Friday, 05 December 2025
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Saqib
  4. Zindagi Mein Saat Saloon Ka Izafa

Zindagi Mein Saat Saloon Ka Izafa

زندگی میں سات سالوں کا اضافہ

طویل العمری کی خواہش انسان کے جینز میں موجود ہے۔ پرانے زمانے کی کہانیوں میں آب حیات کی تلاش کے قصے ہم سب نے پڑھے۔ آج کے دور میں اس آرٹ کو سیکھنے کی ورکشاپس کروائی جاتی ہیں۔ جنہیں Science of Longevity کے نام سے پیش کیا جاتا ہے۔ اینٹی ایجنگ کی دوائیاں ترقی یافتہ ممالک میں استعمال کروائی جاتی ہیں۔

دنیا تیز رفتار زندگی، دواؤں اور اینٹی ایجنگ کے نسخوں میں الجھی ہوئی ہے، مگر زمین کے کچھ گوشے ایسے ہیں جہاں لوگ سو سال سے زیادہ جیتے ہیں۔ بغیر اسپتالوں کے، بغیر تنہائی کے، بلکہ ہنسی، باغوں، خاندان اور مقصد کے ساتھ۔

یہ علاقے بلو زونز کہلاتے ہیں جنہیں محقق اور مہم جو ڈین بیوٹنر (Dan Buettner) نے دریافت کیا۔

یہاں لمبی عمر کوئی کرامت نہیں، ایک طرزِ زندگی ہے۔

ساردینیا کی دھوپ میں نہاتے پہاڑوں سے لے کر اوکیناوا کے پُرسکون گاؤں تک، لوگ یہاں زیادہ جیتے ہیں کیونکہ وہ بہتر جیتے ہیں سادہ کھانا، قدرتی حرکت، پیار اور ہر صبح جاگنے کی ایک وجہ۔

ان کا راز کسی دوا یا ٹیکنالوجی میں نہیں چھپا، بلکہ زندگی کے سادہ آہنگ میں ہے۔

بلیوزونز میں رہنے والے زندگی کے 9 اصول اپنی زندگی میں اپلائی کرتے ہیں ہم اس میں سے صرف ایک پرنسپل کو ڈسکس کریں گے وہ پرنسپل جس پر عمل کرنے سے ہماری زندگی میں سات سالوں کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس پرنسپل پر بات کرنے سے پہلے بلیوزونز جس میں دنیا کے پانچ علاقے شامل ہیں سے منسوب کچھ جملے آپ کی خدمت میں پیش ہیں۔ میرا پسندیدہ جملہ یہ ہے۔

جب کوئی اکاریا (یونان) میں داخل ہوتا ہے تو مرنا بھول جاتا ہے۔

کچھ مزید دل کو چھو لینے والے جملے آپ کی خدمت میں پیش ہیں۔

1۔ یہاں وقت دل سے ناپا جاتا ہے، گھڑی سے نہیں۔

2۔ ہم سوتے ہیں، ہنستے ہیں، ناچتے ہیں زندگی خود اپنا خیال رکھتی ہے۔

3۔ لمبی زندگی کا راز یہ ہے کہ جینے میں جلدی نہ کرو۔

4۔ یہاں بڑھاپا بدقسمتی نہیں، ایک جشن ہے۔

5۔ ایکی گائی، ہر صبح جاگنے کی ایک وجہ۔

6۔ اگر تم پیٹ کا صرف اسی فیصد بھرو گے، تو زندگی سو فیصد بہتر ہو جائے گی۔

7۔ جو آہستہ چلتا ہے، صحت کے ساتھ پہنچتا ہے۔

8۔ اپنا مقصد جان لینا، سکون پا لینا ہے۔

9۔ ہر کھانے میں شکر گزاری اصل جزو ہے۔

10۔ مضبوط خاندان، مضبوط دل، لمبی زندگیاں۔

11۔ ہم پہاڑوں پر چلتے ہیں، کہانیاں سناتے ہیں، عمر نہیں گنتے۔

12۔ اپنے خاندان سے ویسا ہی پیار کرو جیسے روز کی روٹی سے، گرم اور مستقل۔

13۔ راز زیتون کے تیل میں نہیں، سنگت میں ہے۔

14۔ واضح مقصد دل کو مضبوط بناتا ہے۔

15۔ مسکراہٹ، دالیں اور سورج کا شکر، یہی زندگی ہے۔

16۔ ہم سورج کے ساتھ جاگتے ہیں اور سکون کے ساتھ سوتے ہیں۔

17۔ آرام عبادت ہے، ہر ہفتے ایک دن۔

18۔ کھانے کے لیے مت جیو، جینے کے لیے کھاؤ۔

19۔ صحت وہ دعا ہے جو تم روز عمل سے مانگتے ہو۔

20۔ کمیونٹی بہترین دوا ہے۔

21۔ آہستہ جیو، آہستہ بوڑھے ہو۔

22۔ زیادہ چلو، کم فکر کرو۔

23۔ سادہ کھاؤ، خوب ہنسو۔

24۔ جب زندگی جشن بن جائے تو موت کو بھی جلدی نہیں رہتی۔

اب اس پرنسپل کی بات کرتے ہیں جو ہماری زندگی میں سات سالوں کا اضافہ کر سکتا ہے ریسرچ نے بتایا ہے کہ زندگی میں ایک واضح مقصد کا ہونا، عمر کو بڑھا دیتا ہے ایک مثال سے سمجھتے ہیں۔

پاکستان کے مشہور رائٹر، انسپکٹر جمشید کا کردار تخلیق کرنے والے اشتیاق احمد سے ہر پڑھنے والا واقف ہے نوے کی دہائی میں ان کے ناول ہاتھوں ہاتھ بک جاتے تھے۔ ان کی وفات پر جاوید چوہدری صاحب نے اپنے کالم میں لکھا کہ آپ نوے کی دہائی میں پیدا ہونے والے بچوں کے ناموں کا ریکارڈ چیک کریں تو محمود، فاروق اور فرزانہ کے نام آپ کو کامن ملیں گے یہ انسپکٹر جمشید کے بچوں کے نام تھے اس سے آپ اشتیاق احمد کی مقبولیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔ میں بھی اشتیاق احمد کے ناول شوق سے پڑھتا تھا ان کے لکھے ہوئے سینکڑوں ناول پڑھ ڈالے مجھے یاد آتا ہے کہ وہ ہر ماہ چار ناول لکھتے تھے اور آج جب میں بھی لکھاریوں کی صف میں داخل ہوگیا ہوں تو یہ بات جانتا ہوں کہ ہر ماہ چار ناول لکھنے کے لیے جو خون جگر پینا پڑتا ہے وہ ہر شخص کے بس کی بات نہیں۔

بچوں کے مشہور رسالے نو نہال کے ایڈیٹر نے اشتیاق احمد سے پوچھا آپ یہ ناممکن قسم کا کام کیسے کر لیتے ہیں جواب دیا میں صبح سحری کے وقت لکھنا شروع کرتا ہوں اور بیس فل سکیپ کے کاغذات مکمل کرتا ہوں اس میں کوئی ناغہ نہیں آتا۔

ایڈیٹر صاحب نے مسکرا کر کہا اگر کسی دن صبح آنکھ نہ کھلے جواب دیا سالوں سے ایسا دن نہیں آیا سوال کیا گیا کوئی خوشی غمی کا موقع گھر پر آ جائے جواب ملا کچھ بھی ہو میں اپنے بیس صفحات مکمل کرتا ہوں۔ سوال پوچھا گیا اگر زلزلہ جائے تو کیا کریں گے اشتیاق احمد صاحب نے کہا جب زمین تھم جائے گی اور مجھے احساس ہو جائے گا کہ میں زندہ اور صحیح سلامت ہوں تو کاغذ اور پن ڈھونڈوں گا اور لکھنا شروع کروں گا۔

میرے دوستو یہ خوفناک ڈسپلن ہی ہمیں رابن شرما کی زبان میں بیسٹ ان دی ورلڈ بناتا ہے آپ کو صبح بستر سے اٹھاتا ہے اور کام کرنے کا کرنٹ آپ کے اندر دوڑاتا ہے۔

بلیو زونز میں رہنے والے زندگی میں مقصد کے بارے میں کہتے ہیں۔

ایکی گائی، ہر صبح جاگنے کی وجہ

"ایکی گائی وہ راز ہے جو زندگی کو لمبی اور پُرسکون بناتا ہے"۔

"ہر صبح اٹھنے کی ایک چھوٹی سی وجہ ہی زندگی کو بڑا بناتی ہے"۔

"اپنی ایکی گائی تلاش کرو اور تم کبھی دوبارہ الجھن میں نہیں رہو گے"۔

"جب تمہارا کام تمہاری خوشی بن جائے، وہی ایکی گائی ہے"۔

"جس دن تمہارا مقصد تمہارے شوق سے مل جائے، زندگی مکمل ہو جاتی ہے"۔

"اوکیناوا کے لوگ کہتے ہیں: جو اپنے مقصد کے ساتھ جیتا ہے، وہ آہستہ مرتا ہے"۔

"نیکویا میں کہتے ہیں: اگر تمہیں پتا ہے کیوں جینا ہے، تو جسم خود تندرست رہتا ہے"۔

"اکاریا میں مقصد کوئی لفظ نہیں، ایک طرزِ زندگی ہے"۔

"مقصد تمہیں جوان رکھتا ہے، چاہے عمر کچھ بھی ہو"۔

"جو ہر صبح ایک نیا مقصد لے کر جاگتا ہے، وہ دراصل کبھی بوڑھا نہیں ہوتا"۔

کیا آپ صبح اپنا بستر خوشی سے چھوڑنے کے لیے تیار رہتے ہیں جواب ہم سب بخوبی جانتے ہیں اپنی زندگی میں سات سالوں کا آب حیات ڈالنا چاہتے ہیں زندگی کو شاندار بنانا چاہتے ہیں تو اپنا مقصد دریافت کریں۔

پاکستان کی پہلی NeuroSomatic Practitioner Workshop ورکشاپ میں ہم بلیو زونز لائف سٹائل کے تمام پرنسپلز جن کو "پاور نائن" کے نام سے جانا جاتا ہے ڈسکس کریں گےآپ میرے فون نمبر 03009273773 پر رابطہ کرکے اس ورک شاپ کا حصہ بن سکتے ہیں - اپنے اندر کے چیمپین کو باہر نکالیں۔

جون ایلیا کو کہنا پڑا

نوکری کر رہے ہو مدت سے
تم کوئی کام کیوں نہیں کرتے

About Muhammad Saqib

Muhammad Saqib is a Mental Health Consultant with over a decade of experience in hypnotherapy, leadership development, mindfulness and emotional intelligence.

He is also a seasoned writer, having authored over 150 columns and a renowned book. Alongside his work as a corporate trainer, he actively researches, compiles and documents the success stories of remarkable Pakistani personalities through the lens of Mind Sciences.

If you know someone with an inspiring story worth sharing, you can refer them to him. Muhammad Saqib will personally interview them to document their journey.

For Mind Sciences Consultation and Sales Training, you can reach him via WhatsApp at 0300-9273773.

Check Also

Mufti Muneeb Ur Rehman

By Abid Mehmood Azaam