکست فاش دینے والے مسلمان تھے۔

جنہوں نے صرف سو دنوں میں وائی کنگز کی پوری طاقت کو نیست و نابود کر ڈالا۔۔ میری تم سے درخواست ہے اپنی بچوں کے کچے ذہنوں کو نیٹ فلکس کے حوالے نہ کرو۔۔ انھیں اپنی تاریخ بھی بتا دو۔۔ کیونکہ یہ تاریخ نیٹ فلکس نے نہیں بتانی۔

Check Also

Kya Aap Ke Pas 8 Minutes Hain?

By Saleem Zaman