Saturday, 04 May 2024
  1.  Home/
  2. Blog/
  3. Muhammad Saqib/
  4. Sheesh Mahal

Sheesh Mahal

شیش محل

سینکڑوں سال پہلے کی بات ہے ایک شہر خاص، دنیا بھر میں مشہور تھا۔ اس کی وجہ خصوصیت اس میں موجود ایسا شیش محل تھا جس میں ہر طرف ہزاروں شیشے لگے تھے۔ ایک بچے کو اس شیش محل کا علم ہوا تو اس نے اسے دیکھنے کا فیصلہ کیا۔

اگلے دن بچہ شیش محل پہنچا۔ وہ خوشی خوشی شیش محل میں داخل ہوا، اندر داخل ہوتے ہی اس کی نظر ہزاروں خوش باش بچوں پر پڑی، وہ خوشی اور حیرانی سے اچھل پڑا، اس کے مسکراتے ہی وہ ہزاروں بچے بھی مسکرانے لگے، اس نے خوشی کے عالم میں قہقہہ لگایا تو اس کا جواب بھی اسے قہقہہ لگاتے ہوئے چہروں کی صورت میں ملا، اس نے ان بچوں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا تو ان سب نے بھی اس کی جانب ہاتھ ہلائے۔

واپس گھر جاتے ہوئے بچے نے اپنےآپ سے کہا کہ یہ بہت عالی شان اور تعریف کے قابل جگہ ہے، میں یقینا یہاں دوبارہ آؤں گا بلکہ اکثر آنا پسند کروں گا اور اپنے تمام دوستوں کو بھی اس عالی شان جگہ کے بارے میں بتاؤں گا۔

اگلے دن اس کے دوستوں میں سےایک دوست نے فیصلہ کیا کہ وہ اس محل کی سیر کرنے کے لیے ضرور جائے گا۔ مگر وہ اپنے دوست کے برعکس خوش مزاج اور مسکراتا ہوا نہیں تھا، شیش محل میں داخل ہوتے ہی اس کی نظر ہزاروں ناخوش چہروں پر پڑی، انہیں دیکھ کر اس نے ناگواری سے منہ بنایا مگر یہ دیکھ کر اس کے غصے کی انتہا نہ رہی کہ ان سب نے بھی اسے دیکھ کر ناگواری سے منہ بنا لیا اور اس کے غصے کے جواب میں ان سب نے بھی اپنا چہرہ غصے والا بنا لیا۔ گھر واپس جاتے ہوئے اس نے ناگواری سے اپنےآپ سے کہا کہ یہ ایک بے کار، فضول اور گھٹیا جگہ ہے۔ میں یہاں دوبارہ کبھی آنا پسند نہیں کروں گا۔

دوسروں کے چہروں پر آپ وہی کچھ دیکھتے ہیں جو آپ کے چہرے پر ہوتا ہے۔

جی محترم دوستو! اس دلچسپ کہانی میں زندگی گزارنے کا بہترین فلسفہ بیان کیا گیا۔ آپ چاہتے ہیں کہ آپ ایک اچھے بیٹے بن جائیں۔ آپ نے ماں باپ کی خدمت کرنا شروع کی۔ ان کو کوالٹی ٹائم دیا۔ بھاگ بھاگ کر ان کے کام کرنا شروع کر دیے۔

اس کے بعد آپ نے گول بنایا کہ میں اچھا بھائی بھی بنوں گا۔ آپ نے گھر میں موجود اپنے بہن بھائیوں کو ٹائم دینا شروع کیا ان کے لیے تحائف لے کر آئے۔ اس کے بعد آپ نے پڑوسیوں سے تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کی۔ دوستوں میں بہترین دوست بننے کی کوشش کی۔ ایک اچھا کلاس فیلو ایک اچھا کولیگ بننے کی کوشش کی۔ لیکن پندرہ سے بیس دنوں کے بعد آپ تھک گئے آپ نے کہا کہ یہ میرے بس کی بات نہیں ہے کہ میں ہر رشتے میں اپنے آپ کو بہتر کروں۔

میرے دوستو! آپ ہر رشتے میں اپنے آپ کو بہتر کرنا چاہتے ہیں تو اس کا سب سے آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے آپ کو بہتر کر لیں۔ اسی بچے کی طرح اگر آپ خوش ہوں گے اندر سے مطمئن ہوں گے۔ آپ کی انرجی بھرپور ہوگی تو آپ اچھے بیٹے بھی بنیں گے، اچھے شوہر یا اچھی بیوی بنے گی۔ اچھے بھائی بنیں گے، اچھے کولیگ بنیں گے، اچھے دوست بنیں گے اور اچھے شہری بنیں گے۔

آج سے اپنے آپ پر کام کرنا شروع کریں گے یہ دنیا آپ کو رنگین، خوبصورت اور خوشیوں سے بھری ہوئی نظر آئے گی۔

Check Also

Muhabbat Aur Biyah (1)

By Mojahid Mirza