Divine Code Aur Speed Learning (5)
ڈیوائن کوڈ اور سپیڈ لرننگ (5)

ڈیوائن کوڈز کی اِس دُنیا کو مزید ایکسپلور کرتے ہیں، کالم کی اِس سیریز کے آخری حصے کو ڈیوائن کوڈ نمبر سِکس سے شروع کرتے ہیں۔ اس نمبر کے لوگ شفیق قابل بھروسہ ہوتے ہیں۔ رحم دل، محبت کرنے والے اور مالی معاملات میں کنجوس۔ بہت زیادہ سنجیدگی شخصیت پر طاری رہتی ہے مقناطیسی کشش رکھنے والوں کا نمبر ہے۔ دوسروں کے دل میں گھر کر لیتے ہیں۔
سچن ٹنڈولکر اور بابراعظم اس نمبر سے تعلق رکھتے ہیں۔ سچن ٹنڈولکرکے کیریئر پر نظر دوڑائیں۔ ساری زندگی لوگوں کی نظر میں رہا۔ ہم نے چار نمبر ڈیوائن کوڈ میں شعیب اختر کا تذکرہ کیا۔ جو شکوہ کرتا ہے کہ میری بالز پر بہت زیادہ کیچز ڈراپ ہوتے ہیں۔ سچن ٹنڈولکر کا کیس اس کے بالکل الٹ ہے۔ سچن کیچز نہ ہونے کی وجہ سے بہت سارے بڑے میچز میں پرفارم کر پایا۔ یعنی قسمت اور شہرت کی دیوی اس نمبر کے لوگوں کے ساتھ ہوتی ہے۔ بابر اعظم بھی اوسط پرفارمنس کے باوجود ہمیں اشتہارات اور لوگوں کے دلوں میں نظر آتا ہے یہ اس نمبر کا کمال ہے۔
اس نمبر کے لوگ بہت اچھے وکیل اور جج بنتے ہیں۔ انصاف پسند ہوتے ہیں۔ ہر چیز دماغ میں واضح ہوتی ہے اس لئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرتے ہیں۔ اچھے پارٹنر ثابت ہوتے ہیں۔ بروقت فیصلہ کرتے ہیں۔ ان کو تجارت کا پیشہ بہت سوٹ کرتا ہے۔ لین دین میں پیسے پیسے کا حساب کرتے ہیں۔ درس و تدریس کے شعبے میں بھی خوب پر فارم کرتے ہیں۔ زراعت، کاشتکاری، پراپرٹی ڈیلر اچھے ثابت ہوتے ہیں۔
درس و تدریس، عورتوں کے سامان کی خرید و فروخت۔ پھلوں کی آڑھت بھی خوب چلاتے ہیں۔ یہ لوگ خوب سوچ سمجھ کر دولت کو خرچ کرتے ہیں۔ کسی کے مقروض بھی نہیں ہوتے۔ دوسروں کو آسانی سے قائل کرکے اپنی چیز بیچ سکتے ہیں۔
کسی کی ماتحتی میں کام پسند نہیں کرتے، آزادی سے اپنا کام کرتے ہیں۔
کمزوریوں کی بات کریں تو ان کے اوپر سنجیدگی اور بیگانگی کی چادر رہتی ہے اس لیے لوگ ان کو پراسرار سمجھتے ہیں۔
بہت زیادہ کنجوس ہوتے ہیں۔ لین دین میں بہت زیادہ سختی کرتے ہیں۔ لچکدار نہیں ہوتے۔ مقاصد بلند رکھتے ہیں لیکن ناکامی کی صورت میں حوصلہ ہار جاتے ہیں۔
کچھ خوبیوں کا تذکرہ ہو جائے ایسی عادات رکھتے ہیں کہ دوسرے ان سے بہت زیادہ محبت کرتے ہیں۔ مضبوط قوت ارادی اور مقناطیسی شخصیت۔ کاروباری پارٹنرشپ کو پسند کرتے ہیں۔ اپنے ملازمین سے اچھا سلوک کرتے ہیں۔ سپورٹس مین ہوتے ہیں۔ تنہائی کو پسند نہیں کرتے بلکہ تنہائی سے خوف کھاتے ہیں۔ قابل اعتماد، مہمان نواز اور متوازن شخصیت کے مالک ہوتے ہیں۔
زیادہ تر صحت ٹھیک رہتی ہے عمر کے آخری حصے میں بھی صحت مند رہتے ہیں۔ دفاعی نظام مضبوط ہوتا ہے انھیں اپنی کمر کا خاص خیال رکھنا چاہیے کہ زیادہ وزن نہ ڈالیں۔ ان کےگردے، ریڑھ کی ہڈی، عضلاتی نظام کمزور ہوتا ہے۔ پھیپھڑوں، آنکھوں اور مثانہ کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ خواتین اپنی خوراک کا خیال رکھیں۔ غلط خوراک کھا کر رحم کی خرابی یا نسوانی تکلیف کا شکار ہو سکتی ہیں۔
ان کی شادی کامیاب اور خوشگوار ہوتی ہے۔ اپنی شریک حیات سے بہت پیار کرتے ہیں۔ سماجی مصروفیت کی وجہ سے گھر کو کم ٹائم دے پاتے ہیں۔ جس کی محبت میں گرفتار ہوں تو آخری سانس تک اس کا دم بھرتے ہیں۔
اس نمبر کی خواتین ضدی اور هٹ دھرم ہوتی ہیں۔ ان کے خاوند کو مالی طور پر مضبوط هونا چاهیے۔ رومان پرور ھوتی ہیں۔ محبوب کے تحفوں کو ساری زندگی دل سے لگا کر رکھتی ہیں۔ مرد کو جلد متوجہ کر لیتی ہیں۔ گھر میں نظم و ضبط رکھتی ہیں۔ بظاہر ٹھنڈی طبیعت۔ لیکن بار بار رونا شروع کر دیتی ہیں۔ ان کے مزاج میں حاکمیت ہوتی ہے۔
اس نمبر کے مشہور لوگوں میں پروین شاکر، شیخ رشید احمد، سعید انور، ملکہ وکٹوریا اور فلم سٹار میرا شامل ہیں۔
***
ڈیوائن کوڈ نمبر سیون کو ہم نے پچھلے کالم میں بیان کیا، اب کوڈ نمبر ایٹ کی بات کرتے ہیں۔ اس نمبر کے لوگ دور اندیش، منصوبہ ساز، انتہائی محنتی، مادہ پرست، آمرانہ سوچ والے، حد سے زیادہ عملی ہوتے ہیں۔ کامیاب اداروں کی ہسٹری لی جائے تو زیادہ تر سربراہان آٹھ نمبر والے ہوں گے زندگی اتار چڑھاؤ میں گزرتی ہے کبھی تخت ہوتے ہیں تو کبھی تختے پر، اکثر کو مرنے کے بعد شہرت ملتی ہے مادیت پرستی کے ساتھ ساتھ روحانیت اور دین سے لگاؤ کا مادہ دونوں پائے جاتے ہیں۔
قدرت اللہ شہاب کی زندگی پر نظر دوڑائیں ان کا نمبر آٹھ تھا۔ بیوروکریسی میں کمال کیا اور روحانیت کے پیچیدہ فلسفوں کو آسان زبان میں پیش کیا۔ ایک اور مثال کرکٹر مرلی دھرن کی ہے۔ انتہائی محنتی کبھی ٹاپ پر اور کبھی باولنگ ایکشن کے تنازع کا شکار۔ موت کے بعد شہرت ملنے کا ایک مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ لوگ ان کو سمجھ نہیں پاتے۔ اس نمبر کے لوگ فیملی سے شدید محبت کرتے ہیں۔ اپنے خاندان بیوی، بچوں کے لیے سخت محنت کرتے ہیں گھر والے انھیں سخت اور سرد سمجھتے ہیں۔ جبکہ یہ حقیقت میں ایسے نہیں ہوتے۔
آٹھ عدد والےکامیاب بیورو کریٹ بن کر ملک وقوم کی خدمت کرتے ہیں۔ قدرت کی طرف سے صلاحیتوں سے مالا مال پیدا ہوتے ہیں۔ یہ لوگ تجارت کے بجائے ملازمت کو ترجیح لیکن دولت حاصل کرنا ان کے اندر فطری ہوتا ہے۔ مادیت پرستی ان کے خمیر میں ہوتی ہے۔
یہ لوگ کاروباری اداروں کو کامیابی سے چلاتے ہیں۔ با اختیار جگہوں پر ان کی پر فارمنس شاندار ہوتی ہے۔ ادارے کے سربراہ کے طور پر نہایت شاندار پر فارم کرتے ہیں۔ اپنے ملازموں سے کام لینے کا فن بخوبی جانتے ہیں۔
زندگی میں تخت یا تختہ کی حالتیں آتی رہتی ہیں، کبھی تو آسان پر کبھی زمین پر۔ ان کے مقدر کی شدت پسندی بعض اوقات کاروبار یا تجارت میں بھی نظر آتی ہے یعنی کبھی تو بہت کا میاب اور کبھی بہت نا کام نظر آتے ہیں۔ ان کو مقابلے کا امتحان دے کر بیورو کریسی میں شامل ہونا چاہئے۔
سیاست، وکالت، کاروبار، بڑی تنظیموں کے سربراہ، رہنما، اثر ورسوخ والے ہوتے ہیں۔ بڑے کھلاڑی جو ہر میدان میں بڑی پر فارمنس دیتے ہیں۔
کمزوریوں کی بات کریں تو مزاج میں آمریت پائی جاتی ہے۔ دوست اور قریبی لوگ دشمن بن جاتے ہیں۔ مادیت پرستی اور لالچ آٹھ نمبر والوں پر حاوی ہوتی ہے۔ چونکہ حد سے زیادہ عملی ہوتے ہیں اس لیے ضروری غور و فکرکے بغیر فیصلہ کر بیٹھتے ہیں اور نقصان اٹھاتے ہیں۔ دوستوں کو حقیر اور خود کو سب سے اعلی سمجھتے ہیں اگر مد مقابل کے پاس ان سے اچھی چیز ہو تو اس پر نظر رکھ لیتے ہیں۔
خوبیوں کا تذکرہ ہو جائے یہ لوگ کاروبار کی جگہ ملازمت کو ترجیح دیتے ہیں بڑی بڑی کمپنیز کے سی ای اوز اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ ہوتے ہیں جیسے ہم نے بیان کیا کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ ہوتا ہے۔ یہ صرف فنانشل معاملات میں نہیں ہوتا بلکہ ایموشنلی بھی موڈ بدلتا رہتا ہے۔ کبھی بہت بااخلاق ہوتے ہیں اور کبھی گالیاں نکالنا شروع کر دیتے ہیں۔ مذہب کے معاملے میں بھی تعصب کا شکار ہو جاتے ہیں۔ معاشرے کے صدیوں پرانے اصولوں کو چیلنج کرتے ہیں۔
اگر ہم آٹھ عدد والوں کا گہرائی میں مطالعہ کرتے ہیں تو ان کی قسمت پر رشک آتا ہے طاقتور دماغ صحت مند جسم اور پھر مقدر کا ستارہ روشن۔ اب اگر یہ دنیا میں کوئی عظیم کام کیے بغیر مر جائیں تو ان پر بہت افسوس ہوتا ہے۔
قدرت کی طرف سے انعام یافتہ ہوتے ہیں۔ دماغی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ جسمانی طور پر تندرست و توانا ہوتے ہیں بچپن میں صحت اچھی نہیں ہوتی لیکن جوانی کے ساتھ ہی جسم بھر جاتا ہے ہڈیاں مضبوط اور گوشت سے بھر جاتی ہیں۔ پھر باقی زندگی صحت مند رہتے ہیں۔ جو شیلے ہوتے ہیں۔ بیمار ہو جائیں تو ہمت نہیں ہارتے۔ کیلشیم کی کمی کی وجہ سے دانتوں کی بیماریاں ہو سکتی ہیں۔ معدے کی گرمی، گلے کے امراض ہو سکتے ہیں اس لیے ٹھنڈے پانی سے پرہیز کرنا چاہیے۔
محبت کا اظہار بھی باوقار سنجیدہ طریقے سے کرتے ہیں ایسےلوگوں سے شادی کرنا پسند کرتے ہیں جو انھیں آگے بڑھنے میں مدد دیں۔ اس لیے امیر شریک حیات پسند کرتے ہیں۔ محبوب کی ذرا سی بے رخی سے بچوں کی طرح روٹھ کر بیٹھ جاتے ہیں۔ دھوکہ، فریب، بے وفائی نہیں کرتے۔ رویے پر سنجیدگی کی چادرتنی رہتی ہے۔
مددگار اور آسانیاں پیدا کرنے والی ہوتی ہیں۔ مادیت پرست ہوتی ہیں۔ دولت سونا چاندی اکٹھا کرنے میں مصروف رہتی ہیں۔ دولت مند شخص سے شادی کرتی ہیں۔ دوسروں پر بہت تنقید کرتی ہیں۔ خود پر تنقید ہو تو بجھ سی جاتی ہیں۔ جوانی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی شرم و حیا کا پیکر بن جاتی ہیں۔ نقاب حجاب اور دستانے لینا شروع کر دیتی ہیں اور شرم و حیا کے پردوں سے تیس سال کے بعد نکلتی ہیں۔ اپنی انرجی بڑے کاموں کے لیے بچا کر رکھتی ہیں۔
مشہور شخصیات میں راشد منہاس، جاوید شیخ، معمر رانا، جی ایم سید، ناصر کاظمی اور جارج برنارڈشا شامل ہیں۔
****
اب آخر میں ڈیوائن کوڈ نمبر نائن کو ایکسپلین کرتے ہیں، اِس پاورفل نمبر کے لوگ بے غرض، آزاد خیال اپنی ذات پر غرور کرنے والے ہوتے ہیں۔ پرانی روح والے کشادہ ذہن مغرور اور جیسے لکھا بے غرض۔
علامہ اقبال اور حکیم محمد سعید کی لائف سے سمجھتے ہیں علم العداد میں نو نمبر سب سے بڑا عدد ہے اور اسے کامل عدد بھی کہا جاتا ہے۔ یہ دونوں اسی ڈیوائن کوڈ سے تعلق رکھتے تھے علامہ اقبال کو مصور پاکستان کہا جاتا ہے۔ بڑا خواب اور کشادہ ذہن ساری زندگی مسلم امہ کے اتحاد کی بات کرتے رہے اور عمل کرنے پر زور دیا۔
کوئی قابل ہو تو ہم شان کئی دیتے ہیں
ڈھونڈنے والوں کو دنیا بھی نئی دیتے ہیں
کئی ایران کے ایک مشہور بادشاہ کا نام تھا اور شعر کے دوسرے حصے میں کولمبس کی امریکہ کی دریافت کی طرف اشارہ ہے۔ یعنی وثرنری انسان تھے۔
حکیم محمد سعید اپنی ذات میں ایک ادارہ۔ اس ایک شخص نے اپنی زندگی میں جتنا کام کیا وہ حیران کرنے والا ہے۔ ہمدرد فاؤنڈیشن کی ایک ایک ایک پروڈکٹ ورطۂ حیرت میں ڈالنے والی ہے اور پھر ہمارے دور کے شاعر منیر نیازی رنگ، خوشبو، موسموں اور رومانس کی باتیں کرنے والے۔
اس عدد کے حامل افراد پیسہ کمانے کا آرٹ بخوبی جانتے ہیں۔ یہ زندگی میں غربت کا شکار کم ہی ہوتے ہیں لیکن جب پیسہ ہاتھ لگ جائے تو شاہ خرچی کے سارے ریکارڈ توڑ دیتے ہیں۔ دوسروں پر فراخ دلی سے پیسہ لٹاتے ہیں۔ کسی کاحق نہیں مارتے اور نہ ہی اپنا حق چھوڑ نا پسند کرتے ہیں۔
جہاں بھی کام کرتے ہیں سلیقہ، خوبصورت فرنیچر، خوبصورت سلوک ان کے اطراف میں نظر آتےہیں۔ اس طرح یہ دوسروں کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ فوج اور کھیلوں کے میدان میں بہت کامیاب ہوتے ہیں۔ انجینئرنگ میں بہت شہرت پاتے ہیں۔ خود مختار ہوتے ہیں اس لئے کسی کے انڈر کام کرنامشکل ہوتا ہے۔ کسی کے ماتحت یا گروپ میں کام کی بجائے خود مختاری، آزادی سے کام کرنا پسند کرتے ہیں۔ عقل مند اور شعوری پختگی کی وجہ سے اچھی طرح جانتے ہیں کام کو پایہ تکمیل تک کس طرح پہنچانا ہے۔ محنتی اور باعمل ہوتے ہیں۔ کئی کاموں کو کامیابی سے کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تجس ان کی فطرت کا حصہ ہوتا ہے۔ دماغی حکمرانی تخلیقی ٹیلنٹ سے لبالب بھرے ہوتے ہیں اس لئے ہر کام میں کامیابی ان کے پاؤں چومتی ہے۔ بیکار نہیں بیٹھتے، ہر وقت کوئی کام کرنا پسند کرتے ہیں۔
اچھی شخصیت، اچھی گفتگو، اچھے دماغ اور محنت کی وجہ سے جس کام میں بھی ہاتھ ڈالیں اس میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اپنی گفتگو سے مد مقابل کو زیر کرنے کا فن بخوبی جانتے ہیں۔ کامیاب لیڈر اور مشیر ثابت ہوتے ہیں۔ ان کے دوست ان کی مشاورت میں فائدہ محسوس کرتے ہیں۔ تخلیقی اور فنکارانہ کاموں میں بہت زیادہ کامیاب ہوتے ہیں۔ پولیس، فوج، پامسٹ، ماہر روحانی علوم، ڈاکٹر، انجینئر، سیاستدان، محقق تصنیف و تالیف، ریسرچ، نفسیات، سراغ رسانی مکینک، کوہ پیمائی، سیاحت میں کامیاب ہوتے ہیں۔ اپنے مزاج اور ٹیلنٹ کو استعمال کر لیں تو ہر کام میں کامیاب ہوتے ہیں۔
کمزوریوں کی بات کریں تو بہت جلدی غصے میں آ جاتے ہیں اور پھر بدتمیزی کے ریکارڈ توڑ دیتے ہیں۔ مقصد سے ہٹ کر غیر ضروری کاموں میں الجھ جاتے ہیں۔ ضرورت سے زیادہ اعتماد اور اپنی ذات کے سحر کی وجہ سے دوسروں سے مشورہ نہیں لیتے۔ پرانی روح اور پرانے خیالات ان کی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ تنقید برداشت نہیں کرتے۔ جلد بازی اور اپنی مرضی کا مالک ہونا بھی بہت بڑی کمزوری ہے۔
کچھ خوبیوں کا تذکرہ ہو جائے ان کا بچپن مشکل ہوتا ہے اس لیے اوائل عمری سے محنت کی عادت پڑ جاتی ہے۔ اس لیے جوانی اور باقی زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنے میں رکاوٹ نہیں ہوتی۔ خود پر بھروسہ کرتے ہیں اس عدد کی سب سے بڑی خوبی ہر ایک کے ساتھ نبھا کر چلنے کی خاصیت ہے۔ جھکنا اور ڈرنا ان کی فطرت میں نہیں ہوتا۔ کاموں کو ادھورا نہیں چھوڑتے۔ حرکت میں برکت کو زندگی پر لاگو کیا ہوتا ہے۔ قوت فیصلہ بھی شاندار ہوتی ہے۔
دل پھینک عاشق مزاج ہوتے ہیں۔ عورت کی حکمرانی کو بالکل پسند نہیں کرتے۔ کامیاب ازدواجی زندگی گزارتے ہیں۔ خوب سے خوب تر کی تلاش میں محبوب بدلتے رہتے ہیں۔ شادی سے پہلے دل پھینک، شادی کے بعد وفاداری سے رشتہ نبھاتے ہیں۔
صحت مند تندرست ہوتے ہیں۔ بہت کم بیمار ہوتے ہیں۔ جب بیمار ہوں تو بیماری اچانک حملہ کرتی ہے۔ اسی طرح اچانک چلی بھی جاتی ہے۔ رسک لیتے ہیں اس لیے ٹوٹ پھوٹ اور حادثات کا شکار ہو سکتے ہیں اگر آپ تیز بائیک چلاتے ہیں ون ویلنگ کرتے ہیں تو چیک کریں آپ کا ڈیوائن کوڈ نائن تو نہیں ہے۔
سپرمین کی طرح کام کرتے ہیں خوب کھاتے ہیں اس لیے معدہ اور دانتوں کے مسائل ہوتے ہیں۔ نظام ہضم بھی اکثر گڑبڑ کرتا ہے۔
خواتین پرکشش ہوتی ہیں۔ مرد ان کی طرف دیوانوں کی طرح کھنچے چلے آتے ہیں ان سے حقارت کا برتاؤ کیا جائے تو آتش فشاں بن جاتی ہیں۔ غلطیاں کرتی جاتی ہیں لیکن ہٹ دھرمی کی وجہ سے تسلیم نہیں کرتی۔ بیکار رہنا پسند نہیں کرتیں۔ باعمل ہوتی ہیں۔ دماغ کے ساتھ جسمانی طور پر مضبوط ہوتی ہیں۔ اگر شریک حیات ان کی مرضی کے مطابق ہو تو اس کی زندگی کو جنت بنا دیتی ہیں حسن و عقل کا حسین ملاپ ہوتی ہیں۔ اس نمبر کی خواتین۔
مشہور شخصیات میں چوہدری شجاعت حسین، کرکٹر محمد یوسف، روز ویلٹ، ڈن بریڈمین اور میاں ثاقب نثار شامل ہیں۔
ڈیوائن کوڈ، سپیڈ لرننگ اور سُپر مائنڈ پروگرامنگ کے حوالے سے میری ایکسکلوسو آن لائن ورکشاپ ا نیس جولائی کو لانچ ہو رہی ہے۔ آپ میرے وٹس ایپ نمبر 03009273773 پر رابطہ کرکے اپنے 09 سے 15 سال کے بچوں کو اس ورکشاپ کا حصہ بنا سکتے ہیں۔
یوں علم الاعداد کی یہ روحانی سیریز اپنے اختتام کو پہنچتی ہے۔ ہر ڈیوائن کوڈ ایک منفرد شخصیت، سوچ، طاقت اور سفر کی نمائندگی کرتا ہے۔ اگر آپ نے اپنا ڈیوائن کوڈ ابھی تک نہیں جانا تو آج ہی اپنی تاریخِ پیدائش کی روشنی میں اپنا کوڈ تلاش کریں اور اپنی شخصیت، کمزوریوں اور خوبیوں کو بہتر انداز میں سمجھیں۔
یاد رکھیں، یہ اعداد صرف نمبرز نہیں، بلکہ کائناتی پیغامات ہیں جو آپ کو اپنے اصل کی طرف بلاتے ہیں۔ اپنے کوڈ کو جانیں خود کو پہچانیں اور اپنی زندگی کو شعور اور مقصد کے ساتھ گزاریں۔
اپنا ڈیوائن کوڈ جانیے، خود کو دریافت کیجیے۔۔

