Heere Moti
ہیرے موتی

آج کے اس کالم میں اپنی ڈائری سے منتخب کردہ کچھ خاص چیزیں آپ کی خدمت میں پیش ہیں۔
1- آنکھ کھلتے ہی بستر سے اس طرح اٹھ کر نہ بھاگو جیسے کسی چیز نے تمیں ڈنک مار دیا ہو۔ سب سے پہلے اس خواب کے بارے میں سوچو جو تم نے دیکھا ہے۔
2- بچہ دو سال میں بولنا سیکھ جاتا ہے اور انسان ساٹھ سال کے بعد جا کر کہیں یہ جان پاتا ہے کہ زبان کیسے بند رکھی جائے۔
3- انسان کو صرف دو صورتوں میں جھکنا چاہیے کسی بہتے ہوئے چشمے سے پیاس بجھانے کے لیے یا پھر کسی شاخ پر کھلا ہوا کوئی پھول توڑنے کے لیے۔
4- جس شخص کو اپنے وطن سے پیار نہ ہو وہ ساری دنیا کی نمائندگی نہیں کر سکتا اس کی مثال اس طرح دے سکتے ہیں کہ ایک شخص اپنے وطن کو چھوڑ کر کسی اور جگہ جا بسا وہیں شادی کر لی اور اپنی ساس کو کہنے لگا میں ساسوں کا احترام کرتا ہوں لیکن ماں تو ماں ہی ہوتی ہے۔
5- باپ کے بنائے ہوئے راستے پر مت چلو۔ اپنی راہ خود نکالو۔
6- کمیونیکیشن کے دوران اس پرنسپل کو سمجھیں کہ جس بات کو آخر میں کہنا چاہیے اس کا ذکر ابتدا میں ہی کر دینا بے محل ہے۔
7- ایک خنجر پر نقش تحریر "نیلام میں ہمہ وقت قید رہنے والے خنجر میں آب باقی نہیں رہتی"۔ بستر پر ہمہ وقت سونے والا سوار اپنی چستی اور پھرتیلا پن کھو بیٹھتا ہے۔
8- لوگو اگر تمہارے پاس کوئی بہتر کام نہیں تو جاؤ، کپڑوں کے فیشن تبدیل کرتے رہو۔
9- اور سچ تو یہ ہے کہ کوئی بیٹا جیتے جی اپنی ماں کے احسانات کا بدلہ چکا ہی نہیں سکتا۔
10- لوگ کہتے ہیں کہ جس شہسوار کے پاس گھوڑا نہ ہو۔ خدا کرے اس کی بیوی اسے دعا دے جائے لوگ کہتے ہیں کہ عقاب کو گھاس کھلانے اور گدھے کو گوشت کھلانے کی کوشش کبھی نہ کرو۔ لوگ کہتے ہیں کہ اگر دیواریں مضبوط نہ ہوں تو خوبصورت سے خوبصورت مکان بھی گر سکتا ہے۔
- اور یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ایک مرغی نے خواب دیکھا کہ وہ عقاب بن گئی ہے وہ ایک چٹان سے اڑی اور نتیجے میں اپنے بازو توڑ بیٹھی۔ ایک نالے نے خواب دیکھا کہ وہ زبردست دریا بن چکا ہے اس نے اپنا پانی ریگستان میں پھیلا دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے خشک ہوگیا۔
(یہ دس سنہری اصول رسول حمزہ توف کی کتاب میرا داغستان سے منتخب کیے گئے)۔
11- زندگی میں کھانے اور سیر کے بارے میں میری سوچ یہ ہےکہ پہلی آفر کو اگر ٹھکرا دیا جائے تو یہ کفران نعمت ہے۔ اس کھانے اور سیر کے لیے پھر بہت دن مزید انتظار کرنا پڑتا ہے۔ وہ اتنا ترسنے کے بعد مل بھی جائے تو اس کا لطف جاتا رہتا ہے۔
12- مرد کی ذہانت اور رکھ رکھاو کا کمال یہ ہے کہ وہ اپنی برتری کا احساس دلا کر عورت کا پیچھا نہ کرے۔
13- مولانا روم نے فرمایا
آؤ اپنی ہستی کو بھول کر بارہا چلے آؤ
مت سوچو کہ کافر ہو کہ بت پرست چلے آؤ
یہ میرا آستانہ، آستانہ نا امیدی نہیں
وہ توبہ بھی جو تم ہزار بار توڑ چُکے ہو
اُسے بھُلا کر چلے آؤ
14- کاروبار اور عشق میں اگر آپ شروع کے ایام میں خطرہ مول لینے سے نہیں ڈرتے تو آپ کی کامیابی اور بربادی دونوں کے امکانات بہت روشن ہوتے ہیں۔
15- سیاستدان ووٹ سے پہلے، آن لائن مال بیچنے والے رقم ملنے سے پہلے اور مرد آپ کے بستر میں گھسنے سے پہلے دنیا کے سب سے با اخلاق اور مہذب انسان ہوتے ہیں۔
16- جس کو تم چاہو کوئی اور نہ چاہے اس کو
اس کو کہتے ہیں محبت میں سیاست کرنا
17- سرکاری ملازمین قبر میں لیٹتے ہوئے بھی رینک اور گریڈز نہیں بھولتے۔
18- میرے نزدیک پیار کی دو نشانیاں یہ ہیں ایک تو پیار کرنے والے کے لیے ایک دوسرے کو دینے کے لیے وقت ہو اور دوسرا وہ ایک دوسرے کے جملے مکمل کرتے ہوں۔
19- پچاس فیصد سے اوپر کی کامیاب شادی میرے نزدیک کوالی فائینگ شادی ہے۔
20- ایک مرتبہ جون ایلیا نے مشتاق احمد یوسفی سے کہا میرے پاس بیس کرتے اور ایک پجامہ ہے یوسفی صاحب کہنے لگے کہ بہتر ہوگا اس ایک تکلف سے بھی جان چھڑا لیں۔
محمد اقبال دیوان کی کتاب " کہڑور پکا کی نیلماں" سے انتخاب۔