Wednesday, 27 November 2024
  1.  Home
  2. Blog
  3. Mubashir Saleem
  4. Meem Seen Leaks

Meem Seen Leaks

میم سین لیکس

زندگی ریاضی کے فارمولوں کا نام نہیں ہے ہم جانتے ہیں۔ دو جمع دو، چار ہوتے ہیں، لیکن زندگی میں یہ پانچ بھی ہو سکتے اور کبھی تین بھی۔۔

سوشل میڈیا پر موجود لوگوں نے زندگی کو ریاضی کا فارمولا بنا دیا ہے۔۔ اگر یہ کھائیں گے تو یہ ہوگا اور یہ کریں گے تو یہ ہوگا۔ سموسوں پکوڑوں کے نقصات سے بات شروع کرکے ریاضی کے فارموں کا اطلاق سماج پر بھی کرنا شروع کر دیا ہے۔۔

لمبے قد کی لڑکی چھوٹے قد کے لڑکے کے ساتھ خوش رہے گی۔ کالی لڑکی کی کامیاب ازدواجی زندگی کیلئے کالا لڑکا ہی ڈھونڈنا ہوگا۔ اگر لڑکی بتیس سال کی عمر کے بعد بچہ پیدا کرے گی تو وہ معذور ہی ہوگا۔ لڑکی جاب والی ہوگی تو اس کی زندگی سکون سے گزرے گی لڑکا بڑے گھر کا ہو تو لڑکی ہمیشہ چھوٹے گھر کی ہونی چاہیئے۔۔ محبت کی شادی ارینج میرج کی بنسبت زیادہ کامیاب رہتی ہیں۔۔

یعنی دو جمع دو اور چار جمع چار آٹھ ہوتے ہیں۔۔

چائینہ نے سروے کیا کہ ان کی فصلوں کو چڑیا اجاڑ دیتی ہے۔ اور ساٹھ سے ستر کی دھائی میں ان کو مارنے کی مہم چلتی رہی۔ چڑیاں کم ہوئیں تو پتا چلا وہ تو قدرتی کیڑے مار سپرے کا کام کرتی تھیں جس کے کم ہونے سے فصلوں کی بیماریاں بہت بڑھ گئیں۔

ہم آج تک انسانی خلئے کو ٹو ڈی ماڈل کے ساتھ دیکھتے چلے آئے ہیں۔ اور اسکے فنکشن کو اسی ماڈل میں سمجھتے رہے ہیں۔ چند سال پہلے آرٹیفل انٹیلیجنس کی مدد سے جب انسانی خلئے کا تھری ڈی ماڈل بنایا گیا تو اس میں بہت سے نئے انکشاف ملے ہیں۔ جن پر کام ہورھا ہے۔۔ اس سے ایک بات کا تو پتا چلا کہ بیماریوں اور ان کے علاج کے حوالے سے بہت سی پیشن گوئیاں غلط کیوں ثابت ہوتی رہی ہیں۔۔

ہمارے ہاں مکئی کے ایورج پیدوار ستر اسی من سے زیادہ نہیں ہوتی۔ لیکن پچھلے سال جون کی پیدوار ہر کسان کے ڈیڑھ سو من تک نکلی۔ اسی کھاد اسی زمین اسی پانی پر۔ جس پر وہ پہلے سے کاشت کر رہے تھے۔۔ گندم کی پیدوار جو کئی سالوں سے چالیس من سے اوپر نہیں جا رہی تھی اس سال ستر سے اسی من تک آئی ہے۔۔ وہی زمین وہی خوراک وہی پانی۔۔

سٹیفن ہاکنگ اپنی بیماری کے ساتھ چھبیس سال سے زیادہ زندگی نہیں گزار سکتا تھا لیکن وہ چھہتر سال زندہ رھا۔۔

کامیاب ازدواجی زندگی کے حتمی معیار بھی ہم طے نہیں کر سکتے۔ کیونکہ ہر شہر ہر علاقے کی ضرورتیں اور رکھ رکھائو مختلف ہوتا ہے۔۔ میں ایم اے پاس لڑکی کو میٹرک پاس لڑکے کے ساتھ شادی کے پچیس کامیاب سال گزارتے دیکھ چکا ہوں۔ پی ایچ ڈی پروفیسر کو ایف اے پاس لڑکی کے ساتھ کامیاب زندگی گزارتے دیکھا ہے۔۔ محبت کی کہانیوں میں بے جوڑ جوڑے دیکھ کر مجھے سمجھ نہیں آتی کہ ان کو کہاں فٹ کروں۔ گھر سے بھاگ کر شادی کرنے والی اونچے گھر کی لڑکی کو کچے گھر میں پندرہ سال سے بہترین زندگی گزارتے بھی دیکھا ہے اور بنگلوں میں رہنے والے شخص کو کچے گھر کی آٹھویں جماعت پاس لڑکی کے عشق میں گرفتار ہوتے بھی دیکھا ہے۔۔

چھتیس سال کی عمر میں شادی ہونے کے بعد تین صحت مند اور ذہین بچوں کی ماں کو بھی جانتا ہوں۔ اور کزن میرجز سے بھاگ کر برادری سے باہر شادی کرنے والے دو معذور بچوں کے والدین کے دکھ کو بھی جانتا ہوں۔۔

آپ کسی بھی معاملے میں ایک معیار بنا لیں۔۔ اور پھر اپنے ارد گرد معاشرے میں کھوج لگائیں۔ بیسیوں کردار آپکو اس معیار اور اس معیار سے بنے اصولوں کو روندتے نظر آئیں گے۔۔

تو بات سادہ سی ہے زندگی میں دو جمع دو کے ساتھ چار کا نتیجہ امکانات کا نام ہے۔ لیکن وہ پانچ بھی ہو سکتا ہے اور تین بھی۔۔

Check Also

Sultan Tipu Shaheed Se Allama Iqbal Ki Aqeedat (1)

By Rao Manzar Hayat