Wednesday, 28 January 2026
  1.  Home
  2. Blog
  3. Muhammad Saqib
  4. Digital Hamzad

Digital Hamzad

ڈیجیٹل ہمزاد

ہمزاد کی تسخیر ہر دور میں روحانیت کے متلاشی لوگوں کا پسندیدہ عمل رہا ہے۔ انسان کی شعوری اور لاشعوری خواہش ہوتی ہے کہ اُس کے پاس ایسی پُر اسرار طاقت ہو جو اس کی خواہشوں کو پورا کرے اور اُس کے کاموں کو تیزی سے مکمل کرے۔ ہمزاد کی تسخیر میں کامیابی یکسوئی، ارتکاز توجہ اور مراقبہ کے بغیر ممکن نہیں۔ اسی طرح کم کھانا، کم سونا، کم بولنا بھی ضروری ہے۔

آج 2026 میں پاکستان کے مشہور ڈیٹا سائنٹسٹ ڈاکٹر ذیشان عثمانی ہمزاد کی تسخیر کے جیسی ہی طاقت حاصل کرنے کی بات کر رہے تھے ہم بات کر رہے ہیں پچھلے ہفتے ڈاکٹر ذیشان عثمانی کے کراچی میں ہونے والے دو سیشنز کی۔

اجینیٹک اے آئی کے ٹائٹل سے ہونے والے سیشن میں اُنہوں نے اس کو سادہ انداز میں بیان کیا کہ آپ نے اپنا ایک اے آئی اسٹنٹ بنا لیا جو آپ کی شخصیت کے بارے میں مکمل آگا ہی رکھتا ہے۔ آپ نے اُسے ایک شارٹ کمانڈ دی کہ میں اگلے ہفتے بدھ کے دن کراچی سے اسلام آباد جانا چاہتا ہوں میری فلائٹ کی ٹکٹس، ہوٹل کی بکنگ کنفرم کر دو اور اُس کے بعد اسلام آباد میں جس کمپنی سے میٹنگ ہے اُنہیں انفارم کر دو۔

اب روایتی ہمزاد کی طرح۔ اس ڈیجیٹل اسٹنٹ کا کام شروع ہوگا وہ پی آئی اے، ایئر بلیو اور دیگر ایئر لائنز سے رابطہ کرے گا بہترین پرائس پر ٹکٹ خود بک کرائے گا یاد رہے کہ آپ کے کریڈٹ کارڈ کو بھی وہ استعمال کر رہا ہے۔ اُس کے بعد ہوٹل میں بکنگ کروائے گا ور اسلام آباد میں موجود پارٹی کو آپ کی طرف سے ای میل بھی وہ خود ہی کر دے گا۔ جی ہاں یہ اے آئی کا جادو ہے۔

اس سیشن کے بعد میں سوچ رہا تھا کہ ایک ایسا اے آئی اسٹنٹ جو میری ٹریننگ پروگرامز کا اشتہارخود ڈیزائن کرے پھر اسے فیس بک اور انسٹا گرام پر پوسٹ کرے اور سب سے اہم چیز وٹس ایپ پر جو لوگ رابطہ کریں انہیں خود جواب دے اکاؤنٹ نمبرز بتائے فائنل لسٹ تیار کرے اور ہماری ٹیم کے سامنے پیش کردے ہم اتنا ہی کر پائیں تو ہمارا بزنس کم از کم پانچ گنا بڑھ جائے گا۔

اسی طریقے سے ذیشان صاحب نے بتایا کہ آپ بہترین ڈاکٹر سے اپائنٹمنٹ، کوئی قانونی مشورہ۔ اس اسٹنٹ کی مدد سے حاصل کر سکتے ہیں آپ کی میڈیکل کنڈیشن کے مطابق وہ خود ہی شہر کے سب سے بہترین ڈاکٹر سے آپ کے لیے اپائنٹمنٹ بک کرے گا اور اگر آپ پاکستان سے باہر جا کر علاج کروانا چاہیں تو پوری دنیا کے ڈاکٹرز سے رابطہ کرکے بہترین کا انتخاب اس اسٹنٹ کے لیے محض کچھ منٹوں کی مشقت ہے۔

اب ہم پاکستانی اس لیول تک پہنچیں کیسے۔ اس کانسیپٹ کو سمجھنے کے لیے ان کے پہلے سیشن "تھک گئے ہونا" کا تذکرہ کرتے ہیں۔

ڈاکٹر ذیشان نے کہا کہ جس شخص میں تین خوبیاں ہوں اُسے کامیاب ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اس میں سب سے پہلے نمبر پر ڈسپلن ہے۔ کب سونا ہے، کب جاگنا ہے، کس چیز کو کھانے سے ہاتھ روکنا ہے، جو شخص یہ نہیں کر سکتا، وہ کامیاب ہونے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے۔ بل گیٹس کی ٹریننگ بھی اُس پر کوئی اثر نہیں ڈالے گی۔

باقی دو خوبیاں فوکس اور مستقل مزاجی کی بتائیں کہ اگر آپ صرف اٹھارہ منٹ روز پڑھنے کی عادت ڈالیں تو صرف پانچ سالوں میں آپ اپنے ملک کے ٹاپ کے لوگوں میں ہوں گے لیکن شرط یہ ہے کہ آپ نے روز پڑھتا ہے۔

آپ کی شخصیت اور کامیابی کی اینٹیں اسی طریقے سے لگتی ہیں۔

عقاب تیرا پسندیدہ گیت کون سا ہے

"فلک بوس پہاڑیاں اور آ سمانوں کی وسعت"

سمندری مرغابی تو کس چیز کے بارے میں گیت گاتی ہے

"نیلے گہرے سمندر کے بارے میں"

پہاڑی گدھ تیرا من پسند گیت کس چیز سے متعلق ہے

"لاشوں اور مردار سے متعلق جو مجھے بے حد مرغوب ہیں"۔

میرے دوستو آپ کا گیت کون سا ہے؟ جیسا انسان کا گیت ہوتا ہے ویسا ہی اُس کا نصیب ہوتا ہے۔ ذیشان عثمانی صاحب نے ایک شعر پڑھ کر سنایا۔۔

میں آپ ہی ہوں اپنے پیچھے پڑا ہوا
میرا شمار بھی تو مرے دشمنوں میں ہے

ڈاکٹر ذیشان عثمانی کی شخصیت کی بات کریں تو ویژنری انسان ہیں بڑے خواب دیکھتے ہیں اپنی زندگی کی کامیابیوں میں گول سیٹنگ کی اہمیت پر بات کی۔

میں نے جب فیصلہ کیا کہ میں ڈاکٹر صاحب کے ایونٹس اٹینڈ کرکے اُس پر کالم لکھوں تو دوستوں سے رابطہ کیا اور ایونٹس میں شرکت کی دعوت دی خوشگوار حیرت ہوئی کہ میرے حلقہ احباب میں سے نوے فیصد لوگ جانتے تھے کہ وہ پاکستان میں ہیں اور آئندہ کچھ دنوں میں وہ کراچی میں ایونٹس کریں گے۔

ڈاکٹر ذیشان عثمانی صاحب یہ کالم پڑھ رہے ہوں گے۔ احمد فراز کا یہ شعر اُن کے نام۔۔

ایک تو خواب لیے پھرتے ہو گلیوں گلیوں
اس پہ تکرار بھی کرتے ہوئے خریدار کے ساتھ

اور خلیل جبران نے تو گویا دریا کو کوزے میں بند کر دیا

تم نے جب اپنے راز درختوں کے پتوں سے بیان کر دیے
تو ہوا سے شکایت کیسی

درویش شاعر ساغر صدیقی نے بھید کو آسان لفظوں میں بیان کر دیا۔

یہ جو دیوانے سے دو چار نظر آتے ہیں
ان میں کچھ صاحب اسرار نظر آتے ہیں

ہم نے کالم کے شروع میں تسخیر ہمزاد کی بات کی۔ کہتے ہیں، اس میں کامیابی کے لیے صحت مند تندرست جسم، ظاہری و باطنی پاکی صفائی، خود اعتمادی مضبوط قوت فیصلہ، غور و فکر کرنے والا اور رازداری بہت ضروری ہے۔

اسی طرح اجینٹیک اے آئی میں کامیابی بھی انھی اوصاف کا تقاضہ کرتی ہے ڈاکٹر ذیشان نے بتایا کہ میں سخت محنت دہائیوں سے کر رہا ہوں میری نیند پوری نہیں ہوتی۔ کہتے ہیں پاکستان میں کم بولنے والے اور سچ بولنے والے لوگوں کی قلت ہے۔ اس لیے اگر یہ دو اوصاف آپ میں ہیں تو آپ کو ٹاپ پر پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

آپ اپنے دماغ اور باڈی کی سکلز کو سو فیصد استعمال کرنے کے لیے پاکستان میں اپنی نوعیت کی منفرد ورک شاپ NeuroSomatic Practitioner Certification میں اپنی انرولمنٹ کروا سکتے ہیں اسکل ڈویلپمنٹ کونسل سے منظور شدہ یہ ایکسکلوسیو آن لائن ورکشاپ 06 فروری سے شروع ہو رہی ہے۔ مزید تفصیلات آپ میرے وٹس ایپ نمبر 03009273773 پر رابطہ کرکے حاصل کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر ذیشان عثمانی نے 130 سے زیادہ ممالک کا سفر کیا سینکڑوں ٹریننگز لیں ایک تین روزہ ٹریننگ کا احوال بیان کرتے ہوئے بتایا کہ امریکہ میں منعقد ہونے والی اس ٹرینینگ میں انہیں سکھایا گیا کہ سوال کیسےکرتے ہیں۔

اپنی زندگی کی کہانی کو بیانی کرتے ہوئے بتایا کہ تھکن ست رنگی ہوتی ہے۔ ان کے دونوں ایونٹس میں، میں نے مشاہدہ کیا کہ حاضرین کا فوکس مثالی تھا کوئی سیٹی کی آواز نہیں، میرے آس پاس موجود لوگوں میں سے کوئی فریش ہونے کے لیے بھی اٹھ کر نہیں گیا ایسا کیوں ہوا کیونکہ ڈاکٹر صاحب جو کچھ بیان کر رہے تھے وہ کتابی نہیں اصل تھا لوگوں کے دلوں کو ٹچ کر رہا تھا اُن کا پہلا سیشن چونکہ مائنڈ سائنس سے متعلق تھا میں تو اس میں گویا ٹرانس میں چلا گیا کب شروع ہوا، کب ختم ہوا۔ پتا ہی نہیں چلا اس لیے نوٹس بھی مختصر سے لیے۔

کالم کا اختتام ڈاکٹر صاحب کے ایک سوال کے جواب کو بیان کرنے سے کرتا ہوں ایک صاحب نے کیرئر کے بارے میں رہنمائی چاہی۔

ڈاکٹر صاحب نے اُس سے عمر پوچھی۔ جواب ملا اڑتیس سال۔ ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ چالیس سال کے بعد کوئی نئی زبان (کمپیوٹر لینگویج) سیکھنا مشکل ہوتا ہے۔ یعنی اُن کی عمر کے لحاظ سے اُنہیں کیرئیر گائیڈنس دی گئی۔ پاکستان کے کروڑوں نوجوانوں کے لیے اس جواب میں پیغام چھپا ہوا ہے کہ اپنی جوانی کو غنیمت جانتے ہوئے سخت محنت کریں۔

فارسی کی وہ مشہور کہاوت یاد آگئی کہ "کسب کمال کن کہ عزیز جہاں شوی" (اپنے کام میں ایسا کمال پیدا کرو کہ جہاں کوعزیز ہو جاؤ)۔

ڈاکٹر ذیشان عثمانی صاحب کی کراچی میں موجود ٹیم جس کو فیضان اکرم صاحب لیڈ کر رہے تھے اُن کے تعاون کا میں خصوصی مشکور ہوں۔

فیض احمد فیض نے گویا ڈاکٹر ذیشان کو سامنے رکھ کر کہا۔

محبت کرنے والوں کی تجارت بھی انوکھی ہے
منافع چھوڑ دیتے ہیں خسارہ بانٹ لیتے ہیں

اور آخر میں علامہ اقبال۔۔

جن سے مل کر زندگی سے عشق ہو جائے وہ لوگ
آپ نے شاید نہ دیکھے ہوں مگر ایسے بھی ہیں

پس تحریر۔ ڈاکٹر ذیشان عثمانی سے آن لائن رابطے کے بعد کامیابی کے کچھ اور پرنسپلز انہی صفحات پر آپ کے سامنے پیش کریں گے۔

About Muhammad Saqib

Muhammad Saqib is a Mental Health Consultant with over a decade of experience in hypnotherapy, leadership development, mindfulness and emotional intelligence.

He is also a seasoned writer, having authored over 150 columns and a renowned book. Alongside his work as a corporate trainer, he actively researches, compiles and documents the success stories of remarkable Pakistani personalities through the lens of Mind Sciences.

If you know someone with an inspiring story worth sharing, you can refer them to him. Muhammad Saqib will personally interview them to document their journey.

For Mind Sciences Consultation and Sales Training, you can reach him via WhatsApp at 0300-9273773.

Check Also

Lamha e Fikria

By Fatima Faiz