Divine Code Aur Speed Learning (4)
ڈیوائن کوڈ اور سپیڈ لرننگ (4)

آپ لوگ ڈیوائن کوڈ کی اس سیریز کو پسند کر رہے ہیں اور آگہی کے دروازے آپ پر کھل رہے ہیں، یہ بات حوصلہ افزا ہے۔ ہمارے محبوب قائدِاعظم محمد علی جناح کا ڈیوائن کوڈ سیون تھا، اُن کی زندگی سے اس کوڈ کو سمجھتے ہیں۔
اس نمبر کے لوگ حساس، محتاط، اعلی سوچ اور اعلی شخصیت کے مالک ہوتے ہیں۔ عقلمند ہوتے ہیں اور بڑے خواب دیکھتے ہیں۔ الہامی، روحانی، تجربہ کار، مکمل محنتی۔ قائد اعظم کی ذات میں آپ کو ساری صفات نظر آئیں گی۔ اس نمبر کو کامیابی کا نمبر کہا جاتا ہے۔ لیکن ان کا شادی گھر کمزور ہوتا ہے۔ ان کی شادی اکثر جلد ہو جاتی ہے۔ یا پھر بہت دیر سے ہوتی ہے۔ معمولی بات پر لڑائیاں اور پھر ان کا سالوں پر محیط ہو جانا اور صلح ہونے کی آنکھ مچولی کا چلتے رہنا۔ انھیں اپنے معمولی جھگڑوں کو طول نہیں دینا چاہیے اور شریک حیات کی معمولی غلطیوں کو معاف کر دینا چاہیے۔
قائدِاعظم جیسے جینیئس آدمی کی زندگی سے، اس نمبر سے وابستہ شادی گھر کی باریکیوں کو سمجھتے ہیں۔ محمد علی جناح نے رتی بائی سے محبت کی، رتی بائی، پارسی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں، قائدِاعظم سے عمر میں 24 سال چھوٹی تھیں۔ عمر کا فرق، مذہبی تضاد، خاندانی دباؤ سب کچھ کے باوجود، یہ محبت آگے بڑھی۔ رتی نے اسلام قبول کیا اور 19 اپریل 1918 کو دونوں رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔ ان کا اسلامی نام مریم جناح رکھا گیا۔
لیکن یہ رشتہ جلد ہی کمزور پڑنے لگا۔ قائدِاعظم کا سارا وقت وکالت، سیاست اور قوم کی بیداری میں گزرتا۔ وہ اندر سے بہت حساس، مگر جذبات کے اظہار میں حد درجہ محتاط تھے یہ سب کچھ ڈیوائن کوڈ 7کی علامات ہیں۔
رتی، جنہوں نے محبت کے لیے سب کچھ قربان کیا، جلد ہی جذباتی طور پر تنہا ہونے لگیں۔ خطوں میں انہوں نے اپنی سہیلیوں سے شکوہ کیا کہ "میں ایک عظیم انسان کی بیوی ہوں، مگر میری بات سننے والا کوئی نہیں"۔ جناح اور رتی میں فاصلہ بڑھتا گیا۔ وہ علیحدہ رہنے لگیں۔
اور پھر، صرف 29 برس کی عمر میں، 20 فروری 1929 کو رتی بائی انتقال کر گئیں۔ قائدِاعظم نے تدفین کے وقت کچھ نہ کہا نہ آنکھ سے آنسو نکلا، نہ آواز آئی مگر اُن کے دل کی چیخ سنائی دی کہا جاتا ہے کہ جناح نے اپنی بیوی کو قبر میں دفن نہیں کیا، بلکہ خود کو دفن کر دیا۔
مولانا رومی کے الفاظ میں قائد کی روحانی طاقت
جس چیز کو تم ڈھونڈ رہے ہو۔
وہ بھی تمھیں ڈھونڈ رہی ہے
تم ایک قطرہ نہیں
تم ایک مکمل سمندر ہو
زخم وہ جگہ ہے
جہاں سے روشنی تمھارے اندر داخل ہوتی ہے
رتی کی موت کے بعد جناح کبھی دوبارہ شادی نہ کر سکے۔ ایک بیٹی، دینا جناح، تھی، مگر باپ بیٹی کا رشتہ بھی وقت کے ساتھ ٹوٹتا گیا۔
تو اگر آپ کا ڈیوائن کوڈ سیون ہے، تو شادی کے معاملے میں احتیاط کی ضرورت ہے، ویسے اس نمبر کے لوگ قائد کی طرح شاندار ہوتے ہیں۔ مقناطیسی شخصیت ہوتی ہے۔ عام انسانوں کی نسبت زیادہ خواب آتے ہیں جو حیرت انگیز طور پر سچے ہوتے ہیں۔ اچھے دماغ کی وجہ سے بڑے کاروباری بنتے ہیں۔ طاقتور مقدر کے ساتھ دنیا میں آتے ہیں خوددار ہوتے ہیں کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتے ہیں۔ ریاکاری اور غرور کو پسند نہیں کرتے۔ اپنی بات پر ڈٹ جاتے ہیں۔ کیونکہ حسن پرست ہوتے ہیں اس لئےعجائب گھر، آرٹ گیلریوں میں کامیاب نظر آتے ہیں۔
درس و تدریس کے شعبے میں بہت کامیاب ہوتے ہیں۔ عظیم محقق اور بڑے استاد ثابت ہوتے ہیں۔ سات عدد کے لوگ زیادہ تر ملازم پیشہ ہوتے ہیں لیکن تجارت میں بھی بہت کامیاب ہوتے ہیں۔ تعلیم، سائنس اور دینی تعلیم میں کامیابی کے واضح نقوش چھوڑتے ہیں۔
مزاجاً خود دار ہوتے ہیں اس لئے پیسہ دوسروں پر خرچ کرکے اکثر خالی ہاتھ ہو جاتے ہیں۔ مذہب کے بارے میں عام لوگوں سے مختلف نظریہ ہوتا ہے۔ پرانے قوانین، اصولوں کی جگہ اپنے بنائے قوانین پر چلنا پسند کرتے ہیں۔
روحانی، وجدانی کشفی، الہامی ہونے کی وجہ سے علوم مخفیہ کی طرف بہت رجحان ہوتا ہے اس لئے اچھےپامسٹ آسٹرولوجسٹ بن کر خاصا روپیہ کما سکتے ہیں۔ روحانی ہونے کی وجہ سے بہت خواب دیکھتے ہیں۔ ان خوابوں سے بھی کاروبار کے راستے متعین کرتے ہیں۔ کیونکہ تخیل پرست ہوتے ہیں اس لئے مذہب اور روحانی علوم میں جدت پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
مولانا رومی کی زبان میں اپنے آپ کو جاننے کی اہمیت
"وہ جو اپنے آپ کو جانتا ہے، وہ سب کو جان لیتا ہے
جب روح جاگتی ہے، تو دنیا ایک خواب لگتی ہے
اپنی خاموشی کو آواز بننے دو، کیونکہ دل کی گہرائیوں سے نکلی آواز پوری کائنات کو ہلا دیتی ہے
اپنے دل کی سنو، وہ تمھیں اُن راستوں پر لے جائے گا جن کا عقل کو علم نہیں "
ڈیوائن کوڈ سیون کی کمزوریوں کی بات کریں تو روحانی ہونے کی وجہ سے پراسراریت کے لبادے میں لپٹے رہتے ہیں۔ روحانی ہونے کی وجہ سے یہ خوابوں کی دنیا کے مسافر ہوتے ہیں۔ تکمیل پرست ہوتے ہیں اس لیے عام کامیابی پر خوش نہیں ہوتے۔ یاد رکھیں ہر شخص قائد اعظم نہیں ہوتا۔ کسی بھی کام کو اعلی درجے کا کرنے کے لیے جس شدید محنت کی ضرورت ہوتی ہے وہ محنت نہیں کر پاتے۔
ضرورت سے زیادہ محتاط ہوتے ہیں۔
زیادہ تر صحت مند، چوڑے شانے والے اور لمبے قد کے ہوتے ہیں۔ چونکہ باطنی طور پر حساس ہوتے ہیں اس لیے چھوٹی موٹی بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں۔
مضبوط قوت برداشت ہوتی ہے۔ کسی بیمار کو دیکھ لیں تو حساس طبیعت کی وجہ سے بیماری کا اثر لے لیتے ہیں۔ زیادہ کام کی وجہ سے جوڑوں کا درد، آنکھوں کی بیماریاں اور سر درد ہو سکتا ہے۔
انھیں دل پھینک کہاجاتا ہے بار بارعشق کرتے ہیں جیسا ہم نے لکھا۔ شادی گھر کمزور ہوتا ہے محبوب کی عدم توجہ کو برداشت نہیں کر پاتے۔ اس لیے معمولی ناراضگی کے بعد علحدگی جو بعض اوقات سالوں چلتی ہے۔ بیوی اپنے گھر اور یہ اپنے گھر اس پہلو پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
خواتین خوبصورت ہوتی ہیں ان میں پر اسرار مقناطیسی کشش ہوتی ہے رومانس ان کے پور پور میں ہوتا ہے۔ کامیاب مرد کو پسند کرتی ہیں۔ محبوب یا مرد کے انتخاب میں ظاہری شکل پر نہیں جاتیں۔ بلکہ بااثر، دولت مند، طاقتور مرد کو پسند کرتی ہیں۔ جو زندگی کی ساری آسائشیں اور تحفظ دے سکے۔
دوسروں پر قربان ہونے کا بھرپور جذبہ رکھتی ہیں۔ ایک آئیڈیل بیوی کی صفات ان میں موجود ہوتی ہیں۔ خوابوں کی دنیا میں رہتی ہیں اور سگرٹ نوشی کی طرف راغب ہو سکتی ہیں۔
سات نمبر کی مشہور شخصیات میں وقار یونس، سلیم صافی، مولانا مودودی، ملکہ الزبتھ، حسن عابدی اوریا مقبول جان اور کرنل قذافی شامل ہیں۔
ڈیوائن کوڈ، سپیڈ لرننگ اور سُپر مائنڈ پروگرامنگ کے حوالے سے میری ایکسکلوسو آن لائن ورکشاپ ا نیس جولائی کو لانچ ہو رہی ہے۔ آپ میرے وٹس ایپ نمبر 03009273773 پر رابطہ کرکے اپنے 09 سے 15 سال کے بچوں کو اس ورکشاپ کا حصہ بنا سکتے ہیں۔
ڈیوائن کوڈ 6، 8 اور 9 کو اگلے کالمز میں بیان کریں گے۔
(جاری ہے)

