Soch Balden, Rasta Badal Jaye Ga
سوچ بدلیں، راستہ بدل جائے گا

1- قران مجید کی آیت کے ترجمے کا مفہوم ہے، ہر مشکل کے بعد آسانی ہے، بے شک ہر مشکل کے بعد آسانی ہے۔
2- محترمہ بے نظیر بھٹو اپنی کتاب "مشرق کی بیٹی" میں لکھتی ہیں کہ میں یہ کتاب اس لیے لکھ رہی ہوں کیونکہ انسان جو چیز لکھ لیتا ہے وہ اسے بھولتا نہیں ہے۔
3-اگر آپ پاکستانی لوگوں کو ٹریننگ کروانا چاہتے ہیں تو بیسک انگلش سیکھ لینا کافی ہے آپ فرفر انگریزی بولیں گے تو لوگ آپ سے دور بھاگیں گے۔
4- آپ آن لائن کوئی سروس بیچنا چاہتے ہیں تو فالو آپ چار گنا بڑھا دیں سیل ڈبل ہو جائے گی یا تو وہ پروڈکٹ لے لے یا پھر آپ کو بلاک کر دے۔
5- نصرت فتح علی خان کا گانا "اکھی جا ملنگا سارے اپے من لینڑ گے"، اپنی مارکیٹنگ سٹریٹیجی بنائیں دنیا کو بتائیں کہ آپ چیمپین ہیں اور جو چیز، سروس آپ بیچ رہے ہیں وہ بیسٹ ہے ہر روز بتائیں ایک دن آئے گا کہ وہ یہ بات مان جائیں گے۔
6- کسی اہم جگہ پر جانا ہو تو ایک گھنٹہ پہلے پہنچ جائیں دل کی دھڑکن کنٹرول میں ہوگی موسم کی عادت ہو جائے گی اپنا حلیہ درست کرنے کا موقع مل جائے گا۔
7-اگر آپ کے پاس پیسے ہیں تو آپ پھول ہیں شہد کی مکھیاں خود آپ کے پاس آئیں گی۔
8- اگر تم خود اپنا گانا نہیں کھاؤ گے تو پھر کون گائے گا۔
9- زندگی کی مختلف سٹیج پر آپ کو مختلف دوست چاہیے ہوتے ہیں جن کے ساتھ آپ کی اس سٹیج پر ذہنی ہم آہنگی ہو۔
10- کامیابی کے سفر میں کوشش ترک کرنے کا آپشن سرے سے ہوتا ہی نہیں۔
11- یاد رکھیں زندگی میں ایک ہی حربہ بار بار استعمال کرنے سے کامیابی نہیں ملتی ہر بار اپنے طریقے کو ذرا سا تبدیل کرنا ضروری ہے۔
12- کامیابی کا اصول بڑا سادہ سا ہے جو قطار میں ہے وہی شمار میں ہے، لاٹری کا انعام بھی اسی شخص کا نکلتا ہے جس نے ٹکٹ لیا ہوا ہوتا ہے۔
13- جب خوشحالی آتی ہے تو دل کھول کر آتی ہے۔
14- زندگی میں پھنس جائیں تو بار بار بٹن دبانے کی جگہ بلب تبدیل کریں۔
15-
جب تک ہنستا گاتا موسم اپنا ہے سب اپنے ہیں
وقت پڑے تو یاد آجاتی ہے مصنوعی مجبوری
محسن بھوپالی-
زندگی میں آنے والے سخت وقت کی تیاری کے لیے سیونگ کی عادت ڈالیں۔
16- غیر معمولی محنت سے بچنے کے لیے اور بھی زیادہ محنت کرنی ہی پڑتی ہے۔
17- دو دکانیں ساتھ ساتھ ہیں ایک پر رش لگا ہوا ہے ایک خالی ہے جس دکان پر جگمگ ہوگی آپ وہاں جائیں گے آپ کو بھی بزی نظر آنا چاہیے فارغ شخص کو کوئی بندہ کام نہیں دیتا۔
18-
مجھے تو اپنے سمندر کی ریت کافی ہے
تو اپنے چشمہ بے فیض کو سنبھال کے رکھ
19-دولت ہی پاس نہ ہو تو شجاعت اور دلیری کا کیا فائدہ۔
20-
دعائے خیر مانگی ہےتم نے یا صدقہ دیا ہے؟
کبھی پیڑوں کو گھر کے فرد کا درجہ دیا ہے؟
21- ہم میں سے اکثر لوگ علم کی دنیا کے شہنشاہ اور عمل کی دنیا کے بھکاری ہیں۔ اپنے خوابوں کے دودھ کو ڈسپلن کی جاگ کب لگائیں گے۔
22- نیند سے عشق کی عادت بلندیوں پہ سر بلند لوگوں کو بھی نیچے گرا دیتی ہے۔
جانا ہے ہمیں وقت کی رفتار سے آگے
سورج کی کرن ہم سے نہ پہلے کبھی جاگے
23- گھر میں کوئی شخص پریشان ہے آغوش تھراپی کا استعمال کریں اس کی باتیں سنیں توجہ سے سنیں بغیر جج کیے ہوئے سنیں"بندے دا دارو بندہ اے"۔
24- نئے ملک جا کر کاروبار شروع کرنا ہو تو دیکھیں کہ اس ملک میں یہودی کیا کر رہے ہیں۔
25- اور آخر میں دل کو چھوتا ہوا، ایک کتاب کی معنویت سمیٹتا ہوا یہ شعر۔۔
شہر میں آکر پڑھنے والے بھول گئے
کس کی ماں نے کتنا زیور بیچا تھا

